آسٹریلیا کے ٹی-20 کپتان ایرون فنچ نے اچانک بین الاقوامی کرکٹ کو کہا الوداع، دنیائے کرکٹ سبھی حیران

ایرون فنچ کی کپتانی میں ہی آسٹریلیا نے پہلی مرتبہ 2021 میں ٹی-20 عالمی کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا، ٹیسٹ اور ونڈے میں فنچ بھلے ہی اچھا مظاہرہ نہیں کر پا رہے تھے، لیکن ٹی-20 میں وہ شاندار تھے۔

<div class="paragraphs"><p>ایرون فنچ</p></div>

ایرون فنچ

user

قومی آوازبیورو

آسٹریلیا کو پہلی بار ٹی-20 عالمی کپ دلانے والے کپتان ایرون فنچ نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ فنچ نے ٹیسٹ اور وَنڈے کرکٹ کھیلنا پہلے ہی چھوڑ دیا تھا، لیکن اب بین الاقوامی کرکٹ کے سبھی فارمیٹ کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ سفید گیند کے خطرناک بلے باز تصور کیے جانے والے فنچ نے اپنے اس فیصلہ سے دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ فنچ نے بھلے ہی ٹیسٹ اور ونڈے میں اپنی بلے بازی سے بہت زیادہ متاثر نہیں کیا، لیکن ٹی-20 میں انھوں نے بہترین مظاہرہ سے آسٹریلیائی ٹیم کو کئی یادگار جیت دلائی۔ فنچ نے آسٹریلیا کے لیے 76 ٹی-20 عالمی کپ میچوں میں ٹیم کی کپتانی کی۔


فنچ کے بین الاقوامی کیریر کی بات کریں تو 5 ٹیسٹ، 146 وَنڈے اور 103 ٹی-20 میچ انھوں نے کھیلے۔ امید کی جا رہی تھی کہ وہ 2024 کے ٹی-20 عالمی کپ میں آسٹریلیائی ٹیم کا حصہ ہوں گے، لیکن فنچ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’مجھے اس بات کا احساس ہے کہ میں اب 2024 کا ٹی-20 عالمی کپ نہیں کھیل پاؤں گا۔ ایسے میں یہ ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے جس سے ٹیم اپنی آگے کی پالیسی پر کام کر سکے۔‘‘

ویسے فنچ نے کرکٹ کو فی الحال مکمل طور پر الوداع نہیں کہا ہے۔ یعنی فنچ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ سے دور ہوئے ہیں، لیکن ٹی-20 کرکٹ فارمیٹ میں لیگ ٹورنامنٹس کا حصہ رہیں گے۔ وہ بگ بیش میں اپنی بلے بازی کا جوہر دکھانا جاری رکھیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */