ہندوستانی ٹیم کی تیز گیندبازی کو نئی دھار دینے کے لیے بی سی سی آئی نے ظہیر خان کو دی اہم ذمہ داری
بی سی سی آئی نے چیف فاسٹ بالنگ کوچ کے عہدہ کے لیے 9 فروری کو درخواستیں قبول کرنا شروع کی تھیں، لیکن اب تک ٹرائے کولی کا متبادل نہیں مل سکا ہے۔
بی سی سی آئی نے ہندوستان میں تیز گیند بازی کوئی نئی دھار دینے کی ذمہ داری مایہ ناز سابق تیز گیندباز ظہیر خان کو سونپی ہے۔ ظہیر اب ملک میں تیز گیند بازوں کی ایک نئی نسل تیار کرنے میں مدد کریں گے۔ انہیں ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ بنگلورو میں واقع بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس (سی او ای) میں خصوصی تیز گیند بازی ٹریننگ کیمپ منعقد کروائیں۔
انگریزی روزنامہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق، سینٹر آف ایکسی لینس کے پاس گزشتہ سال دسمبر سے اب تک کوئی چیف فاسٹ بالنگ کوچ نہیں ہے۔ 60 سالہ سابق کوچ ٹرائے کولی کی مدت کار دسمبر میں ختم ہو گئی تھی، جو 4 برس سے سی او ای میں فاسٹ بولنگ کوچ کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔ بی سی سی آئی نے چیف فاسٹ بالنگ کوچ کے عہدہ کے لیے 9 فروری کو درخواستیں قبول کرنا شروع کی تھیں، لیکن اب تک ٹرائے کولی کا متبادل نہیں مل سکا ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ کئی ریاستوں کے کرکٹ ایسوسی ایشنز سے تیز گیند بازوں کے ایک گروپ کو مدعو کیا گیا ہے، جو 28 فروری سے 2 مارچ تک چلنے والے فاسٹ بالنگ کیمپ میں شامل ہوں گے، اور اس ٹریننگ کیمپ کا انعقاد ظہیر خان کی رہنمائی میں ہوگا۔ بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس کے ہیڈ آف کرکٹ وی وی ایس لکشمن نے بھی اس پہل کی حمایت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ظہیر خان کوچنگ کے کردار کو بڑے جوش و خروش سے دیکھتے ہیں۔ وہ لکھنؤ سپر جائنٹس ٹیم میں رہ چکے ہیں اور مانتے ہیں کہ وہ تیز گیند بازوں کی اگلی نسل تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
بہرحال، ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ظہیر خان سینٹر آف ایکسی لینس میں فل ٹائم کوچنگ رول میں آنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ جب بی سی سی آئی نے اس اسامی کا اعلان کیا تھا، تب جاب ڈسکرپشن میں لکھا تھا کہ سینٹر آف ایکسی لینس میں آنے والا بالنگ کوچ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور تیز گیند بازوں کی نئی نسل تیار کرنے میں مدد کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔