بارڈر-گواسکر ٹیسٹ سیریز: پہلے دن آسٹریلیائی گیندبازوں کا رہا دبدبہ، ہندوستان کا اسکور 233/6

ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے میچ کی دوسری گیند پر اوپنر پرتھوی شا کو بولڈ کیا اور ہندوستان کو پہلا دھچکا دے دیا۔

 تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ایڈیلیڈ: کپتان وراٹ کوہلی (74) کی نصف سنچری اور چتیشور پجارا (43) کی سدھی ہوئی اننگز کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ کرکٹ کے پہلے دن جمعرات کو ہندوستانی ٹیم لڑکھڑا گئی اور اس نے دن کا کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 89 اووروں میں چھ وکٹ پر 233 رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے وراٹ نے 180 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 74 رن اور پجارا نے 160 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 43 رن بنائے۔ اسٹمپس تک روی چندرن اشون 17 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 15 اور وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا 25 گیندوں میں ایک چوکے کے سہارے 9 رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے میچ کی دوسری گیند پر اوپنر پرتھوی شا کو بولڈ کیا اور ہندوستان کو پہلا دھچکا دیا۔ پرتھی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ پرتھوی کو نوجوان بلے باز شبھمن گل کی جگہ آخری الیون میں شامل کیا گیا لیکن وہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ پہلا دھچکہ لگنے کے بعد مینک اگروال نے پجارا کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لئے 32 رنوں کی شراکت داری کی۔ لیکن مینک بھی کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پیٹ کمنس نے انہیں بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ مینک نے 40 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔


اوپنرز کے سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد وراٹ اور پجارا نے ہندوستانی اننگز کو سنبھالا اور دونوں بلے بازوں نے شروعاتی جھٹکوں سے ابھرکر بریک تک 41 رن بنائے۔ عشائیہ کے بعد پجارا اور وراٹ نے ایک بار پھر سدھی ہوئی اننگز کھیلی اور دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لئے 68 رن کی شراکت داری ہوئی۔ آف اسپینر ناتھن لیون نے چائے کے وقفے سے کچھ دیر قبل پجارا کو مارنس لیبوشین کے ہاتھوں کیچ کراکر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ پجارا کے پویلین لوٹنے کے بعد وراٹ نے نائب کپتان اجنکیا رہانے کے ساتھ مل کر اننگز کو تیزی دینے کی کوشش کی۔

وراٹ نے صبر سے کام لیتے ہوئے اپنی بلے بازی جاری رکھی اور اپنے ٹسٹ کیریر کی 23 ویں نصف سنچری بنالی۔ وراٹ رہانے کے درمیان اچھی شراکت داری ہوئی اور دونوں نے چوتھے وکٹ کے لئے 88 رن جوڑے اور رہانے نے 77 ویں اوور کی آخری گیند پر شاٹ لگایا اور وراٹ کو رن لینے کا اشارہ کیا لیکن رہانے رک گئے اور سنچری کی جانب آہستہ آہستہ بڑھ رہے وراٹ رن آؤٹ ہوگئے۔ وراٹ کا وکٹ ٹیم کے 188 رن کے اسکور پر گرا۔


وراٹ کے پویلین جانے کے بعد ہندوستانی اننگز ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور رہانے بھی زیادہ دیر تک اپنی اننگز آگے نہ بڑھا سکے اور اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ رہانے نے آسٹریلیا اے کے خلاف پریکٹس میچ میں سنچری بنائی تھی لیکن اس مقابلے میں وہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ انہوں نے 92 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رن بنائے۔

دوسرے پریکٹس میچ میں ناٹ آؤٹ سنچری اسکور کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین ہنوما وہاری بھی اپنا جلوہ دکھانے میں ناکام رہے اور سستے میں آؤٹ ہوگئے۔ وہاری کو جوش ہیزل ووڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا گیا۔ انہوں نے 25 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 16 رن بنائے۔ ہندوستان کی پہلی اننگز کو مضبوط اسکور پر پہنچانے کی ذمہ داری اب ساہا اور اشون کے کندھوں پر ہے۔ دونوں بلے باز دوسرے دن زیادہ سے زیادہ رنز بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانا چاہیں گے، جبکہ آسٹریلیائی بالر کی نظریں ہندوستانی ٹیم کی اننگز کو جلد سمیٹنے پر ہوں گی۔


آسٹریلیا کے لئے مشیل اسٹارک نے 19 اووروں میں 49 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیے جبکہ ہیزل ووڈ نے 20 اوورز میں 47 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا، کمنس نے 19 اوورز میں 42 رن پر ایک وکٹ اور لیون نے 21 اوور میں 68 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ . کیمرون گرین نو اووروں میں 15 رن اور مارنس لیبوشین ایک اوور میں تین دیکر خالی رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔