دکھاوے کے ہندو بھائی چارے کی حقیقت...اشوک سوین

بالندر شاہ کے ہندوستان میں مذہبی علامتوں اور خیرسگالی کا اظہار تو ہوا، لیکن سرحدی تنازعات، فضائی رسائی، تجارت اور اسٹریٹجک خودمختاری جیسے مسائل حل نہیں ہوئے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں رکاوٹ ہیں

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i

جب نیپال کے وزیر اعظم بالندر شاہ نے نریندر مودی کو مقدس رودراکش اور شالیگرام (نیپال کی دریائے کالی گنڈکی کے بالائی علاقے میں پائے جانے والے فوسل پتھر، جسے ہندو عقیدت مند انتہائی مقدس مانتے ہیں) پیش کیا اور مودی نے جواب میں انہیں گنگا جل دیا، تو دونوں رہنما اپنے ممالک کے درمیان تہذیبی اور مذہبی رشتوں کو نمایاں کر رہے تھے۔ رام کی جائے پیدائش ایودھیا کو سیتا کی جائے پیدائش جنک پور سے جوڑنے والی ٹرین کا افتتاح بھی اسی پیغام کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش تھی۔ لیکن ان سوچے سمجھے علامتی اقدامات سے الگ، 22 اور 23 نومبر کو بالندر شاہ کے اس دورے سے ان سیاسی اور جغرافیائی سیاسی حقیقتوں میں شاید ہی کوئی تبدیلی آئی، جو برسوں سے ہندوستان اور نیپال کے تعلقات میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔

مودی کے لیے بالندر شاہ کی میزبانی کرنا ایک سیاسی ضرورت تھی۔ ریپر سے سیاست دان بننے والے بالندر شاہ نیپال کی قیادت کی اس نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں، جسے نئی دہلی بہت کم سمجھتی ہے اور جس پر اس کا اثر بھی محدود ہے۔ نیپال کے روایتی سیاسی طبقے کے خلاف نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والی عوامی تحریک کے بعد بالندر شاہ کے ابھرنے نے کٹھمنڈو میں ہندوستان کے روایتی اثر و رسوخ کے نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہیں حاصل ہونے والے بڑے عوامی مینڈیٹ نے مودی حکومت کے لیے ان کے ساتھ اسی روایتی انداز میں معاملہ کرنا مشکل بنا دیا ہے، جیسا وہ اکثر ان کے پیش روؤں کے ساتھ کرتی رہی ہے۔ مارچ 2026 میں وزیر اعظم بننے کے بعد بالندر شاہ کا اپنے پہلے دوطرفہ دورے کے لیے ہندوستان کا انتخاب مودی کو سفارتی طور پر کچھ اطمینان ضرور دے سکتا ہے، لیکن اس فیصلے کو نیپال کے جغرافیائی سیاسی جھکاؤ کے طور پر دیکھنا ایک بڑی غلطی ہوگی۔

مذہبی پیغام دونوں رہنماؤں کے لیے سیاسی طور پر آسان اور موزوں تھا۔ مودی کے لیے مشترکہ ہندو وراثت کے ذریعے نیپال کے ساتھ تعلقات کو پیش کرنا ان کی سیاست اور نظریات کے عین مطابق ہے۔ دوسری طرف بالندر شاہ کے لیے کسی اسٹریٹجک رعایت کے بغیر خیرسگالی حاصل کرنے کا یہ ایک آسان مذہبی سفارت کاری کا ذریعہ تھا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے کئی پیش روؤں کے انگریزی بولنے کے طریقے سے الگ ہوکر نیپالی زبان میں گفتگو کرنے کا ان کا فیصلہ بھی ان کے ملکی ووٹروں کو پسند آیا۔ تاہم نیپال میں ان کے زبان کے انتخاب کا سرخیوں میں چھا جانا اس بات کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ دوسرے پہلوؤں سے اس دورے کی کامیابیاں کتنی محدود تھیں۔

فضائی رابطے کے حوالے سے کسی جامع معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی اس کی سب سے واضح مثال تھی۔ نیپال طویل عرصے سے بھیروا اور پوکھرا میں تعمیر کیے گئے اپنے مہنگے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو تجارتی طور پر قابل عمل بنانے کے لیے ہندوستانی فضائی حدود سے اضافی داخلے کے راستوں کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ ہندوستان موجودہ کٹھمنڈو-بھیروا-لکھنؤ راستے کو دوطرفہ فضائی راہداری میں تبدیل کرنے پر تکنیکی مشاورت کے تحت رضامند ہوا۔ تاہم مہندر نگر کے راستے مغربی فضائی رسائی کی نیپال کی زیادہ اہم درخواست ہندوستان کے اسٹریٹجک عدم اعتماد کے باعث تعطل کا شکار رہی۔


نیپالی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ہندوستان نے بگڈوگرا سے چلنے والے فوجی طیاروں کے لیے نیپالی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت طلب کی تھی۔ مبینہ طور پر کھٹمنڈو شہری پروازوں کے لیے تو تیار تھا، لیکن فوجی طیاروں کے لیے نہیں۔ مودی حکومت نے اپنے ’ذرائع‘ کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا۔ اسٹریٹجک طور پر حساس سلی گوڑی کوریڈور کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے بگڈوگرا ہوائی اڈے سے متعلق مذاکرات جغرافیائی سیاسی اہمیت رکھتے ہیں۔ بگڈوگرا سے متعلق یہ مبینہ درخواست نئی دہلی کی جانب سے یہ جانچنے کی کوشش تھی کہ چین کے تناظر میں نیپال ہندوستان کے سکیورٹی خدشات کو کس حد تک قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان خدشات کو قبول کرنے میں بالندر شاہ کی عدم دلچسپی ظاہر کرتی ہے کہ ان کی حکومت ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے نام پر نیپال کی اسٹریٹجک خودمختاری قربان کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کی قوم پرستی کو ہندوستان دشمنی یا چین سے وفاداری سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔ نیپال کے معاشی اور جغرافیائی حالات ہندوستان کے ساتھ تعاون کو ناگزیر بناتے ہیں، لیکن چین کے ساتھ اس کے تعلقات ہندوستان پر حد سے زیادہ انحصار کے مقابلے میں ایک ضروری توازن بھی فراہم کرتے ہیں۔ مودی کے ساتھ ان کی تصاویر کو بیجنگ کے خلاف کسی اسٹریٹجک وابستگی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

نیپالی سیاست دانوں میں ہندوستان نواز کے طور پر شناخت سے بچنے کا بڑھتا ہوا رجحان بڑی حد تک مودی حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ 2015 کی اقتصادی ناکہ بندی کی تلخ یادیں، نیپال کے آئین کی تشکیل کے عمل میں ہندوستانی مداخلت کے خدشات اور ہندوستان کے ہندوتوا حلقوں میں نیپال کو دوبارہ ہندو ریاست بنانے کی خواہش نے وہاں گہری ناراضی پیدا کی ہے۔

بالندر شاہ کو بھی اپنے ملک میں کچھ سخت سوالات کا سامنا کرنا ہے۔ کھٹمنڈو کے میئر کی حیثیت سے انہوں نے اپنے دفتر میں ’گریٹر نیپال‘ کا نقشہ لگا رکھا تھا اور ملک کے علاقائی دعوؤں کے تحفظ میں ناکامی پر نیپال کی سابقہ قیادت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے باوجود وزیر اعظم کی حیثیت سے وہ کالاپانی، لیپولیکھ، لمپیادھورا اور سستا سے متعلق سرحدی تنازعات کے حل کے لیے نئی دہلی سے کوئی ٹھوس یقین دہانی حاصل کیے بغیر واپس آگئے۔ زیر التوا سرحدی معاملات کو حل کرنے کے لیے خارجہ سکریٹریوں کو دی گئی ہدایات دراصل اسی وعدے کو دہراتی ہیں جو 2014 میں مودی کے پہلے نیپال دورے کے موقع پر کیا گیا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ 2014 کے مشترکہ بیان میں متنازع علاقوں کی شناخت کے حوالے سے اس سے زیادہ وضاحت موجود تھی۔


1950 کے امن اور دوستی کے معاہدے سے متعلق نیپال کے خدشات بھی حل نہیں ہوسکے۔ نہ تو اگنی پتھ اسکیم کے آغاز کے بعد ہندوستانی فوج میں گورکھاؤں کی بھرتی رکنے کے معاملے پر کوئی پیش رفت ہوئی اور نہ ہی سارک کو دوبارہ فعال بنانے پر اس دورے میں کوئی بامعنی توجہ دی گئی، جس کی صدارت نیپال کے پاس ہے۔ نیپال کا بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ اور اس کی برآمدات کو محدود کرنے والی غیر ٹیرف رکاوٹیں بھی بدستور موجود ہیں۔

اس دورے کی سب سے زیادہ تشہیر ہونے والی کامیابی اگست میں تباہ کن سیلاب کے بعد ہندوستان کی جانب سے 240 ارب نیپالی روپے (تقریباً 1.6 ارب ڈالر) کے امدادی پیکیج کا اعلان تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نیپال نے 2 ارب ڈالر کی امداد طلب کی تھی، جس میں نصف رقم گرانٹ کی شکل میں تھی۔ ہندوستان نے تقریباً 37.7 کروڑ ڈالر گرانٹ کے طور پر دیے، جبکہ باقی رقم توانائی کے منصوبوں کے لیے رعایتی قرض کی صورت میں فراہم کی گئی۔

کھٹمنڈو کے پاس مودی کے اقتصادی وعدوں پر شک کرنے کی ٹھوس وجوہات موجود ہیں۔ 2015 کے زلزلے کے بعد ہندوستان نے تعمیر نو کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا، جس میں 75 کروڑ ڈالر رعایتی قرض تھے۔ لیکن خریداری کے سخت ضوابط اور منظوری کے پیچیدہ مراحل کے باعث قرض کی بڑی رقم عملی طور پر استعمال نہیں ہوسکی۔ جب تک نئے امدادی پیکیج کی شرائط میں بنیادی تبدیلی نہیں کی جاتی، ہندوستانی امداد نیپال کی تعمیر نو کی ضروریات سے زیادہ منتخب ہندوستانی کمپنیوں کے تجارتی مفادات کو پورا کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

اضافی ٹرانزٹ سہولیات کے اعلان کو بھی غور سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ نیپال نے دھامرا اور مندرا بندرگاہوں تک رسائی طلب کی تھی، لیکن ہندوستان نے اس کے بجائے کانڈلا اور پارادیپ کی پیشکش کی۔ نیپالی تاجروں کے لیے بیرگنج کے ڈرائی پورٹ تک باقاعدہ مال بردار ٹرینوں، مسابقتی مال برداری کے نرخوں اور آسان کسٹم کارروائیوں کے بغیر ان اضافی بندرگاہوں کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ ان انتظامات سے حاصل ہونے والے اقتصادی فوائد ابھی بھی غیر یقینی ہیں۔


بالندر شاہ کے دورے نے ایسے دو وزرائے اعظم کے درمیان ایک عملی تعلق ضرور قائم کیا ہے، جو ایک دوسرے کو بہت کم جانتے تھے، لیکن اسے سفارتی کامیابی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ نہ ہی مودی چین کے مقابلے میں نیپال کو ہندوستان کے جغرافیائی سیاسی اثر و رسوخ کے دائرے میں لانے میں کامیاب ہوئے۔ بالندر شاہ نے ہندوستان کو اسٹریٹجک رعایتیں دینے سے گریز کیا، لیکن ان کے وسیع انتخابی مینڈیٹ سے پیدا ہونے والی توقعات محض ہندوستانی وزیر اعظم کی خیرسگالی حاصل کرنے سے کہیں بڑی ہیں۔

ہندوستان کے طویل مدتی مفادات کی حفاظت ایک ایسے پڑوسی سے بہتر طور پر ہوسکتی ہے جو خوشحال ہو اور اسٹریٹجک طور پر خودمختار ہو، نہ کہ ایسا پڑوسی جو انحصار تو کرے لیکن ناراض بھی رہے۔ اس کے لیے مودی حکومت کو نیپال کے بارے میں اپنا نقطہ نظر تبدیل کرنا ہوگا، بجائے اس کے کہ وہ ہر نئے نیپالی رہنما سے یہ توقع کرے کہ وہ کھٹمنڈو کی ہندوستان سے متعلق پالیسیوں کو تبدیل کر دے۔

(اشوک سوین سویڈن کی اپسالا یونیورسٹی میں امن اور تنازعات کے مطالعے کے پروفیسر ہیں)

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔