بی جے پی اور ایس پی اب کرکٹ کے میدان پربھی دو دو ہاتھ کریں گی

کھیلوں کو فروغ دینے کے مقصد سے بی جے پی اور ایس پی کی ٹیموں کے درمیان 3 اکتوبر کو گرین پارک میں 16-16 اوور کا دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ملک کی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے والی ریاست اتر پردیش میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اہم اپوزیشن سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے درمیان سیاسی رقابت سب کو معلوم ہے، لیکن اب دونوں پارٹیوں کے ایم ایل اے اور وزراء کرکٹ کی پچ پر ایک دوسرے کو چیلنج پیش کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

دراصل، ملک میں کھیلوں اور جسمانی فٹنس کو فروغ دینے کے مقصد سے بی جے پی اور ایس پی کی ٹیموں کے درمیان 3 اکتوبر کو گرین پارک میں 16-16 اوور کا دوستانہ کرکٹ میچ فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا۔


میچ کے منتظم اور گوچند نگر اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے سریندر میتھانی نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ دوستانہ میچ کی خاصیت یہ ہوگی کہ چار کھلاڑی بی جے پی کے ایس پی ٹیم کو دیے جائیں گے، جبکہ ایس پی کے چار کھلاڑی بی جے پی کی ٹیم کے لئے کھیل کر میچ کو دوستانہ بنائیں گے۔

اس میچ کا افتتاح اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا کریں گے جبکہ کمنٹری مزاحیہ فنکارانو اوستھی کریں گے۔ایم ایل اے نے کہا کہ دوستانہ کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ نوئیڈا میں مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کی قیادت میں ملک کے ممبران پارلیمنٹ اور اتر پردیش کے ایم ایل ایز کی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد انٹراسٹیٹ ممبران اسمبلی کا میچ اتراکھنڈ بمقابلہ اتر پردیش کے ایم ایل ایز کے درمیان دہرادون میں کھیلا جائے گا۔


بی جے پی یوپی الیون کرکٹ ٹیم کی کمان میرٹھ کے ایم ایل اے اور وزیر مملکت برائے توانائی ڈاکٹر سومیندر تومر کے ہاتھ میں ہوگی۔ ایس پی الیون کی باگ ڈور چترکوٹ کے ایم ایل اے رام سنگھ پٹیل سنبھالیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔