طلبا آر پار کی لڑائی پر آمادہ!... نندلال شرما

ایک طالب علم نے کہا کہ جیل میں کم از کم وقت پر کھانا تو مل جاتا ہے، لیکن یونیورسٹی میں اگر کوئی طالب علم سوال بھی پوچھ لے تو اس کا کھانا بند کر دیا جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>خواتین کے تحفظ کو لے کر دہلی یونیورسٹی کے طلبہ کا احتجاج، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

نریندر مودی حکومت اگرچہ جنتر منتر کو ایک قلعہ میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہی ہو، لیکن وہ جولائی 2026 کی طلبا اور نوجوانوں کی تحریک سے پیدا ہونے والی اس توانائی کو پورے ملک میں پھیلنے سے نہیں روک پائی، جس نے نہ صرف یونیورسٹی کیمپس کو احتجاج اور مظاہروں کے مضبوط مراکز میں تبدیل کر دیا، بلکہ ان ہر کیمپس کو ’جنتر منتر‘ بنا دیا ہے۔

دہلی کی امبیڈکر یونیورسٹی (کشمیری گیٹ) میں طلبا نے بنیادی سہولیات کے لیے 17 دنوں تک بھوک ہڑتال کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال لاکھوں روپے فیس ادا کرنے کے باوجود ہمیں یونیورسٹی کے مرکزی دروازے سے آنے جانے کی اجازت کیوں نہیں ہے؟ کیمپس تک جانے والے راستے طالبات کے لیے محفوظ کیوں نہیں ہیں؟ اساتذہ کیوں نہیں ہیں؟ کھیل کا میدان کیوں نہیں ہے؟ پی ایچ ڈی کے طلبا کو بایومیٹرک حاضری لگانی کیوں پڑتی ہے؟ آخر کیوں؟


طلبا احتجاج کر رہے تھے اور انتظامیہ نے 3 سطحی حفاظتی حصار قائم کر کے انہیں قید کر دیا۔ سیکورٹی گارڈوں کو کھانا لانے کی اجازت نہیں تھی اور طلبا باہر سے کھانا نہیں منگوا سکتے تھے۔ زخمی طلبا کے لیے ایمبولینس کو بھی اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 13 اکتوبر کو طلبا نے آنند پٹوردھن کی دستاویزی فلم ’جے بھیم کامریڈ‘ کی اسکریننگ کرنی چاہی تو انہیں زبردستی روک دیا گیا۔ احتجاج کے پوسٹر پھاڑ دیے گئے، کئی طلبا زخمی ہوئے اور کئی طالبات کے کپڑے تک پھاڑ دیے گئے۔ اگلے دن پولیس نے طلبا کو نہ صرف زبردستی وہاں سے ہٹایا بلکہ توڑ پھوڑ اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ کے فرضی الزامات میں 11 طلبا کو معطل بھی کر دیا گیا۔ دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر معطلی منسوخ ہوئی۔ امبیڈکر یونیورسٹی کے طلبا اسے اپنی جیت مان رہے ہیں، لیکن طلبا اور نوجوانوں کی مزاحمت کے سامنے یونیورسٹی انتظامیہ کے گھٹنے ٹیکنے کا سلسلہ اب صرف ایک کیمپس تک محدود نہیں رہا ہے۔ جینڈر اسٹڈیز میں ایم اے کی طالبہ بلیسی کہتی ہیں کہ ’’یہ امبیڈکر یونیورسٹی نہیں، تہاڑ جیل ہے۔ جیل میں کم از کم آپ کو وقت پر کھانا تو مل جاتا ہے، لیکن یہاں اگر کوئی طالب علم سوال بھی پوچھ لے تو اس کا کھانا بند کر دیا جاتا ہے۔‘‘

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 21 ستمبر کو ایم اے (اردو) کے طالب علم یاسر فہد نے 8 سال سے معطل طلبا یونین کے انتخابات بحال کرنے کے لیے تاریخی ’ڈک پوائنٹ‘ پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی۔ 19 دن تک جاری رہنے والی اس بھوک ہڑتال اور طلبا کے احتجاج کے بعد 9 اکتوبر کو یونیورسٹی انتظامیہ کو انتخابات کرانے کا اعلان کرنا پڑا اور 5 نومبر کو ووٹنگ ہوئی۔ اے ایم یو کی کامیابی کا اثر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر بھی پڑا، جہاں ان کی جدوجہد کا مرکز بنیادی طور پر ’اسپاٹ ایڈمیشن‘ میں مبینہ طور پر شفافیت کی کمی اور طلبا یونین کے انتخابات (جو دو دہائیوں سے معطل ہیں) کی بحالی کا مطالبہ تھا۔


جامعہ میں یہ تحریک 12 اکتوبر کو شروع ہوئی۔ 24 اکتوبر کو بات چیت کے دوران توڑ پھوڑ کا واقعہ پیش آیا۔ طلبا نے الزام لگایا کہ ان کا ذاتی سامان نقصان پہنچایا گیا اور بھوک ہڑتال کرنے والے طلبا کو اسپتال لے جانے کے بہانے حراست میں لینے کی کوشش کی گئی۔ ایس ایف آئی کے مطابق پولیس نے دفعہ 163 نافذ کرکے طلبا کو حراست میں لے لیا۔ انتظامیہ نے کلاسوں کو آن لائن کرنے، لائبریری اور ریڈنگ روم تک طلبا کی رسائی محدود کرنے اور ہاسٹل خالی کرنے کا حکم دیا، لیکن طلبا اپنے مطالبات پر ڈٹے رہے۔ آخرکار 18 دن بعد انتظامیہ جھک گئی اور طلبا یونین کی بحالی کا مطالبہ مان لیا گیا۔

جے این یو میں بھی طلبا یونین کی جانب سے شروع کی گئی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے 17ویں دن انتظامیہ کو جھکنا پڑا۔ دیگر مطالبات کے ساتھ وہ طلبا یونین کے عہدیداروں اور سابق صدر کی معطلی منسوخ کرنے، احتجاجی مظاہروں سے متعلق پراکٹریل جانچ اور ایف آئی آر واپس لینے پر بھی راضی ہو گئے۔ طلبا صرف اپنے حقوق کے لیے ہی نہیں لڑ رہے ہیں بلکہ وہ کیمپس کے 700 سے زیادہ ان ملازمین کے لیے بھی متحد ہیں، جو تنخواہوں میں کٹوتی، قانونی بونس نہ ملنے، من مانی برطرفیوں اور دیگر مطالبات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔


اس پوری مہم میں طالبات پیش پیش رہی ہیں۔ دہلی یونیورسٹی میں انہوں نے ’ہم عورتیں آزاد ہیں‘ مارچ نکال کر تحفظ، آزادی اور خوف کے بغیر عوامی مقامات پر موجود رہنے کے حق کا مطالبہ کیا۔ ’’توڑ کے رکھ دو وہ سماج، ناری جس میں بندی ہے آج‘‘ اور ’’راتوں پر بھی ہے حق ہمارا‘‘ جیسے ان کے نعرے اس نسل کے غصے کا اظہار ہیں، جو پدرشاہی کے غلبے کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ جے این یو کے سابرمتی ڈھابے پر ’نائٹ مارچ‘ سے لے کر دہلی یونیورسٹی کے ’پنجرہ توڑ‘ نعرے تک، پیغام بالکل واضح تھا... ’’ہمیں تحفظ چاہیے، قیدیوں جیسی پابندیاں نہیں۔‘‘ نیہا، مدیتا اور نادیہ کی قیادت میں طلبا کی ان تحریکوں کی خاص بات یہ رہی کہ وہ کسی ایک جھنڈے کے نیچے نہیں تھیں، لیکن مختلف تنظیموں سے وابستہ ہونے کے باوجود سب ایک ساتھ تھے۔

مغربی بنگال میں ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی)، جادھو پور یونیورسٹی اور پریسیڈنسی یونیورسٹی کے طلبا مبینہ ’بھگوا غنڈہ گردی‘ کے خلاف متحد ہیں۔ 27 ستمبر کو ایس آر ایف ٹی آئی کے طلبا نے آر ایس ایس سے وابستہ ’اکھل بھارتیہ گراہک پنچایت‘ کے پروگرام کی مخالفت کی۔ انہوں نے سرکاری فنڈ سے چلنے والے کیمپس میں سیاسی نظریات رکھنے والی تنظیموں کی موجودگی پر سوال اٹھائے۔ یہاں 4 اکتوبر کو ’بنگیہ ہندو جاگرن منچ‘ کے ارکان پر اینٹیں اور بوتلیں پھینکنے کے الزامات لگے۔ چھ طلبا کو معطل کر دیا گیا تو طلبا نے معطلی واپس لینے کے ساتھ وائس چانسلر کے استعفے کے مطالبے پر تحریک شروع کر دی۔


جادھو پور یونیورسٹی میں 20 اگست کو ایک جنرل باڈی میٹنگ کو لے کر بائیں بازو اور ودیارتھی پریشد سے وابستہ طلبا کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ پریسیڈنسی یونیورسٹی میں سوامی وویکانند کی تصویر والے ودیارتھی پریشد کے ایک پوسٹر پر تنازع کھڑا ہو گیا۔ جب سے بی جے پی نے بنگال میں اپنی گرفت مضبوط کی ہے، طلبا ریاست کے تعلیمی اداروں پر آر ایس ایس کا تسلط قائم کرنے کی کوششوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

الہ آباد یونیورسٹی میں فیس میں اضافے اور 6000 نشستیں کم کرنے کے خلاف جولائی 2026 میں شروع ہونے والے احتجاج اکتوبر آتے آتے تیز ہو گئے۔ 6 اکتوبر کو طلبا نے یونیورسٹی کا مرکزی دروازہ بند کر دیا، جب کہ طالبات نے تحفظ اور خود مختاری کے لیے ’فریڈم مارچ‘ نکالا۔ آئی آئی ایس ای آر پونے کے طلبا نے ہاسٹل کے سخت ضابطوں کے خلاف کلاسوں کا بائیکاٹ کیا۔


بی ایچ یو میں طالبات نے رات 10 بجے کے ’ہاسٹل کرفیو‘ اور امتیازی ضابطوں کے خلاف کینڈل مارچ نکالا اور غیر معینہ مدت کا دھرنا دیا۔ لکھنؤ یونیورسٹی میں 2 جون سے 50 دنوں سے زیادہ عرصے تک فیس میں اضافے اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزامات میں طلبا کے تین رہنماؤں پریم پرکاش یادو، پرنس پرکاش اور ہرشیت شکلا کی ’آمرانہ‘ معطلی کے خلاف احتجاج جاری رہا۔ پی ایچ ڈی اسکالر وشال سنگھ کہتے ہیں کہ ’’اگر جنتر منتر والی تحریک نہ ہوئی ہوتی (جس کے نتیجے میں دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا پڑا)، تو ہماری معطلی کبھی منسوخ نہیں ہوتی۔‘‘

مزاحمت کا دائرہ گورکھپور سے پٹنہ تک، پونے کی ساوتری بائی پھلے یونیورسٹی سے ممبئی یونیورسٹی کے کلینہ کیمپس تک، کالڈی کی شری شنکراچاریہ سنسکرت یونیورسٹی سے میوات انجینئرنگ یونیورسٹی تک پھیل چکا ہے (جہاں وقف بورڈ (ہریانہ) اور انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم ہوئے)۔ اس تحریک نے ذہنی صحت کے معاملے میں ادارہ جاتی ناکامیوں کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ 24 اگست کو آئی آئی ٹی دہلی کے 31 سالہ طالب علم رشی کیش کمار کی خودکشی کے بعد 2000 سے زیادہ طلبا متحد ہو گئے۔ 30 ماہ کے دوران ہونے والی آٹھ خودکشیوں، غیر معینہ مدت کے دھرنے اور رشی کیش کی ماں کی جذباتی اپیل کے بعد انتظامیہ کو ہائی کورٹ کے سابق جج کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا خیال آیا۔


آئی آئی ٹی بامبے میں 18 ستمبر کو بی ٹیک کے طالب علم ساحل واکوڑے کی خودکشی کے بعد ’اسٹوڈنٹس لائیوز میٹر‘ کے نام سے تین دن تک احتجاج جاری رہا۔ مزاحمت کی لہر بڑے قانون کے تعلیمی اداروں تک بھی پہنچ گئی۔ اگست میں حیدرآباد کی ’نیشنل اکیڈمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ‘ (نالسار) کے 400 سے زیادہ طلبا نے اپنے جلسۂ تقسیم اسناد میں چیف جسٹس سوریہ کانت کو مدعو کیے جانے کی مخالفت کی۔ اس کے بعد بار کونسل کے چیئرمین اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منن مشرا کی جانب سے 2026 میں تعلیم مکمل کرنے والے طلبا کے بیچ کا اندراج روکنے کی ہدایت کے بعد یہ تحریک مزید تیز ہو گئی۔ بنگلورو کی ’نیشنل لا اسکول آف انڈیا یونیورسٹی‘ میں بھی سینکڑوں طلبا اور سابق طلبا سینئر عدالتی عہدیداروں کی مجوزہ موجودگی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔

ایس ایف آئی کے قومی صدر آدرش ایم شاجی کا ماننا ہے کہ جنتر منتر کی تحریک نے طلبا کو جدوجہد کرنے کا نیا اعتماد دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں، ’’اب وہ آر ایس ایس کے حمایت یافتہ وائس چانسلروں یا حکمراں نظام کے جبر سے نہیں ڈرتے۔ طلبا تعلیم کی اصل روح کو بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘‘ کیمپسوں میں مسلسل جاری اس مزاحمت سے ایک بات تو واضح ہے کہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ جنتر منتر پھیل چکا ہے اور ہر جگہ موجود ہے۔ اختلاف رائے کو روکا نہیں جا سکتا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔