افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میں پہلے ہی دن کپتان گل اور راہل نے بنائی سنچری، گیندبازوں کے چھوٹے پسینے

ہندوستانی ٹیم نے آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ملاں پور کے میدان پر پہلی مرتبہ کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا تھا، اس لیے پچ کا اندازہ کسی کے لیے بھی بہت مشکل تھا۔

<div class="paragraphs"><p>کپتان شبھمن گل اور کے ایل راہل، تصویر ’ایکس‘ @BCCI</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ملاں پور ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے افغانستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 368 رنز بنا لیے ہیں۔ پہلے دن اسٹمپس کے وقت شبھمن گل اور رشبھ پنت کریز پر موجود تھے۔ گل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کر لی، جبکہ کے ایل راہل نے بھی پہلے دن سنچری اسکور کر افغانی گیندبازوں کے پسینے نکال دیے۔

ہندوستانی ٹیم نے آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ملاں پور کے میدان پر پہلی مرتبہ کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا تھا، اس لیے پچ کا اندازہ کسی کے لیے بھی بہت مشکل تھا۔ ایسے میں یشسوی جیسوال 24 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہو گئے، لیکن اس کا فائدہ افغانی گیندباز اٹھا نہیں پائے۔ کے ایل راہل، شبھمن گل اور رشبھ پنت نے بہترین بلے بازی کر ایک بڑے اسکور کی مضبوط بنیاد رکھ دی۔


اپنی اننگ کے دوران شبھمن گل نے بطور ٹیسٹ کپتان ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ انہوں نے کپتانی کرتے ہوئے 15 اننگز میں ایک ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ حالانکہ وہ اس سنگ میل تک سب سے تیزی سے پہنچنے کے معاملے میں سنیل گاوسکر کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے۔ گاوسکر نے بطور کپتان 14 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے، جبکہ وراٹ کوہلی نے یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے 18 اننگز کھیلی تھیں۔

بہرحال، آج سب سے پہلے کے ایل راہل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 12ویں سنچری اسکور کی، لیکن وہ اگلی ہی گیند پر 100 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ راہل اب بطور سلامی بلے باز ہندوستانی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر آ گئے ہیں۔ ہندوستان کے لیے بطور سلامی بلے باز سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں سنیل گاوسکر (33) کے نام ہیں۔ ان کے بعد وریندر سہواگ (22)، مرلی وجے (12) اور پھر کے ایل راہل کا نمبر آتا ہے، جن کی یہ بطور سلامی بلے باز 11ویں ٹیسٹ سنچری تھی۔


دوسری جانب شبھمن گل نے بھی اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 11ویں سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ بطور کپتان یہ ان کی 15 اننگز میں چھٹی سنچری تھی۔ اس معاملے میں وہ سچن تندولکر کے ریکارڈ سے صرف ایک سنچری پیچھے ہیں۔ سچن نے کپتانی کے دوران 7 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی تھیں۔ البتہ بطور کپتان ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کا ریکارڈ وراٹ کوہلی کے نام ہے، جنہوں نے 20 سنچریاں بنائی ہیں۔ رشبھ پنت بھی پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنے ٹیسٹ کریئر کی 19ویں نصف سنچری مکمل کر چکے تھے۔

افغانستان کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ وکٹیں محمد سلیم نے حاصل کی ہیں، جنہوں نے یشسوی جیسوال اور سائی سدرشن کو آؤٹ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ سدرشن سنچری بنانے سے محروم رہ گئے اور 81 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ ضیاء الرحمٰن نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔