ایشین گیمز: سیمی فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں سری لنکا کی شرمناک شکست، طلائی تمغہ کے لیے پاکستان سے مقابلہ 3 اکتوبر کو

ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 9.5 اوورس میں محض 45 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی کرکٹ ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستانی مینز کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 کے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 124 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں طلائی تمغہ کے لیے ہندوستان اور پاکستان 3 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مکمل 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 9.5 اوورس میں محض 45 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا پر ہندوستان کی 124 رنز سے شاندار جیت میں ایشان کشن (80 رنز) اور ویبھو سوریہ ونشی (38 رنز) کا اہم تعاون رہا۔

پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ابھیشیک شرما محض 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو تیسرے نبمر پر بلے بازی کرنے اترے سنجو سیمسن بھی 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 7 رن ہی بنا سکے۔ کپتان شریئس ایئر بھی بلے سے کچھ خاص کمال نہیں دکھا پائے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ابھیشیک شرما کے ساتھ اننگ کی شروعات کرنے آئے ویبھو سوریہ ونشی بہترین فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے 21 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 38 رنز کی بہترین اننگ کھیلی۔


3 وکٹ گرنے کے بعد بلے بازی کرنے کے لیے آئے وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن نے دوسری جانب سے مسلسل وکٹ گرنے کے باوجود کریز پر جمے رہے۔ انہوں نے 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 80 رنز کی بہترین ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔ اگر دیگر بلے بازوں کی بات کی جائے تو تلک ورما نے 2، شیوم دوبے نے 3 اور واشنگٹن سندر نے 7 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کے لیے گیند بازی میں تھارندو رتنائیکے اور کپتان ساہان اراچیگے نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری سری لنکا کی ٹیم ہندوستانی گیند بازی کے سامنے بے بس نظر آئی۔ سری لنکا کے ٹاپ 3 بلے باز صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ صرف ایک بلے باز نوانیدو فرنانڈو 15 رنز بنا سکے، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 10 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکا۔ اگر ہندوستانی گیند بازی کی بات کی جائے تو جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ابھیشیک شرما نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں اور واشنگٹن سندر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ 3 سری لنکائی بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ آج کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل مقابلہ میں پاکستان نے بارش سے متاثرہ 13 اوورس کے میچ میں بنگہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔