اکشرپٹیل اور سی ایس کے کا ایک ممبر کورونا سے متاثر، دس روز رہیں گے باہر

اکشر گزشتہ 28 مارچ کو کوروناٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کے بعد ٹیم میں شامل ہوئے تھے، لیکن دوبارہ ہوئے ٹیسٹ میں وہ وائرس سے متاثر پائے گئے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

آئی پی ایل کے 14 واں سیزن شروع ہونے میں جب ایک ہفتہ سے بھی کم وقت بچاہے اور ایسے میں دہلی کیپٹلس اور چنئی سپرکنگز ( سی ایس کے) کے سامنے خطرہ پیداہوگیا ہے۔

دراصل دہلی کیپٹلس کے اسٹارآل راونڈر اکشرپٹیل اور سی ایس کے کا اسٹاف ممبر کورونا متاثرپایا گیا ہے۔ اکشر گزشتہ 28 مارچ کو کوروناٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کے بعد ٹیم میں شامل ہوئے تھے، لیکن دوبارہ ہوئے ٹیسٹ میں وہ وائرس سے متاثر پائے گئے۔ فی الحال انہیں طبی نگرانی کے تحت رکھاگیا ہے اور وہ کم ازکم دس روز تک ایکشن سے باہر رہیں گے۔ دہلی کے آل راونڈر اکشر 10 اپریل کو چنئی سپرکنگز کے خلاف ہونے والے دہلی کے پہلے مقابلے سے باہرہوگئے ہیں۔


وہیں سی ایس کے کی کنٹنٹ ٹیم کا ایک ممبر بھی کورونا سے متاثرپایاگیا ہے جو فی الحال آئسولیشن میں ہے۔ سی ایس کے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کاشی وشوناتھ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ممبر کھلاڑیوں یا کسی بھی اسسٹنٹ ملازمین کے رابطے میں نہیں تھا اور کوروناٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے سے پہلے بھی الگ رہ رہاتھا۔

فرنچائزیوں کے علاوہ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم کے کئی گراونڈورکروں کے بھی کورونا سے متاثر پائے جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں، حالانکہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن ( ایم سی اے) کے ذرائع نے یہ کہتے ہوئے ان خبروں کو مستردکیا ہے کہ بعد میں گراونڈاسٹاف منفی آیا تھا، لیکن ممبئی میں جوحالات ہیں اس کے حساب سے آئی پی ایل کے اس سیشن کے پہلے پندرہ روز میں 10 میچوں کی میزبانی کرناتھوڑا سنگین ہوسکتا ہے، کیونکہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی ریاست میں دوبارہ لاک ڈاون لگنے کے امکان کو خارج نہیں کیا ہے۔


بی سی سی آئی ابھی تک کورونا سے پیدا اس بحران کے تعلق سے فرنچائزز تک نہیں پہنچ پایاہے، لیکن حکام اس کے متبادل پر غورکررہے ہیں۔ تفصیلی معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق بی سی سی آئی نے مثبت پائے جانے والے کھلاڑی/ عہدیدار / عملے کے لئے دس روز کا قرنطینہ اور کارڈک اسکریننگ کا عمل مقررکیا ہے۔ متاثرہ شخص کو خودبائیو ببل سے باہر مخصوص علاقے میں خود کو نہ صرف آئیسولیٹ کرکے رکھنا ہوگا بلکہ کوئی جسمانی ورزش بھی نہیں کرنی ہوگی۔ یہ متاثرہ شخص ٹیم کے بائیوببل اسی وقت واپس آسکتا ہے جب اس کا نویں یا دسویں دن لیا جانے والا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ منفی آئےاور ایسے شخص کو کارڈک اسکریننگ بھی کرانی پڑے گی اس کے بعد ہی وہ کسی طرح کی ٹیم کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکے گا۔

اکشراپنا دس روز کا آئیسولیشن 12 اپریل کو مکمل کریں گے۔ دہلی کا دوسرا میچ 15 اپریل کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز کے خلاف کھیلا جانا ہے۔ 27 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر نے پچھلے سیزن میں دہلی کے لئے 15 میچ کھیلے اور 117 رنز بنانے کے علاوہ 9 وکٹ بھی حاصل کئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔