نیوزی لینڈ کو 168 رنوں سے شکست دے کر ہندوستان نے ٹی-20 سیریز پر 1-2 سے کیا قبضہ، میچ میں کئی ریکارڈ ٹوٹے

شبھمن گل کی ناٹ آؤٹ 126 رنوں کی طوفانی اننگ کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کی طرف سے ٹی-20 میں سب سے بڑی انفرادی اننگ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>شبھمن گل،&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

شبھمن گل،@BCCI

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی-20 میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں پوری طرح سے ہندوستانی کھلاڑیوں کا دبدبہ رہا اور کئی ریکارڈ ٹوٹے۔ اس میچ میں ہندوستان کو 168 رنوں کی تاریخی فتح حاصل ہوئی اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے اس سیریز پر 1-2 سے قبضہ کر لیا۔

آج کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 234 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ شبھمن گل نے محض 63 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 126 رن بنائے۔ شبھمن گل کی 126 رنوں کی یہ اننگ کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کی طرف سے ٹی-20 میں سب سے بڑی انفرادی اننگ ہے۔


ہندوستان کے دیگر بلے بازوں کی بات کی جائے تو راہل ترپاٹھی نے 22 گیندوں پر 44 رن، سوریہ کمار یادو نے 23 گیندوں پر 24 رن اور کپتان پانڈیا نے 17 گیندوں پر 30 رن کا اہم تعاون پیش کیا۔ صرف ایشان کشن ایسے بلے باز رہے جو محض 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دیپک ہوڈا 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 12.1 اوور میں محض 66 رنوں پر محدود ہو گئی۔ یعنی ہندوستان نے 168 رنوں کی بڑی جیت حاصل کی جو کہ ٹی-20 میں ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل 2018 میں آئرلینڈ کو ہندوستان نے 148 رنوں سے ہرایا تھا۔ اتنا ہی نہیں، نیوزی لینڈ کے لیے ٹی-20 تاریخ میں یہ رنوں کے معاملے میں اس کی سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف 2010 میں 103 رنوں سے شکست ملی تھی۔


بہرحال، نیوزی لینڈ کی طرف سے آج صرف ڈیرل مشیل کچھ حد تک اچھی بلے بازی کر سکے جنھوں نے 25 گیندوں پر 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 35 رن بنائے۔ کپتان مشیل سینٹنر 13 گیندوں پر محض 13 رنوں کی اننگ کھیل سکے۔ بقیہ کوئی بھی بلے باز دوسرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ 4 کھلاڑیوں تو اپنی ٹیم کے لیے ایک بھی رن نہیں بنا سکے۔ گیندبازی کے معاملے میں کپتان پانڈیا سمیت ہندوستان کے سبھی گیندبازوں نے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پانڈیا نے جہاں 4 وکٹ (4 اوور میں 16 رن) لیے وہیں عرشدیپ سنگھ (3 اوور میں 16 رن)، عمران ملک (2.1 اوور میں 9 رن) اور شیوم ماوی (2 اوور میں 12 رن) کو 2-2 وکٹ ملے۔ صرف کلدیپ یادو وکٹ سے محروم رہے جنھوں نے 1 اوور میں 12 رن دیے۔ شبھمن گل کو ان کی طوفانی اور ناٹ آؤٹ 126 رن کے لیے مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا کو دیا گیا جنھوں نے اپنی بلے بازی اور گیندبازی دونوں سے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو مضبوطی فراہم کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔