ایشین گیمز 2026: ہندوستان نے جیتا پہلا ’گولڈ میڈل‘، خواتین کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 147 رنز سے شکست دی

اسمرتی مندھانا نے 45 گیندوں پر 79 رنز کی اننگ میں 7 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ اس دوران انہوں نے اپنے 11000 بین الاقوامی رنز بھی مکمل کیے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی&nbsp;خواتین کرکٹ ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کو پہلا گولڈ میڈل خواتین کرکٹ ٹیم نے دلایا ہے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو 147 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی۔ شفالی ورما (48)، اسمرتی مندھانا (79) اور رچا گھوش (49) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے فائنل میں 216 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا۔ 217 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو اور ایمیشا دلانی نے اننگ کا آغاز کیا، لیکن دونوں پہلی وکٹ کے لیے صرف 18 رنز جوڑ سکیں۔ بلے سے کمال کرنے کے بعد شفالی ورما نے گیند سے بھی تباہی مچائی اور پاور پلے میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے دلانی (3) اور حسینی پریرا (0) کو آؤٹ کیا۔

پاور پلے ختم ہونے کے بعد اگلے ہی اوور میں دیپتی شرما نے سری لنکا کی سب سے اہم وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے چماری اٹاپٹو کو کیچ آؤٹ کرایا۔ اٹا پٹو نے 21 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ اس کے اگلے ہی اوور میں شرینکا پاٹل نے ہرشیتا مادھوی (0) کو آؤٹ کر دیا۔ ہنسما کرونارتنے (1) کی صورت میں سری لنکا کی پانچویں وکٹ 49 رنز کے اسکور پر گری۔ 49 کے اسکور پر ہی سری لنکا نے چھٹی وکٹ کاویشا دلہاری (11) کی شکل میں گنوائی، جنہیں دیپتی شرما نے اپنا شکار بنایا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 15.4 اوورز میں صرف 69 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما نے 3، شفالی ورما، شرینکا پاٹل اور شری چرنی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔


ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو شفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز دلایا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 99 رنز بنائے۔ شفالی اپنی نصف سنچری سے صرف 2 رنز سے محروم رہ گئیں۔ انہوں نے 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ اسمرتی مندھانا نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ سنچری کی جانب بڑھ رہی تھیں، لیکن سگندھیکا نے 79 رنز پر ان کی اننگ ختم کر دی۔ مندھانا نے 45 گیندوں پر 79 رنز کی اننگ میں 7 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ اس دوران انہوں نے اپنے 11000 بین الاقوامی رنز بھی مکمل کیے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔ کپتان ہرمن پریت کور نے 17 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔

اسمرتی مندھانا جب آؤٹ ہوئیں تو 16.5 اوورز میں ہندوستان کا اسکور 163 رنز تھا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان 200 رنز کا ہندسہ چھو نہیں پائے گا، لیکن رچا گھوش کی طوفانی اننگ کی بدولت ہندوستان نے 216 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کر دیا۔ صرف آخری اوور میں ہی 25 رنز بنے، جس میں رچا نے 2 چھکے لگائے۔ رچا نے 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 49 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے سگندیکا کماری، کاویشا دلہاری اور چامودی پربودا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔