چیمپئنز ٹرافی 2025: آسٹریلیا سیمی فائنل میں، افغانستان کی امیدیں معدوم!
افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم رہ گئے ہیں۔ انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا، جو بظاہر مشکل لگ رہا ہے۔ آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے

Getty Images
لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ-بی کے ایک اہم مقابلے میں آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا، جس کے بعد افغانستان کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا تھا۔ تاہم بارش کے باعث کھیل 12.5 اوور کے بعد روک دیا گیا، جب آسٹریلیا ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنا چکا تھا۔ اس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور پوائنٹس تقسیم کر دیے گئے، جس کے ساتھ ہی آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ میں ٹریوس ہیڈ نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ اسٹیو اسمتھ 22 گیندوں پر 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے واحد وکٹ عظمت اللہ عمرزئی نے حاصل کی۔
اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 273 رنز بنائے تھے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 67 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ صدیق اللہ عطل نے 85 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشئیس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایڈم زیمپا اور اسپینسر جانسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کے اب تین پوائنٹس ہیں اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے انگلینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف بڑے مارجن سے جیت کی ضرورت ہے۔ اگر انگلینڈ ہفتے کو جنوبی افریقہ کو بھاری فرق سے ہراتا ہے تو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے تین تین پوائنٹس ہو جائیں گے اور نیٹ رن ریٹ پر سیمی فائنل کا فیصلہ ہوگا۔ تاہم جنوبی افریقہ کا نیٹ رن ریٹ (+2.140) افغانستان (-0.990) سے کہیں بہتر ہے، جس کے باعث افغانستان کی امیدیں تقریباً دم توڑ چکی ہیں۔
سیمی فائنل کی صورتِ حال
گروپ-بی میں آسٹریلیا 4 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ جنوبی افریقہ کے دو میچز میں 3 پوائنٹس ہیں، جبکہ افغانستان کے تین میچز میں 3 پوائنٹس ہیں، مگر کمزور نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے اس کی راہ مشکل ہو چکی ہے۔ انگلینڈ تین میچز ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔ گروپ-اے سے پہلے ہی ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
افغانستان کیسے سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
اگر جنوبی افریقی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز بناتی ہے، تو انگلینڈ کو یہ ہدف 11.1 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔ دوسری صورت میں اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرکے 300 رنز بناتا ہے، تو جنوبی افریقہ کو کم از کم 207 رنز سے ہارنا ہوگا، تبھی افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔
افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کمزور ہیں، کیونکہ انگلینڈ کا اتنے بڑے مارجن سے جیتنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ افغان شائقین کے لیے اب واحد راستہ دعا ہی بچا ہے کہ کرکٹ میں کوئی بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔