204 رنز کی تاریخی اننگ کھیلنے سے قبل ویبھو سوریہ ونشی نے یوراج سنگھ سے کی تھی بات!

ویبھو سوریہ ونشی نے یو اے ای کے خلاف محض 53 گیندوں میں 204 رنز بنائے۔ اس دوران ان کے بلے سے 28 چھکے نکلے۔ ان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت انڈیا اے نے 250 رنز کا ہدف محض 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>ویبھو سوریہ ونشی، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے منگل (24 نومبر) کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف ایسی یادگار تاریخی اننگ کھیلی کہ کرکٹ کی ریکارڈ بک میں کئی نئے ریکارڈ درج ہو گئے۔ ویبھو سوریہ ونشی نے محض 53 گیندوں میں 204 رنز بنائے۔ اس دوران ان کے بلے سے 28 چھکے نکلے۔ ان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت انڈیا اے نے 250 رنز کا ہدف محض 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس اننگ سے قبل ویبھو نے ہندوستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر یوراج سنگھ سے بات کی تھی اور ان کا مشورہ ان کے کافی کام آیا۔

ویبھو سوریہ ونشی نے تاریخی اننگ کھیلنے کے بعد بتایا کہ میچ سے قبل انہوں نے عظیم کرکٹر یوراج سنگھ کے علاوہ اپنے والد، کوچ اور ایک دوست سے بات کی تھی۔ ویبھو نے یوراج سنگھ کو اپنا آئیڈیل قرار دیا ہے۔ ویبھو نے بتایا کہ انہوں نے یوراج سنگھ سے اپنی بلے بازی کی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔ یوراج نے انہیں کئی تکنیکی باتیں سمجھائیں اور بلے بازی کے حوالے سے کچھ مشورے بھی دیے۔ ویبھو سوریہ ونشی کے مطابق یوراج سنگھ نے کہا تھا کہ اگر وہ 20 گیندیں کھیلتے ہیں تو ان گیندوں کو الگ انداز میں کھیلیں۔ یوراج کا یہ مشورہ ویبھو کے کافی کام آیا۔


ویبھو نے یوراج سنگھ کو اپنا آئیڈیل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوراج سنگھ سے ملنے والے مشوروں کو انہوں نے اپنی بلے بازی میں اپنانے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ ویبھو نے اپنی پرانی غلطیوں کو نہ دہرانے کے لیے اپنے پرانے میچوں کی ویڈیوز بھی دیکھیں۔ انہوں نے ویڈیوز کے ذریعے یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ بلے بازی کے دوران ان سے کہاں غلطیاں ہو رہی تھیں اور پھر ان غلطیوں کو دور کیا۔ ویبھو کی یہ تیاری میدان میں بھی نظر آئی۔ انہوں نے یو اے ای کے گیند بازوں کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے محض 53 گیندوں میں 204 رنز کی تاریخی اننگ کھیلی۔

دوسری جانب ویبھو سوریہ ونشی کے بچپن کے کوچ منیش اوجھا نے ’آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’15 سے 16 سال کی عمر میں ڈبل سنچری بنانا اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ اس لیے آپ جو بھی اعداد و شمار دیکھ رہے ہیں وہ سب اپنے آپ میں ریکارڈ ہیں۔ ویبھو ایسے کھلاڑی ہیں جو صدی میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں۔ سچن تندولکر، وراٹ کوہلی، سنیل گواسکر اور ایم ایس دھونی جیسے کھلاڑی بھی ایسے ہی ہیں، جو کھیل کا رخ بدل دیتے ہیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔