ہندوستان کو تیسرے وَنڈے میں شکست دے کر آسٹریلیا سیریز پر 1-2 سے قابض، رینکنگ میں نمبر وَن پوزیشن پر بھی قبضہ

آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 49 اوورس میں 269 رن بنائے تھے، جواب میں ہندوستانی ٹیم 49.1 اوورس میں محض 248 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی، اس طرح آسٹریلیا نے یہ میچ 21 رنوں سے جیت لیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین وَنڈے میچوں کی سیریز کا آج تیسرا اور آخری مقابلہ کھیلا گیا جس میں آسٹریلیائی ٹیم کو جیت حاصل ہوئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز پر 1-2 سے قبضہ بھی کر لیا۔ آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 49 اوورس میں 269 رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 49.1 اوورس میں محض 248 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح آسٹریلیا نے یہ میچ 21 رنوں سے جیت لیا۔ آج ملی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے صرف سیریز ہی نہیں گنوایا، بلکہ وَنڈے رینکنگ میں اپنی نمبر وَن پوزیشن سے بھی ہاتھ دھو دیا۔ اب رینکنگ میں پہلا مقام آسٹریلیا کے پاس ہے۔ ویسے آسٹریلیا اور ہندوستان دونوں ہی ٹیموں کے 113 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، لیکن اعشاریہ کے نمبر دیکھے جائیں تو آسٹریلیا بہتر حالت میں ہے، اس لیے وہ پہلے پوزیشن پر قابض ہو گئی ہے۔

آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مشیل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے ٹیم کو اچھی شروعات دی اور پہلے وکٹ کے لیے 68 رن جوڑے۔ پھر جیسے ہی یہ جوڑی ٹوٹی، آسٹریلیائی اننگ بکھرنی شروع ہو گئی۔ ہاردک پانڈیا نے پہلے ہیڈ (33 رن) کو آؤٹ کر آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا، پھر اسٹیو اسمتھ (صفر) کو بھی جلدی ہی آؤٹ کر دیا اور مارش (47 رن) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد کلدیپ نے ڈیوڈ وارنر (23 رن)، مارنس لابوشین (28 رن) اور ایلیکس کیری (38 رن) کو پویلین بھیج کر آسٹریلیا کو مشکل میں ڈال دیا۔ اسٹوئنس (25 رن) اور سین ایبوٹ (26 رن) کو اکشر پٹیل نے، جبکہ ایشٹن ایگر (17 رن) اور مشیل اسٹارک (10 رن) کو محمد سراج نے کیچ آؤٹ کرایا۔ ان چھوٹی چھوٹی لیکن اہم پاریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کو جیت کے لیے 270 رنوں کا ہدف دیا۔


جب ہندوستانی بلے بازی شروع ہوئی تو سب کچھ اچھا معلوم پڑ رہا تھا اور ہندوستانی کپتان روہت شرما طوفانی بلے بازی کر رہے تھے۔ پھر ایک پل شاٹ لگانے کی کوشش میں روہت شرما (30 رن) باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 9.1 اوور میں 65 رن تھا۔ پھر جلد ہی شبھمن گل (37 رن) بھی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل کے درمیان اچھی شراکت داری ہوئی۔ ٹیم مضبوط پوزیشن میں نظر آ رہی تھی، لیکن تبھی کے ایل راہل ایڈم جیمپا کی گیند پر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 32 رنوں کا تعاون کیا اور جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 27.5 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر 146 رن تھا۔ یہاں سے ہندوستانی اننگ لڑکھڑا گئی اور وقفہ وقفہ پر وکٹ گرتے گئے۔ اکشر پٹیل (2 رن)، وراٹ کوہلی (54 رن)، ہاردک پانڈیا (40 رن)، سوریہ کمار یادو (صفر)، رویندر جڈیجہ (18 رن) کا وکٹ 45.1 اوورس میں 225 رن تک گر چکا تھا اور میچ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہو چکی تھی۔ آخر میں محمد سمیع کچھ اچھے شاٹ لگائے، لیکن وہ جیت کے لیے کافی نہیں تھے۔ سمیع نے 10 گیندوں میں 14 رنوں کا تعاون دیا، جبکہ کلدیپ یادو 6 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد سراج 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پوری ٹیم 49.1 اوور میں 248 رن پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ 4 وکٹ ایڈم زیمپا نے لیے جنھیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ مشیل مارش کو ملا جنھوں نے اس سیریز میں 194 رن بنائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔