انگلینڈ دورہ کے لیے ہندوستانی ٹیم سے ہاردک پانڈیا ہوئے باہر، کوہلی کی واپسی پر بھی آیا اپڈیٹ
انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتہ کیا جا سکتا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ ہاردک اس سیریز میں کھیلیں گے، لیکن اب واضح ہو گیا ہے کہ ہاردک مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف آئندہ ونڈے سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کو شدید جھٹکا لگا ہے۔ اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا فٹنس کے مقررہ معیار پر کھڑے نہیں اتر پائے ہیں، جس کے باعث انہیں انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سابق کپتان وراٹ کوہلی کی فٹنس سے متعلق حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ان کی واپسی کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتہ کیا جا سکتا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ ہاردک اس سیریز میں کھیلیں گے، لیکن اب واضح ہو گیا ہے کہ ہاردک ابھی 50 اوورز کی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔ وہ ابھی تک مسلسل مکمل گیندبازی ورک لوڈ سنبھالنے کی حالت میں نہیں پہنچ پائے ہیں۔ اسی وجہ سے سلیکٹرز نے انہیں انگلینڈ سیریز کے لیے دستیاب نہیں مانا ہے۔
ہاردک بنگلورو واقع بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے سینٹر آف ایکسیلینس میں بحالیٔ صحت (ری ہیب) کے عمل سے گزر رہے تھے۔ آئی پی ایل 2026 کے دوران ممبئی انڈینس کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہیں کمر میں کھنچاؤ (بیک اسپازم) کی شکایت ہوئی تھی، جس کے بعد وہ واپسی کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے ٹریننگ کے دوران 10 اوورز کا مکمل اسپیل بھی کیا تھا، جس سے ان کی واپسی کی امید پیدا ہوئی تھی، لیکن ری ہیب کے دوران ایک اور چوٹ نے انہیں بڑا دھچکا پہنچایا۔
اس سے قبل ہاردک افغانستان کے خلاف ونڈے سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ انہیں کواڈری سیپس (ران کے پٹھے) میں کھنچاؤ کی شکایت ہوئی تھی۔ مانا جا رہا ہے کہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے بڑھائے گئے گیندبازی ورک لوڈ کے سبب یہ نئی چوٹ سامنے آئی۔ ایسے میں ٹیم مینجمنٹ کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی اور انہیں مکمل فٹ ہونے تک آرام دیا جائے گا۔
جہاں ایک طرف ہاردک پانڈیا کو لے کر تشویش بڑھ گئی ہے، وہیں وراٹ کوہلی کے بارے میں مثبت خبر سامنے آئی ہے۔ آئی پی ایل 2026 کے فائنل میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف کھیلتے ہوئے کوہلی کو ہیمسٹرنگ انجری ہوئی تھی، جس کے باعث انہیں افغانستان سیریز سے باہر ہونا پڑا تھا۔ تاہم اب ان کی صحت یابی کا عمل بہتر بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کوہلی 22 جون کو بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلینس میں دوبارہ فٹنس جانچ کے لیے پہنچیں گے۔ ذرائع کے حوالہ سے ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ’’وراٹ کوہلی اپنی ہیمسٹرنگ کی چوٹ سے اچھی طرح صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ابتدائی ری ہیب پروگرام کامیاب رہا ہے اور اب دوبارہ جانچ کے بعد ان کی واپسی کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ آئندہ سال جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ اپنے اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وراٹ کوہلی، روہت شرما اور ہاردک پانڈیا جیسے کھلاڑیوں کا اس بڑے ٹورنامنٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ رہنا نہایت ضروری ہے۔
ہندوستان کا دورۂ انگلینڈ:
یکم جولائی: پہلا ٹی20، چیسٹر لی اسٹریٹ
4 جولائی: دوسرا ٹی20، مانچسٹر
7 جولائی: تیسرا ٹی20، ناٹنگھم
9 جولائی: چوتھا ٹی20، برسٹل
11 جولائی: پانچواں ٹی20، ساؤتھمپٹن
14 جولائی: پہلا ون ڈے، برمنگھم
16 جولائی: دوسرا ون ڈے، کارڈف
19 جولائی: تیسرا ون ڈے، لارڈز
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
