ایشیا کپ 2026: بنگلہ دیش کو 40 رنوں سے شکست دے کر ہندوستان کی خاتون ٹیم فائنل میں داخل
مشکل اور سست پچ پر جہاں باقی تمام ہندوستانی بلے باز رن بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے، وہیں شیفالی ورما نے بنگلہ دیشی گیندبازی کی جم کر خبر لی۔

’ویمنس ایشیا کپ 2026‘ کے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے اپنا دبدبہ برقرار رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو چاروں خانے چت کر دیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے 40 رنوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس یکطرفہ جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کی تاریخ میں مسلسل 10ویں مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے اس ٹورنامنٹ کے ہر ایڈیشن میں فائنل تک پہنچنے کا ریکارڈ بھی برقرار رکھا ہے۔
10 ستمبر کو کھیلے گئے اس مقابلہ میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے سلامی بلے باز شیفالی ورما کی نصف سنچری کے دم پر 20 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنوں کا اسکور کھڑا کیا۔ مشکل اور سست پچ پر جہاں باقی تمام ہندوستانی بلے باز رن بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے، وہیں شیفالی ورما نے بنگلہ دیشی گیندبازی کی جم کر خبر لی۔ شیفالی نے صرف 40 گیندوں میں 64 رن بنائے، جس میں 7 زبردست چوکے اور 3 چھکے شامل رہے۔
سرفہرست 4 ہندوستانی بلے بازوں میں باقی تینوں کا اسٹرائیک ریٹ 100 سے بھی کم رہا، جبکہ شیفالی نے 160 کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بناتے ہوئے گیندبازوں پر دباؤ بنایا۔ اس دوران شیفالی کے 3 کیچ بھی چھوٹے۔ اس کے علاوہ پرتیکا راول نے 20 رن اور وکٹ کیپر رچا گھوش نے 16 گیندوں پر 21 رنوں کا مفید تعاون دیا۔ کپتان ہرمن پریت کور بھی 28 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 24 رن بنانے میں کامیاب رہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے لیے سلطانہ خاتون نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رابیہ خان، ناہیدہ اختر اور معروفہ اختر کو 1-1 کامیابی ملی۔
150 رنوں کے ہدف کے جواب میں بنگلہ دیش کی شروعات کافی خراب رہی۔ ٹیم نے پاور پلے میں صرف 26 رن جوڑے اور ایک وکٹ گنوائی۔ اس کے بعد ٹیم مقابلے میں واپسی ہی نہیں کر سکی اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 109 رن ہی بنا سکی۔ اس دوران دیپتی شرما ہندوستان کی سب سے کامیاب گیندباز رہیں۔ انہوں نے 4 اوورز میں 26 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نندنی شرما نے 2 وکٹیں لی، جبکہ شری چرنی اور پریما راوت کو 1-1 کامیابی ملی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
