اجیت اگرکر کی مدت کار میں ہوگی توسیع: 2027 ورلڈ کپ تک ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر برقرار رہنے کا امکان!
اجیت اگرکر جون 2023 سے مردوں کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں، اور ان کے دور اقتدار میں ہندوستان نے 3 آئی سی سی خطاب جیتے ہیں، جس میں 2 ٹی-20 ورلڈ کپ اور ایک چمپئنز ٹرافی شامل ہے۔

گزشتہ دنوں ایک رپورٹ آئی تھی کہ ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے اپنے کنٹریکٹ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب اگرکر نے بی سی سی آئی سے اس طرح کی درخواست کی ہو، وہ پہلے بھی اپنا کنٹریکٹ بڑھوا چکے ہیں۔ فی الحال ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ان کا کنٹریکٹ جون 2026 تک ہے، لیکن اب خبر ہے کہ بی سی سی آئی ان کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کرنے والا ہے۔ ایسی صورت میں وہ 2027 کے ورلڈ کپ تک ٹیم انڈیا کے چیف سلیکٹر بنے رہیں گے۔
’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق اگرکر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کر کے اسے جون 2027 تک بڑھا دیا جائے گا۔ چونکہ اگلے سال اکتوبر اور نومبر میں 50 اوورس کا ورلڈ کپ کھیلا جانا ہے، اس لیے بی سی سی آئی اگرکر کو طویل عرصے تک اپنے ساتھ برقرار رکھنا چاہتا ہے، جو سخت فیصلے لینے کے لیے مشہور ہیں۔
بی سی سی آئی کے ایک افسر نے کہا کہ ’’اگرکر کے دور میں ٹیم میں تبدیلی کا عمل بہت آسانی سے ہوا اور وہ بلا خوف بڑے فیصلے لیتے رہے ہیں۔ بورڈ کو محسوس ہوا کہ انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنا چاہیے۔ بی سی سی آئی کے عہدیداران آئی پی ایل میچوں کے دوران ان سے بات کر کے انہیں تازہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔‘‘ بورڈ تسلسل اور تجربہ چاہتا تھا، خاص طور پر اس لیے کہ 2 سلیکٹرس، آر پی سنگھ اور پرگیان اوجھا کو ابھی اس کام میں اپنا ایک سال مکمل کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اگرکر کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی نے رواں سال کے آغاز میں اپنی سرزمین پر ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ایشان کشن کو واپس بلانے اور شبھمن گل کو ٹیم سے باہر کرنے کا بڑا فیصلہ لیا۔ ایشان کشن نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو خطاب دلانے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔ آنے والے وقت میں ہندوستان کو ٹی 20 ٹیم کے لیے نئے کپتان کا انتخاب بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
اجیت اگرکر جون 2023 سے مردوں کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں، اور ان کے دور اقتدار میں ہندوستان نے 3 آئی سی سی خطاب جیتے ہیں، جس میں 2 ٹی-20 ورلڈ کپ اور ایک چمپئنز ٹرافی شامل ہے۔ حالانکہ ٹیسٹ میچوں کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے ہیں، ہندوستان کو اپنی سرزمین پر لگاتار 2 سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور بارڈر-گواسکر ٹرافی میں بھی اسے بیرون ملک ناکامی ملی ہے۔ ان کی مدت کار کے دوران ہندوستان نے ٹیسٹ، وَنڈے اور ٹی-20 تینوں ہی فارمیٹس میں تبدیلی کا دور دیکھا ہے۔ روہت شرما، روی چندرن اشون اور وراٹ کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں نے کم از کم ایک فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ جہاں کوہلی اور روہت اب بھی ونڈے کھیلتے ہیں، وہیں اشون نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔