آئی پی ایل 2023 کا آغاز گجرات ٹائٹنس نے فتح کے ساتھ کیا، دلچسپ مقابلے میں چنئی سپر کنگز کی 5 وکٹ سے شکست

آئی پی ایل کے پہلے مقابلے میں چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنس کے سامنے جیت کے لیے 179 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے اس نے 19.2 اوور میں محض 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>گجرات کے سلامی بلے باز شبھمن گل</p></div>

گجرات کے سلامی بلے باز شبھمن گل

user

تنویر

آئی پی ایل کے سولہویں سیزن کا آج زوردار آغاز دیکھنے کو ملا۔ پہلے تو رنگا رنگ افتتاحی تقریب دیکھنے کو ملی، اور پھر گجرات ٹائٹنس بمقابلہ چنئی سپرکنگز میچ میں دلچسپ مقابلہ نظر آیا۔ میچ آخری اوور تک گیا اور نشیب و فراز بھرے اس میچ کو گجرات نے 5 وکٹ سے جیت لیا۔ آئی پی ایل پندرہویں سیزن کی چمپئن ٹیم گجرات کے لیے آئی پی ایل 2023 کا پہلا ہی میچ جیتنا خوش کن ہے، خصوصاً کپتان ہاردک پانڈیا کے لیے یہ جیت بہت اہم اس لیے بھی ہے کیونکہ انھوں نے مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی مضبوط چنئی ٹیم کو شکست دی۔

آج گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر چنئی سپرکنگز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ محمد سمیع نے ڈیوون کانوے کی شکل میں پہلا جھٹکا دے کر ظاہر کر دیا تھا کہ بلے بازی چنئی کے بلے بازوں کے لیے بہت آسان نہیں ہونے والی ہے۔ حالانکہ دوسرا وکٹ معین علی (23 رن) کی شکل میں اس وقت گرا جب ٹیم کا اسکور 5.5 اوور میں 50 رن پہنچ گیا تھا۔ یعنی چنئی سنبھل چکی تھی، لیکن پھر آنے والے بلے بازوں نے کوئی خاص بلے بازی نہیں کی۔ صرف سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڈ ہی تھے جو ایک طرف تیزی کے ساتھ بلے بازی کر رہے تھے۔ انھوں نے 50 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 92 رن بنائے۔ ریتوراج گائیکواڈ کی طوفانی بلے بازی کی بدولت ہی چنئی کی ٹیم 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 178 رن تک پہنچ سکی۔ کپتان دھونی نے آخر میں 7 گیندوں کا سامنا کیا اور تیز طرار 14 رن بنائے۔ امبتای رائیڈو محض 12 رن اور شیوم دوبے محض 19 رن بنا سکے۔ گجرات کی طرف سے گیندبازی میں محمد سمیع، راشد خان اور الزاری جوزف کو 2-2 وکٹ ملے، جبکہ 1 وکٹ جوش لٹل کے حصے میں آیا۔


گجرات کو جیت کے لیے 179 رن کا ہدف ملا تھا۔ اس کا پیچھا کرنے کے لیے جب گجرات کے سلامی بلے باز اترے تو کبھی بھی بیک فٹ پر دکھائی نہیں دیے۔ شروع میں شبھمن گل کچھ دھیمے دکھائی دے رہے تھے لیکن دوسرے سلامی بلے باز ردھیمان ساہا نے تیز اننگ کھیلی۔ انھوں نے 16 گیند میں 25 رن بنائے اور جب آؤٹ ہوئے تو گجرات کا اسکور 3.5 اوور میں 37 رن پہنچ چکا تھا۔ پھر گل کا ساتھ دینے آئے سائی سدرشن نے بھی اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سدرشن 17 گیندوں پر 22 رن بنا کر دوسرے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا زیادہ کچھ نہیں کر پائے کیونکہ وہ محض 8 رن بنا کر ایسے وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور 12.1 اوور میں 111 رن تھا۔

اس درمیان شبھمن گل نے تیز رفتاری اختیار کر لی تھی اور وجئے شنکر (27 رن) کے ساتھ بھی انھوں نے ایک اچھی شراکت داری کی۔ شبھمن گل جب 36 گیندوں پر 63 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 15 اوور میں 138 رن تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب چنئی کو واپسی کا موقع ملا اور اس کے گیندبازوں نے میچ میں واپسی بھی کی، لیکن آخر کے دو اوور میں گجرات کے بلے بازوں نے جیت کو اپنی طرف کھینچ لیا۔ آخر کے 2 اوور میں جب گجرات کو جیت کے لیے 23 رن کی ضرورت تھی، تو راشد خان نے 19ویں اوور کی آخری تین گیندوں پر 10 رن بنا کر میچ کو آسان بنا دیا۔ 19ویں اوور میں مجموعی طور پر 15 رن بنے۔ آخری اوور میں جب 8 رن بنانے تھے تو راہل تیوتیا نے دو لگاتار گیندوں پر چھکا اور چوکا لگا کر گجرات کو فتحیاب کر دیا۔ گجرات نے 19.2 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 182 رن بنا ڈالے۔ چنئی کی طرف سے راجوردھن ہنگرگیکر سب سے کامیاب گیندباز ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوورس میں 36 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ تشار دیشپانڈے اور رویندر جڈیجہ کو ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔