آخری لیگ مقابلہ میں جنوبی افریقہ سے شکست کھا کر، آسٹریلیا فہرست میں دوسرے مقام پر

جنوبی افریقہ سے آخری لیگ مقابلہ ہار جانے کے بعد آسٹریلیا کو فہرست میں دوسرے مقام پر کھسکنا پڑا جبکہ ٹیم انڈیا 9 میں سے 7 مقابلہ جیت کر سر فہرست آ گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 45 ویں اور آخری لیگ میچ میں جنوبی افریقہ کے دیئے گئے 326 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا 10 رن سے ہار گئی۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم 315 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ وارنر نے شاندار 122 رن کی اننگز کھیلی جبکہ ایلس کیرے نے 85 رن کا تعاون کیا۔

اس کے علاوہ آسڑیلوی کپتان ایرون فنچ نے 3، عثمان خواجہ نے 18،  اسٹیو اسمتھ نے 7، مارکس اسٹوئنس نے 22 اور گلین میکسویل نے 12 رن کا تعاون کیا۔ ہدف کا دفاع کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی جانب سے رباڈا نے 3، پریٹوریس نے 2 جبکہ عمران طاہر اور کرس مورس نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔


قبل ازیں، اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 326 رن کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقی ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 6 وکٹ پر 325 رن بنائے تھے۔

کپتان فاف ڈوپلیسی نے سنچری جبکہ کوئٹن ڈی کوک اور ڈاسن نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان کی شاندار سنچری میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل رہے۔ انہیں 100 رن کے نجی اسکور پر جیسن بہرنڈوف نے آؤٹ کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈاسن نے 95، ڈی کوک نے 52 اور مارکرم نے 34 رن کی اننگ کھیلی۔

آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک اورناتھن لیون نے 2،2 کمنز اور بہرنڈوف نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔


آخری لیگ مقابلہ ہار جانے کے بعد آسٹریلیا کا پوئنٹ ٹیبل میں دوسرا مقام ہو گیا ہے اور اب سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ فہرست میں تیسرے مقام پر موجود انگلینڈ کی ٹیم سے ہوگا۔ ادھر ہندوستان کی ٹیم سرفہرست آ گئی ہے اور سیمی فائنل اس کا مقابلہ چوتھے مقام والی نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jul 2019, 9:10 AM