وراٹ کوہلی کے میسیج سے جذباتی ہوا ابھرتا کرکٹر محمد اظہر الدین

سید مشتاق علی ٹرافی میں 54 گیندوں پر 137 رن کی طوفانی اننگ کھیلنے والے جارح بلے باز محمد اظہرالدین نے اپنی بلے بازی سے سبھی کو متاثر کیا تھا اور اس کا فائدہ انہیں آئی پی ایل کی نیلامی میں بھی ملا۔

وراٹ کوہلی، تصویر آئی اے این ایس
وراٹ کوہلی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: گزشتہ مہینے ممبئی کے خلاف سید مشتاق علی ٹرافی میں محض 54 گیندوں پر 137 رن کی طوفانی اننگز کھیلنے والے جارح بلے باز محمداظہرالدین نے اپنی بلے بازی سے سبھی کو متاثر کیا تھا جس کا فائدہ انہیں 18 فروری کو آئی پی ایل کی نیلامی میں بھی ملا اور رائل چیلنجر بنگلور (آر سی بی) کی ٹیم نے ان کے بیس پرائس 20 لاکھ میں انہیں خریدا۔ اس کے ساتھ ہی بنگلور کی ٹیم نے کیرالہ کے اس جارح وکٹ کیپر بلے باز اظہرالدین کا وراٹ کوہلی کے ساتھ کھیلنے کے خواب کو بھی پورا کر دیا۔

نیلامی کے بعد محمداظہرالدین اس وقت بے حد جذباتی ہوگئے جب وراٹ کوہلی کا ان کو میسج آیا جس میں ان کی تعریف کی گئی تھی۔ اظہرالدین نے بتایا ’’نیلامی کے دو منٹ بعد وراٹ بھائی کا میسج آیا جس میں لکھا تھا ’ویلکم ٹو آر سی بی‘، آل دی بیسٹ، وراٹ ہیئر۔ اس پیغام نے مجھے کافی جذباتی کر دیا۔ یہ ایسا تھا کہ جس کے بارے میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ وہ مجھے میسج کریں گے‘‘۔


اظہرالدین وراٹ کوہلی کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں، اس پیغام کے بعد وہ کافی جذباتی ہوگئے تھے۔ انہوں نے اسپورٹس کرڈا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’اس پر میں کافی خوش ہوں۔ وراٹ بھائی کو میں کرکٹ آئیکان مانتا ہوں۔ ان کے ساتھ کھیلنے ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے۔ میں ان کی ٹیم کا حصہ بناکر کافی پرجوش اور خوش ہوں۔ انہوں نے اپنی بلے بازی کے سلسلے میں کہا، میں سلامی بلے باز ہوں۔ میں ٹیم کو اچھی شروعات دے سکتا ہوں اور اگر مجھے اچھی شروعات مل جائے تو لمبی اننگز بھی کھیل سکتا ہوں۔ لیکن ساتھ ہی سب سے اہم بات ہے کہ ٹیم کی ضرورت کیا ہے۔ میں ہمیشہ ٹیم کی ضروریات پر نظر رکھوں گا اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق خود کو بدلنے کے لئے تیار رہوں گا۔

واضح رہے کہ کیرالہ کے اس بلے باز نے گزشتہ مہینے صرف 54 گیندوں پر 137 رن کی طوفانی اننگز کھیلی تھی۔ یہ اننگز کی بھی ہندوستانی کھلاڑی کے ٹی 20 میں کھیلی گئی، تیسری سب سے تیز سنچری اننگز ہے۔ اس اننگز کی بدولت کیرالہ نے محض 16 اوور میں ہی 198 رن کا ہدف حاصل کرلیا تھا۔ انہوں نے اپنی اننگ کے دوران 9 چوکے اور اور 11 لمبے چھکے لگائے تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 253.70 رن تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔