دھونی کے ریٹائرمنٹ پر سلیکٹرز سے رائے لیں گے گنگولی

بی سی سی آئی کے نئے صدر سوربھ گنگولی نے کہا ہے کہ وہ قومی سلیکٹر ز کی کمیٹی کے ارکان سے مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل کے بارے میں ان کی رائے جانیں گے اور اس کے بعد ہی اس معاملے پر اپنی بات رکھیں گے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکتہ: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نئے صدر بننے جا رہے سابق ہندوستانی کپتان سوربھ گنگولی نے کہا ہے کہ وہ قومی سلیکٹر ز کی کمیٹی کے ارکان سے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل کے بارے میں ان کی رائے جانیں گے اور اس کے بعد ہی اس معاملے پر اپنی بات رکھیں گے۔

گنگولی نے صحافیوں سے کہاکہ میں جب 24 اکتوبر کو سلیکٹرز سے ملوں گا تو اس بارے میں ان سے ان کی رائے پوچھوں گا۔ میں یہ جاننے کی کوشش کروں گا کہ سلیکٹر اس بارے میں کیا خیال رکھتے ہیں اور اس کے بعد میں اپنی رائے رکھوں گا۔ بی سی سی آئی صدر کے عہدے کے لئے گنگولی واحد امیدوار ہیں اور 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی کی عام میٹنگ میں ان کے نئے صدر بننے کا اعلان کر دیا جائے گا۔


گنگولی نے بدھ کو ساتھ ہی کہا کہ وہ اس بارے میں دھونی سے بات کریں گے اور پوچھیں گے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ دھونی کیا چاہتے ہیں۔ میں ان سے بھی بات کروں گا اور پوچھوں گا کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور کیا نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہاکہ چونکہ میں اس معاملے میں کہیں بھی نہیں تھا تو یہ معاملہ میرے لئے ابھی تک واضح نہیں تھا۔ لیکن اب میں اس صورت حال میں ہوں کہ اس بارے میں غور کر سکتا ہوں اور اس کے بعد میں اس پر فیصلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سلیکٹرز اور کپتان سے اس بارے میں بات کریں گے۔


قابل ذکر ہے کہ اس سال انگلینڈ میں منعقد ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہارنے کے بعد ہی دھونی میدان میں نظر نہیں آئے ہیں۔ دھونی کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ٹوئنٹی -20 سیریز کے لئے ٹیم میں شامل کرنے کا امکان بھی کم ہی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی -20 سیریز کے لئے ہندستانی ٹیم کا انتخاب 24 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ میں ہو سکتا ہے۔ سلیکٹرز نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے ٹیم کا انتخاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔