ایشیا کپ بھی غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی، ہند-پاک میچ کے لیے کرنا ہوگا انتظار

سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ’’موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس سال جون میں ہونے والے ٹورنامنٹ کو کرانا ممکن نہیں ہے۔‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا بحران کی وجہ سے جہاں کئی ممالک کی معیشت بری طرح سے متاثر ہوئی ہے، وہیں کھیل کے کئی انعقاد پر بھی کورونا وائرس پھیلاؤ کا برا اثر دیکھنے کو ملا ہے۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے جب آئی پی ایل ٹورنامنٹ کو درمیان میں ہی روکنا پڑا اور اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ جون میں ہونے والے ایشیا کپ کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس سال جون میں سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ ٹی-20 ٹورنامنٹ کو کورونا وائرس کے سبب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ’’موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس سال جون میں ہونے والے ٹورنامنٹ کو کرانا ممکن نہیں ہے۔‘‘


واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی-20 ٹورنامنٹ ستمبر 2020 میں ہونا تھا جسے کورونا کے سبب جون 2021 میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ چونکہ کورونا کی رفتار اس وقت کافی تیز ہے، اس لیے ٹورنامنٹ کو مزید آگے بڑھانے کا فیصلہ لیا گیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اسے اب اگلے سال کرایا جائے گا۔ ایشیا کرکٹ کونسل کی جانب سے اس بارے میں فی الحال آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ بہت جلد اس تعلق سے آفیشیل بیان میں سامنے آ جائے گا۔

قابل غور ہے کہ ایشیا کپ ٹی-20 ٹورنامنٹ ملتوی ہونے سے ایک بار پھر ان کرکٹ شیدائیوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے جو ہندوستان اور پاکستان کا میچ دیکھنے کی امید لگائے بیٹھے تھے۔ عرصہ دراز سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات بہتر نہیں ہیں جس کی وجہ سے کرکٹ کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان ایک ساتھ شامل نہیں ہو رہے۔ حالانکہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں شامل ہوتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عالمی کپ میں ہند-پاک کرکٹ ٹیموں کا آمنا سامنا ہوتا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔