عالمی کپ: کیا ناممکن کو ممکن کر پائے گا پاکستان! بنگلہ دیش سے کل مقابلہ

پاکستان کے لئے سیمی فائنل میں پہنچنا ناممکن حد تک مشکل ہے۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں تبھی آگے جا سکتا ہے جب وہ پہلے بلے بازی کرے، 400 رنوں کا اسکور بنائے اور پھر بنگلہ دیش کو 84 رنوں پر آؤٹ کر دے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لندن: پاکستان کو اگر آئی سی سی عالمی کپ 2019 کے سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو اسے جمعہ کے روز لارڈز کے میدان پر بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والے مقابلہ کے دوران ناممکن نظر آنے والے ہدف کو عبور کرنا ہوگا۔

انگلینڈ کی طرف سے نیوزی لینڈ کو ہرائے جانے کے بعد پاکستان کے لئے سیمی فائنل میں پہنچنا ناممکن کی حد تک مشکل ہو گیا ہے۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں تبھی آگے جا سکتا ہے جب وہ پہلے بلے بازی کرے، 400 رنوں کا اسکور بنائے اور پھر بنگلہ دیش کو 84 رنوں پر آؤٹ کر دیں۔


صورت حال کچھ ایسی ہے کہ اگر پاکستان ٹاس ہار جاتا ہے تو وہ سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہو جائے گا اور اگر ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا انتخاب کرتا ہے تو اسے یہ میچ 316 رنوں سے ہر حال میں جیتنا ہوگا۔ یہ جیت کا وہ فرق ہے جسے ون ڈے انٹرنیشل کی تاریخ میں اب تک کوئی بھی ٹیم حاصل نہیں کر سکی ہے۔

اس عالمی کپ میں پاکستان کا اب تک کا سفر تقریباً 1992 کی طرح رہا ہے، فرق بس اتنا ہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم ’ناک آؤٹ‘ سطح تک پہنچ گئی تھی لیکن اس مرتبہ اس کا راستہ بہت ہی مشکل ہے۔


ہندوستان اور آسٹریلیا سے ہار جانے کے بعد پاکستانی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو ہرایا تھا اور خود کو سیمی فائنل کی ریس میں برقرار رکھا۔ اس سب کے باوجود اسے انگلینڈ کے میچوں پر انحصار کرنا تھا۔ اگر انگلینڈ کی ٹیم اپنے آخری دونوں میچ ہار جاتی تو پھر پاکستان کا راستہ صاف ہو جاتا۔ لیکن یہ نہ ہو سکا اور انگلینڈ نے پہلے ہندوستان اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر خود کو فہرست میں تیسرے مقام پر پہنچا دیا اور پاکستان کی ٹیم اس صورت حال میں پہنچ گئی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم نے اس عالمی کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ٹیم سیمی فائنل کی ریس میں نہیں ہے لیکن اس نے اپنے ہر فن مولا کھلاڑی شکیب الحسن کے دم پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے شیدائیوں کو خوشی منانے کا موقع دیا ہے۔


بنگلہ دیش کی ٹیم جیت کے ساتھ عالمی کپ سے الوداع چاہے گی اور اس میں پاکستان کو ہرانے کا مادہ بھی ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں اب کوئی ایسا کرشمہ ہی پہنچا سکتا ہے جو کرکٹ کی تاریخ میں کبھی نہ ہوا ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jul 2019, 7:10 PM