آئی سی سی وَنڈے رینکنگ: شبھمن گل نے بابر اعظم کی بادشاہت ختم کر دی، بنے نمبر 1 بلے باز

شبھمن گل نے آئی سی سی وَنڈے رینکنگ میں 830 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اوّل مقام پر قبضہ کر لیا ہے اور بابر اعظم 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>شبھمن گل، تصویر @BCCI</p></div>

شبھمن گل، تصویر @BCCI

user

قومی آوازبیورو

وَنڈے رینکنگ میں 950 دنوں تک اوّل مقام پر قابض رہنے والے پاکستانی بلے باز بابر اعظم کی بادشاہت ہندوستانی نوجوان بلے باز شبھمن گل نے ختم کر دی ہے۔ 24 سالہ شبھمن نے آئی سی سی وَنڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لیا ہے جو ہندوستانی کرکٹ کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں شبھمن گل کو 830 ریٹنگ پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں اور بابر اعظم 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سلامی بلے باز کوئنٹن ڈیکوک تیسرے، جبکہ ماڈرن ماسٹر کے نام سے مشہور ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گیندبازی کے شعبہ میں بھی ہندوستانی کھلاڑی کو وَنڈے رینکنگ میں اوّل مقام حاصل ہو گیا ہے۔ عالمی کپ میں جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کی خطرناک گیندبازی بھلے ہی دیکھنے کو مل رہی ہے، لیکن وَنڈے رینکنگ میں پہلے مقام پر محمد سراج نے قبضہ کیا ہے۔ کچھ ماہ پہلے بھی انھوں نے پہلا مقام حاصل کیا تھا، لیکن پھر شاہین شاہ آفریدی نے اس پوزیشن پر قبضہ کر لیا تھا۔ اب جو تازہ رینکنگ جاری ہوئی ہے اس میں محمد سراج 709 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کے لیے بری خبر یہ ہے کہ وہ 658 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر چلے گئے ہیں۔ دوسرا مقام جنوبی افریقہ کے اسپن گیندباز کیشو مہاراج کو حاصل ہوا ہے جن کے 694 پوائنٹس ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیائی اسپن گیندباز ایڈم زیمپا 662 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر اور ہندوستانی اسپن گیندباز کلدیپ یادو 661 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر قابض ہیں۔


بہرحال، بابر اعظم 950 دنوں تک وَنڈے میں نمبر 1 بلے باز رہے، لیکن گزشتہ دو سالوں میں کئی بہترین اننگز کھیلنے والے شبھمن گل نے نمبر 1 بلے باز کا تاج اپنے سر پر ڈال لیا ہے۔ شبھمن گل نے 41 وَنڈے میچوں میں 2136 رن بنائے ہیں اور ان کی بلے بازی کا اوسط 61.02 ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ شبھمن کا اسٹرائک ریٹ 100 سے زیادہ کا ہے۔ انھوں نے 6 سنچری اور 11 نصف سنچری بھی بنائی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ شبھمن گل کو اگر وَنڈے رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن پر بنے رہنا ہے تو انھیں عالمی کپ 2023 کے بچے ہوئے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو بابر اعظم پھر سے نمبر 1 بلے باز بن سکتے ہیں۔ دراصل دونوں کے درمیان محض 6 ریٹنگ پوائنٹس کا فرق ہے۔ ایسے میں بابر اعظم نے عالمی کپ کے میچوں میں اچھی بلے بازی کر دی اور شبھمن ایسا نہیں کر سکے تو پھر بابر از سر نو وَنڈے کے نمبر 1 بلے باز بن جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔