عالمی کپ: مین آف دی میچ شکھر کی شاندار سنچری، ہندوستان کی آسٹریلیا پر شاندار فتح

شکھر کی شاندار سنچری اور کپتان وارٹ اور نائب کپتان روہت کی نصف سنچریوں اور ياركرمین جسپريت بمراه کی بہترین گیندبازی سے ہندوستان نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 36 رن سے شکست دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لندن: سلامی بلے باز شکھر دھون (117) کی فارم میں واپسی کے بعد شاندار سنچری اور کپتان وراٹ کوہلی (82) اور نائب کپتان روہت شرما (57) کی نصف سنچریوں اور ياركرمین جسپريت بمراه (61 رن پر تین وکٹ) کی بہترین گیندبازی سے ہندوستان نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں اتوار کو 36 رنز سے شکست دی۔

ہندوستان نے 50 اوور میں پانچ وکٹ پر 352 رن کا مضبوط اسکور بنایا جوورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑا ا سکور تھا۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 50 اوور میں 316 رن پر ہی سمٹ گئی۔ دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم ہندوستان کی ورلڈ کپ میں یہ مسلسل دوسری جیت ہے اور اس نے آسٹریلیا سے گزشتہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا بدلہ بھی لیا۔ آسٹریلیا کو اس طرح تین میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


آسٹریلیائی ٹیم ایک وقت دو وکٹ پر 202 رن بناکر اچھی پوزیشن میں تھی لیکن رن رفتار تیز کرنے کے دباؤ میں اس کےوکٹ گرتے چلے گئے۔ سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 56، کپتان آرون فنچ نے 36، اسٹیون اسمتھ نے 69، ایلیکس کیری نے ناٹ آؤٹ 55، عثمان خواجہ نے 42 اور گلین میکسویل نے 28 رن بنائے۔

جسپريت بمراه نے 61 رن پر تین وکٹ لئے جبکہ تیز گیند باز بھونیشور کمار کو تین اور لیگ اسپنر يجویندر چہل کو دو وکٹ ملے۔ فنچ اور مشیل اسٹارک رن آؤٹ ہوئے۔ دھون اپنی سنچری کے لئے پلیئر آف دی میچ بنے۔

ہندوستانی کپتان وراٹ نے اس مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔دونوں سلامی بلے بازوں روہت اور شکھر نے اپنے کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 22.3 اوور میں 127 رن کی بڑی شراکت کی۔شکھر نے فارم میں واپسی کرتے ہوئے 109 گیندوں میں 16 چوکوں کی مدد سے 117 رن بنائے۔


بائیں ہاتھ کے بلے باز 33 سالہ شکھر کی130 میچوں میں یہ 17 ویں ون ڈے سنچری تھی۔ انہوں نے آسٹریلیائی گیندبازی کے سامنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی چیمپئن ٹیم کے گیند بازوں کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہونے دی۔ گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناٹ آوٹ 127 رنز بنانے والے روہت نے نصف سنچری اننگز کھیلی اور 70 گیندوں پر 57 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

32 سالہ روہت کی یہ 42 ویں نصف سنچری تھی۔ دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچری شراکت کے ساتھ آئی سی سی ٹورنامنٹوں میں سب سے زیادہ چھ سنچری شراکت کرنے کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ 121 کے اسکور پر گرا جب روہت کو ناتھن كولٹر نائل نےا یلیکس کیری کے ہاتھوں کیچ کرایا۔


روہت کا وکٹ گرنے کے بعد شکھر نے اپنے کپتان وراٹ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 93 رن جوڑے۔ شکھر اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 37 ویں اوور کی آخری گیند پر مشل اسٹارک کا شکار بنے۔ شکھر کا کیچ متبادل کھلاڑی ناتھن لیون نے لیا۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو لوکیش راہل اور مہندر سنگھ دھونی سے اوپر چوتھے نمبر پر بھیجا گیا تاکہ ٹیم تیزی سے رن جوڑسکے۔ پانڈیا نے اپنا کام بخوبی ادا کرتے ہوئےکچھ شاندار شاٹ کھیلے۔ انہوں نے لیگ اسپنر ایڈم جمپا اور فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی گیند پر چھکے لگائے۔

عالمی نمبر ایک بلے باز وراٹ دوسرے سرے پر جم کر کھیل رہے تھے اور انہوں نے 55 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ یہ وراٹ کی 50 ویں نصف سنچری تھی۔ ہندوستان کی اننگز کے 300 رنز 45.4 اوور میں مکمل ہوئے لیکن 300 رن پورے ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر پانڈیا نے آرون فنچ کو کیچ تھما دیا۔ پانڈیا کا وکٹ کمنز نے لیا۔ پانڈیا نے محض 27 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔


پانڈیا کا وکٹ گرنے کے بعد دھونی میدان پر اترے۔ وراٹ نے 47 ویں اوور کی پہلی گیند پر اسٹارک پر چھکا لگایا جبکہ دھونی نے تیسری گیند پر چوکا مارا۔ 47 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 316 رنز تک پہنچ گیا جو عالمی کپ کی تاریخ میں آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا ا سکور ہے۔

دھونی نے 48 ویں اوور میں مارکس اسٹوينس پر چوکا لگایا اور 49 ویں اوور میں اسٹارک کی پہلی دو گیندوں پر چھکا اور چوکا لگایا۔ 49 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 338 رنز تک پہنچ گیا تھا۔ دھونی آخری اوور کی پہلی گیند پر اسٹوينس کو واپس کیچ دے بیٹھے۔انہوں نے 14 گیندوں پر 27 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ لوکیش راہل نے آنے کے ساتھ ہی چھکا لگایا جبکہ وراٹ اس اوور کی پانچویں گیند پر کمنز کو کیچ دے بیٹھے۔


وراٹ نے 77 گیندوں پر 82 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ہندوستانی کپتان اپنی42 ویں سنچری سے 18 رن دور رہ گئے۔ راہل نے آخری گیند پر چوکا مار کر ہندوستان کے 350 رن مکمل کر لیے۔ ہندوستان نے 352 رن بنائے۔ راہل 11 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹوینس نے 62 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ کمنز، اسٹارک اور نائل کو ایک ایک وکٹ ملا۔

آسٹریلیا نے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 61 رنز کی اچھی شروعات کی جبکہ وارنر اور اسمتھ نے دوسرے وکٹ کے لئے 72 رن جوڑے۔اسمتھ اور خواجہ نے تیسرے وکٹ کے لئے 69 رن کی ساجھےداری کی۔کیری نے 35 گیندوں پر ناٹ آوٹ 55 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ آسٹریلیا کا آخری وکٹ آخری گیند پر گرا اور ہندوستان نے بڑی کامیابی حاصل کی اور ورلڈ کپ کے لئے اپنی دعویداری مضبوطی سے پیش کی جبکہ چیمپئن آسٹریلیا کو اس ہار سے گہرا جھٹکا لگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Jun 2019, 11:38 PM
/* */