ہندوستان نے زمبابوے سے دوسرا ٹی-20 مقابلہ بھی جیتا، سیریز میں 0-2 کو ملی سبقت

ہندوستان کو پہلے بلے بازی کرنے کا موقع ملا تھا اور شریئس ایئر کی ٹیم نے 20 اوورز میں 219 رن بنا ڈالے۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم محض 129 رنوں پر سمٹ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی ٹی-20 ٹیم، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i

ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرے ٹی-20 میچ میں ہندوستان نے 90 رن سے جیت حاصل کر لی۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 219 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ اس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم محض 129 رن پر سمٹ گئی اور میچ 90 رن سے ہار گئی۔ اس مقابلے میں ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ٹاپ آرڈر کو پوری طرح تباہ کر دیا۔ پاور پلے کے اندر ہی 3 اہم بلے بازوں کو پویلین بھیج کر ہندوستان نے میچ پر اپنی مضبوط گرفت بنا لی۔ زمبابوے کی نصف ٹیم محض 65 رن پر آؤٹ ہو گئی۔ اپنا ڈیبیو ٹی-20 بین الاقوامی میچ کھیل رہے نوجوان تیز گیند باز یش ٹھاکر نے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

یش نے برائن بینیٹ کو آؤٹ کرکے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے وکٹوں کا کھاتہ کھولا۔ بینیٹ کریز پر خطرناک نظر آ رہے تھے اور انہوں نے محض 19 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رن کی طوفانی اننگ کھیلی تھی۔ لیکن یش ٹھاکر نے صحیح وقت پر کامیابی حاصل کرکے زمبابوے کی تیز شروعات پر بریک لگا دی۔ پہلا جھٹکا لگنے کے بعد زمبابوے کی اننگز پوری طرح لڑکھڑا گئی۔ پرنس یادو نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو دوسرا جھٹکا دیا۔ انہوں نے بین کرن کو محض 1 رن (5 گیندیں) کے انفرادی اسکور پر پویلین کا راستہ دکھایا۔ اس کے بعد اسپنر روی بشنوئی نے اپنی گگلی میں ڈائیون میئرز کو پھنسایا اور انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ میئرز 9 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 12 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔


ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے زمبابوے کے بلے باز بے بس نظر آئے۔ ٹیم کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر سکندر رضا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ پرنس یادو نے اپنی دھاردار گیند بازی سے رضا کو صفر کے اسکور پر پویلین بھیج کر میچ میں اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔ آخر میں زمبابوے کی پوری ٹیم 129 رن پر سمٹ گئی۔

اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی۔ اشوک شرما کی جگہ یش ٹھاکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پہلے میچ میں فلاپ رہنے والے ابھشیک شرما نے ہندوستان کے لیے پہلے ہی اوور میں دھواں دھار انداز میں شروعات کی، لیکن وہ اس اننگ کو مزید بڑا نہیں بنا سکے اور محض 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ گزشتہ مقابلے میں محض ایک رن پر آؤٹ ہونے والے ابھشیک اچھی لے میں نظر آ رہے تھے، لیکن زیادہ دیر تک میدان پر نہیں ٹھہر سکے۔ ابھشیک کے آؤٹ ہونے کے بعد پہلے میچ کے ہیرو ویبھو سوریہ ونشی نے ٹیم کی کمان سنبھالی۔ اننگ کے تیسرے اوور میں 3 چوکے اور ایک چھکا لگانے کے بعد وہ کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ویبھو نے 9 گیندوں پر 20 رن بنائے۔ ہندوستانی کپتان شریئس ایئر 20 گیندوں پر 25 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ برائن بینیٹ کی گیند پر انہوں نے بریڈ ایونز کو ایک آسان کیچ دے دیا۔


3 وکٹیں گرنے کے بعد ایشان کشن اور تلک ورما نے اننگ کو سنبھالنے کا کام کیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 43 گیندوں پر 94 رن کی شراکت داری ہوئی۔ ایشان کشن نے 44 گیندوں پر شاندار 81 رن کی اننگ کھیلی۔ نیومین نیاموری کی گیند پر برائن بینیٹ نے ان کا کیچ پکڑا۔ تلک ورما نے اپنے ٹی-20 کیریئر کی نویں نصف سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ تلک ورما 29 گیندوں پر 60 رن بنا کر آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کو پانچواں جھٹکا رنکو سنگھ کی صورت میں لگا۔ وہ 8 گیندوں پر 12 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔