کولمبو ٹیسٹ: فالو آن کھیلنے کو مجبور سری لنکائی ٹیم نے دوسری اننگ میں 6 وکٹیں گنوائیں، ہندوستان جیت کے قریب

بدھ کو چوتھے دن کا کھیل بارش کے باعث جلد ختم کر دیا گیا۔ دن کے اختتام تک سری لنکا نے اپنی دوسری اننگ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستانی ٹیم کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں جیت کے انتہائی قریب پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو چوتھے دن کا کھیل بارش کے باعث جلد ختم کر دیا گیا۔ دن کے اختتام تک سری لنکا نے اپنی دوسری اننگ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے ہیں۔ یہاں سے سری لنکا کو صرف 16 رنز کی برتری حاصل ہے۔ ایسے میں ہندوستان میچ کے آخری دن سری لنکائی ٹیم کو جلد آل آؤٹ کر کے جیت کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔

ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگ 9/503 کے اسکور پر ڈکلیئر کردی۔ ہندوستانی ٹیم نے 66 رنز کے مجموعی اسکور تک کے ایل راہل (18) اور یشسوی جیسوال (45) کی وکٹیں گنوا دی تھیں۔ یہاں سے دیودت پڈیکل نے کپتان شبھمن گل کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 120 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ شبھمن 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پڈیکل نے محاذ سنبھالا۔ انہوں نے رویندر جڈیجہ (43) کے ساتھ 74 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ہندوستان کو 281 کے اسکور تک پہنچایا۔ پڈیکل 193 گیندوں پر 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اس اننگ میں 12 چوکے شامل تھے۔


پہلے دن بلے بازی کے دوران زخمی ہوکر ’ریٹائرڈ ہرٹ‘ ہونے والے رشبھ پنت دوسرے دن کے پہلے سیشن میں دوبارہ بلے بازی کے لیے اترے۔ انہوں نے دھرو جوریل کے ساتھ 112 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو 400 کے پار پہنچا دیا۔ پنت ہندوستان کے اسکور میں 63 رنز کا اضافہ کرکے واپس لوٹے، جس کے بعد جوریل نے 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو 503 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پربھات جے سوریہ اور کیشرا نوانتھا نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے جواب میں سری لنکا کی پہلی اننگ 290 رنز پر سمٹ گئی۔ ٹیم نے 35 رنز کے اسکور تک 3 وکٹیں گنوا دی تھیں، جس کے بعد پسندو سوریابندارا نے کامندو مینڈس کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو 100 رنز کے پار پہنچایا۔ کامندو 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ پسندو نے 9 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کا اضافہ کیا۔ اس کے بعد سونل دینوشا نے محاذ سنبھالا۔ انہوں نے کیشرا نوانتھا کے ساتھ 57 رنز، جبکہ لہرو کمارا کے ساتھ 58 رنز کی شراکت داری کی۔ سونل (103) نے ٹیم کو فالو آن سے بچنے کے انتہائی قریب پہنچا دیا، لیکن سری لنکا اس سے صرف 14 رنز پیچھے رہ گیا۔ ہندوستان کے لیے پرسدھ کرشنا اور مانو ستھار نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سارنش جین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ محمد سراج اور رویندر جڈیجہ نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔


ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگ کی بنیاد پر 213 رنز کی برتری حاصل تھی۔ ایسے میں ہندوستان نے میزبان ٹیم کو فالو آن کھیلنے پر مجبور کیا۔ سری لنکائی ٹیم میچ کے چوتھے دن دوبارہ بلے بازی کے لیے اتری اور 5 رنز کے اسکور پر لہرو اڈارا (3) کی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد پسندو سوریابندارا نے ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے کمل مشارا کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 58 رنز، جبکہ کامندو مینڈس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 115 رنز جوڑ کر ٹیم کو اننگز سے شکست کے خطرے سے بچا لیا۔ کامندو مینڈس 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ پسندو نے 11 باؤنڈریز کی مدد سے 92 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کپتان دھننجیہ ڈی سلوا نے ٹیم کے اسکور میں 23 رنز کا تعاون کیا۔

سری لنکا نے دوسری اننگز میں 72.4 اوورس کے کھیل تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے تھے۔ اسی دوران بارش نے میچ میں خلل ڈال دیا، جس کے کچھ دیر بعد اسٹمپس کا اعلان کر دیا گیا۔ ہندوستان کی جانب سے اس اننگ میں مانو ستھار سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے علاوہ پرسدھ کرشنا، محمد سراج، سارنش جین اور رویندر جڈیجہ نے 1-1 وکٹ حاصل کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔