ٹی-20 ورلڈ کپ 2028 میں لوٹ آیا بنگلہ دیش، آسٹریلیا نے بھی کیا کوالیفائی
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے میزبان کی حیثیت سے پہلے ہی کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر-8 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو آٹومیٹک کوالیفکیشن مل گئی ہے۔
ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر-8 راؤنڈ کے لیے 8 ٹیموں کے نام طے ہو گئے ہیں اور 12 ٹیموں کا سفر یہیں ختم ہو گیا ہے۔ سپر-8 اسٹیج کے میچ 21 فروری سے کھیلے جائیں گے، جہاں 4 ٹیموں کو سیمی فائنل کا ٹکٹ ملے گا۔ اس درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بڑا اعلان کیا ہے۔ ٹی-20 ورلڈ کپ کا اگلا ایڈیشن 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے 12 ٹیموں کے نام طے ہو گئے ہیں، جبکہ بقیہ 8 ٹیموں کا فیصلہ ’ریجنل کوالیفائیر راؤنڈ‘ سے ہوگا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے، ایسے میں دونوں ٹیموں نے میزبان ہونے کی حیثیت سے پہلے ہی کوالیفائی کر لیا ہے۔ جبکہ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر-8 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو آٹومیٹک کوالیفکیشن مل گئی ہے۔ ہندوستان، پاکستان زمبابوے، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ مجموعی طور پر 9 ٹیموں کو براہ راست ٹی-20 ورلڈ کپ 2028 میں انٹری مل گئی ہے۔
ٹی-20 ورلڈ کپ 2028 کے لیے 3 ٹیمیں آئی سی سی درجہ بندی کی بنیاد پر اپنی جگہ بنائیں گی، جس کی کٹ آف تاریخ 9 مارچ ہے۔ واضح رہے کہ کٹ آف تاریخ سے قبل کوئی بین الاقوامی میچ شیڈول نہیں ہے، ایسے میں رینکنگ میں کوئی تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملے گی۔ فی الحال بنگلہ دیش، افغانستان اور آئرلینڈ اس ریس میں سب سے آگے ہیں اور ان کی جگہ تقریباً پکی ہے، اب 9 مارچ کو آئی سی سی کے اعلان کا انتظار ہے۔
اس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کھیلنے سے محروم رہ جانے والی بنگلہ دیشی ٹیم آئندہ ایڈیشن کا حصہ بننے کے لیے مکمل طور سے تیار ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کا بھی حصہ تھی، لیکن رواں سال جنوری میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ہندوستان میں اپنے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ بی سی بی نے آئی سی سی سے اپیل کی تھی کہ ان کے گروپ میچز سری لنکا یا نیوٹرل وینیو پر شفٹ کیے جائیں، لیکن آئی سی سی نے یہ اپیل ٹھکرا دی تھی اور سیکورٹی کے حوالے سے کسی خطرے کو تسلیم نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا تھا اور اسکاٹ لینڈ کو اس کی جگہ شامل کیا گیا تھا۔ لیکن ٹی-20 ورلڈ کپ 2028 میں حصہ لینے کے لیے اب اسکاٹ لینڈ کو ریجنل کوالیفائر میں کھیلنا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔