کرکٹ عالمی کپ: ٹیم انڈیا کی لگاتار چھٹی فتح، دفاعی چیمپین انگلینڈ کو 100 رنوں سے دی شکست

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم کی فتح کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا اور روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے اپنا چھٹا میچ جیت لیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم کی فتح کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا اور روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے اپنا چھٹا میچ جیت لیا۔ لکھنؤ میں کھیلے گئے اس میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست ہوئی۔

میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 229 رنز بنائے۔ کپتان روہت شرما نے سب سے زیادہ 87 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ سوریہ کمار یادو نے 49 اور کے ایل راہل نے 39 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید کو 2-2 کامیابیاں ملی۔ روہت شرما کو ان کی کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس کے بعد 230 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم شروع سے ہی لڑکھڑاتی نظر آئی اور 129 رنز پر سمٹ گئی۔ جوس بٹلر کی کپتانی میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 34.5 اوورز ہی کھیل سکی۔ لیام لیونگسٹون نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے محمد شامی نے 4 اور جسپریت بمراہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

انڈین ٹیم 6 میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے۔ اب جیت ان کی جگہ مضبوط کر دے گی۔ دوسری جانب انگلینڈ 6 میچوں میں 5 شکستوں کے ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔


ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے 20 سال بعد انگلینڈ کے خلاف جیت درج کی ہے۔ اس سے قبل 2003 کے ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کو 82 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد 3 میچ ہوئے۔ 2011 میں میچ ٹائی ہوا تھا۔ جبکہ 2019 میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔ لیکن اب تیسرے میچ میں بھارت نے شاندار انداز میں کامیابی حاصل کی۔

قبل ازیں، انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے مسکراہٹ کے ساتھ اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ان کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جیتی ہے اور وہ اس میچ کو ایک چیلنج کے طور پر لیتے ہیں جب گیند باز ہدف کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے۔

جاری ورلڈ کپ میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی اٹل بہاری واجپئی ایکانا اسٹیڈیم کی مشکل سرخ مٹی کی پچ پر توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ شبھمن گل (9)، وراٹ کوہلی (0) اور شریاس ایر (4) جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ورلڈ کپ میں یہ پہلا موقع ہے جب وراٹ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ گل اور شریاس کو کرس ووکس نے آؤٹ کیا جبکہ وراٹ کو ڈیوڈ ویلی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ روہت شرما نے سستے میں تین وکٹیں گنوانے کے بعد ہندوستانی اننگز کو بحال کیا، جس میں انہیں کے ایل راہول کا بھرپور ساتھ ملا۔

دونوں بلے بازوں نے ٹیم کے اسکور کو 131 رن تک لے جا کر میچ کو متوازن کر دیا تھا لیکن اس دوران راہول ویلی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں مڈ آن پر کھڑے بریسٹو کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ روہت شرما جو کہ اب تک ایک سرے پر صبر کا مظاہرہ کر رہے تھے، اپنا اعتماد کھو بیٹھے اور اننگز کے 37ویں اوور میں وہ عادل رشید کی گیند کو چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیپ مڈ وکٹ پر کھڑے لیونگ اسٹون کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ورلڈ کپ میں اپنی دوسری سنچری سے محروم روہت نے اپنی نصف سنچری اننگز میں دس چوکے اور تین چھکے لگائے۔


روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آئے رویندر جڈیجہ (8) بھی آج ٹیم کے لیے کچھ خاص نہیں کر سکے۔ وہ عادل رشید کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سات وکٹ پر 187 رن پر لڑکھڑانے کے بعد ہندوستانی اننگز کی امیدیں دھماکہ خیز سوریہ کمار یادو پر ٹکی تھیں، جنہوں نے 49 رن کی اپنی کارآمد اننگز سے ہدف کو چیلنجنگ بنانے کی پوری کوشش کی۔ ویلی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران وہ ڈیپ پوائنٹ پر کیچ ہو گئے۔ محمد شامی (1) اور جسپریت بمراہ (16) آؤٹ ہوئے۔ مقامی لڑکے کلدیپ یادو نو رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔

ورلڈ کپ میں اب تک کھل کر رن دینے والے انگلش گیند بازوں نے ایکانا گراؤنڈ پر شاندار واپسی کی۔ ڈیوڈ ویلی نے 45 رن کے عوض تین جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔