اجیت اگرکر کی جگہ سابق کرکٹر پرگیان اوجھا بنائے گئے ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر!

ہندوستانی ٹیم کے چاروں سلیکٹر فی الحال گوہاٹی میں ہیں۔ منگل کو چاروں کی میٹنگ ہوئی اور اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر کن کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا، اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرگیان اوجھا، تصویر یو این آئی
i

اجیت اگرکر کا چیف سلیکٹر کی حیثیت سے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہو گیا ہے۔ بڑی خبر یہ ہے کہ ان کی جگہ پرگیان اوجھا کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ پرگیان اوجھا کو ہندوستانی ٹیم کا عبوری چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے۔ یعنی جب تک اجیت اگرکر کے متبادل کا انتخاب نہیں ہو جاتا، پرگیان ہی چیف سلیکٹر ہوں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پارتھیو پٹیل کو چیف سلیکٹر بنایا جا سکتا ہے۔ حالانکہ کچھ خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پرگیان اوجھا کو بھی اس عہدے پر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کہ اجیت اگرکر کا بی سی سی آئی کے ساتھ معاہدہ 4 اکتوبر کو ختم ہو جائے گا۔

ہندوستانی ٹیم کے چاروں سلیکٹر فی الحال گوہاٹی میں ہیں۔ منگل کو چاروں کی میٹنگ ہوئی اور اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر کن کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا، اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرگیان اوجھا نے اس میٹنگ کی صدارت کی۔ 40 سالہ اوجھا نے ہندوستان کے لیے 24 ٹیسٹ میچوں میں 113 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 18 ونڈے میچوں میں 21 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی-20 میں بھی ان کے نام 6 میچوں میں 10 وکٹیں ہیں۔


16 نومبر 2013 کو پرگیان اوجھا کے کیریئر کا اختتام ہو گیا تھا۔ یہ سچن کا بھی آخری میچ تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میچ میں پرگیان اوجھا پلیئر آف دی میچ بنے تھے۔ انہوں نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم اس میچ کے بعد ان کا ہندوستانی ٹیم میں انتخاب ہی نہیں ہوا۔ تاہم اب یہ سابق کرکٹر ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا۔

واضح رہے کہ اجیت اگرکر 2023 میں ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر بنے اور ان کے دور میں ہندوستان نے 2024 میں ٹی-20 عالمی کپ جیتا، 2025 میں ہندوستانی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی اور 2026 میں ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم نے عالمی کپ جیتا۔ اس کے علاوہ 2023 اور 2025 میں ہندوستان نے ایشیا کپ جیتا اور 2023 کے ایشین گیمز میں ہندوستان نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ 2023 کے عالمی کپ فائنل تک بھی ہندوستانی ٹیم پہنچی۔ انہی کے دور میں روہت اور وراٹ جیسے معروف کھلاڑیوں کے ٹی-20 اور ٹیسٹ کیریئر کا اختتام ہوا۔ مجموعی طور پر اجیت اگرکر نے کئی ایسے فیصلے کیے جو ہندوستانی ٹیم کے مفاد میں رہے۔