منافع کی پرواز، تنخواہ میں ٹھہراؤ... اجیت راناڈے

کارپوریٹ ورلڈ کا سالانہ منافع 23 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، جبکہ مزدوروں کی حقیقی تنخواہ میں ایک فیصد سے بھی کم اضافہ ہوا۔ یہ عدم مساوات طلب اور سرمایہ کاری کے راستہ کا سب سے بڑا رخنہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i

فکی کے حالیہ اجلاس میں ہندوستانی صنعت کاروں پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تنقید غیر معمولی طور پر سخت تھی۔ کارپوریٹ ٹیکس میں بھاری رعایتوں اور مسلسل بڑھتے منافع کے باوجود کمپنیاں تنخواہوں اور روزگار میں اضافہ کرنے میں کیوں ناکام رہی ہیں؟ اس سے پہلے اقتصادی امور کی سکریٹری انورادھا ٹھاکر نے بھی اسی طرح کی تشویش ظاہر کی تھی۔ چیف اکنامک ایڈوائزر وی اننت ناگیشورن گزشتہ 2 برسوں سے منافع اور تنخواہوں کے درمیان اس خلیج کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔ ان تمام خدشات سے اقتصادی ترقی کی منصفانہ تقسیم، محنت کشوں کی روزی روٹی اور پرائیویٹ صنعت کی جانب سے کھل کر سرمایہ کاری نہ کرنے کی جھجک پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔

اعداد و شمار پر غور کیجیے۔ نفٹی 500 کمپنیوں کا سالانہ منافع 21-2020 کے 6.5 لاکھ کروڑ روپے سے بڑھ کر 26-2025 میں 18.1 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا، جو 23 فیصد کا اضافہ ہے۔ ان کمپنیوں کا منافع اب مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے 5.2 فیصد کے برابر پہنچ چکا ہے، جو اب تک کی ریکارڈ بلند سطح ہے۔ سال 2019 میں کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے گھٹا کر 22 فیصد کر دی گئی تھی تاکہ نئی سرمایہ کاری، صنعتی توسیع اور روزگار کی تخلیق کو فروغ مل سکے۔ اس کے باوجود نجی سرمایہ کاری میں وہ تیزی نظر نہیں آئی جس کی توقع تھی۔


اب مزدوروں کی تنخواہوں کی صورت حال دیکھیے۔ تازہ ترین سالانہ صنعتی سروے (اے ایس آئی) سے ظاہر ہوتا ہے کہ 25-2024 میں ایک کارخانے کے اوسط مزدور کی سالانہ آمدنی 2.28 لاکھ روپے، یعنی تقریباً 19 ہزار روپے ماہانہ رہی۔ مہنگائی کے حساب سے ایڈجسٹ کرنے کے بعد اس تنخواہ میں محض 0.7 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ گزشتہ 6 میں سے 5 برسوں کے دوران کارخانوں میں حقیقی اجرتوں میں سالانہ ایک فیصد سے بھی کم اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس کارخانوں میں ایڈمنسٹریٹو عہدوں پر فائز افسران کی اوسط سالانہ تنخواہ عام مزدوروں کے مقابلے 6 گنا سے بھی زیادہ ہے۔ اس طرح پوری صنعت کے اندر اور خود کمپنیوں کے اندر عدم مساوات کی ایک گہری خلیج موجود ہے۔ کارپوریٹ منافع کے مقابلے میں یہ فرق انتہائی حیرت انگیز ہے۔ مہنگائی کے مقابلے میں تنخواہوں میں کوئی حقیقی اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے خاندان اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مسلسل قرض پر انحصار کرتے جا رہے ہیں۔ گھریلو قرض کا یہ بڑھتا ہوا بوجھ غیر معینہ مدت تک حقیقی آمدنی کا متبادل نہیں بن سکتا۔

یہ درست ہے کہ شیئر بازار میں درج بڑی کمپنیاں پورے صنعتی شعبے کی نمائندگی نہیں کرتیں۔ ہزاروں چھوٹے صنعت کار، پرزے فراہم کرنے والے اور ذیلی ٹھیکے دار انتہائی کم منافع، غیر یقینی آرڈرز اور قرض کے محدود ذرائع کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ ان میں سے کئی اس وقت بھی مشکلات سے دوچار ہوں، جب ان کی بڑی خریدار کمپنیاں ریکارڈ منافع درج کر رہی ہوں۔ اس سے خود صنعتی شعبے کے اندر منافع کی غیر مساوی تقسیم کا ایک اور پہلو سامنے آتا ہے۔ اس کے باوجود بڑی کمپنیوں کے غیر معمولی منافع کی حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔


مضبوط بیلنس شیٹ اور ٹیکس میں کٹوتی کے باوجود پرائیویٹ سیکٹر نئے سرمایہ جاتی اخراجات سے ہاتھ کیوں کھینچ رہا ہے؟ کمپنیاں اسی وقت سرمایہ کاری کرتی ہیں جب انہیں اپنی مصنوعات کی خاطر خواہ طلب نظر آتی ہے۔ محض منافع بڑھ جانے یا ٹیکس کی ذمہ داری کم ہو جانے سے کوئی کارخانہ اپنی پیداواری صلاحیت میں توسیع نہیں کرتا۔ اس کے اندر یہ اعتماد ہونا ضروری ہے کہ اضافی پیداوار کو منافع کے ساتھ بازار میں فروخت کیا جا سکے گا۔ اگر خاندانوں کی آمدنی میں سستی برقرار رہے گی تو طلب کے بارے میں اعتماد بھی متزلزل رہے گا۔ ایسی صورت حال میں کمپنیاں نئی سرمایہ کاری کے بجائے پرانے قرض چکانے، مالی اثاثے جمع کرنے یا حصص یافتگان میں منافع تقسیم کرنے کو ترجیح دیں گی۔

یہ صورت حال پوری معیشت کے لیے بحران پیدا کرتی ہے۔ جب تنخواہیں مستحکم ہو جائیں تو کروڑوں خاندانوں کے پاس خرچ کرنے کے لیے اضافی رقم نہیں بچتی۔ کمزور صارفیت نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتی ہے، جس سے بہتر تنخواہوں والی ملازمتوں کے مواقع محدود ہو جاتے ہیں۔ گھریلو آمدنی کی یہ کمزوری اس شیطانی چکر کو مسلسل جاری رکھتی ہے۔ کسی ایک کمپنی کے نقطہ نظر سے جو فیصلہ مالی اعتبار سے دانش مندانہ معلوم ہو سکتا ہے، وہ اجتماعی طور پر پوری اقتصادی ترقی کی رفتار روک دیتا ہے۔ جی ایس ٹی میں کمی کے بعد آٹوموبائل کی فروخت میں حالیہ تیزی ظاہر کرتی ہے کہ کم قیمتیں طلب کو رفتار دے سکتی ہیں۔ لیکن اس طرح کی ترغیب عارضی ثابت ہو سکتی ہے۔ بازاروں کی پائیدار توسیع کے لیے خاندانوں کی قوت خرید میں مسلسل اضافہ ضروری ہے۔


منافع اور تنخواہوں کے درمیان مسلسل وسیع ہوتی اس خلیج کی ایک گہری وجہ بھی ہے۔ اس کا براہ راست تعلق محنت اور سرمایہ کی سودے بازی کی نسبتی طاقت سے ہے۔ گزشتہ 2 دہائیوں میں ہندوستانی صنعت ٹھیکے پر رکھے گئے مزدوروں، آؤٹ سورسنگ اور غیر رسمی تقرریوں پر حد سے زیادہ انحصار کرنے لگی ہے۔ ایک ہی کارخانے میں یکساں کام کرنے والے 2 مزدوروں کو صرف اس بنیاد پر الگ الگ تنخواہیں اور سہولتیں ملتی ہیں کہ ان میں سے ایک مستقل ملازم ہے اور دوسرا ٹھیکے دار کے ذریعے آیا ہے۔ ٹریڈ یونینوں کے کمزور ہونے اور مستقل روزگار کی تلاش میں بھٹکنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے مزدوروں کی سودے بازی کی صلاحیت کو مزید کم کر دیا ہے۔

اس کے سنگین نتائج کبھی کبھی شدید تشدد کی صورت میں بھی سامنے آئے ہیں۔ ماروتی سوزوکی کے مانیسر پلانٹ میں طویل عرصے تک جاری رہنے والا مزدور تنازعہ جولائی 2012 میں انتہائی افسوسناک تشدد میں تبدیل ہو گیا تھا، جس میں ایک سینئر افسر کی جان چلی گئی تھی۔ اس کے 14 سال بعد نوئیڈا اور ہریانہ کے صنعتی علاقوں میں ناکافی اجرت اور زندگی گزارنے کی بڑھتی ہوئی لاگت کے خلاف ٹھیکے پر کام کرنے والے مزدوروں کی ناراضگی بھڑک اٹھی۔ تشدد کو کبھی بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، لیکن یہ واقعات اس صنعتی نظام میں سلگتے ہوئے تناؤ کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں مزدوروں کی سودے بازی کی طاقت محدود ہے اور ان کی شکایات کے ازالے کے مؤثر راستے تقریباً بند ہیں۔


روزگار کے نئے طریقے اس عدم توازن کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ پلیٹ فارم کمپنیاں ڈیلیوری کارکنوں اور ڈرائیوروں کو ’آزاد کاروباری شراکت دار‘ قرار دیتی ہیں، حالانکہ ان کی آمدنی اور کام کی شرائط مکمل طور پر انہی پلیٹ فارموں کے ذریعے طے کی جاتی ہیں۔ قابل توجہ بات یہ ہے کہ اب گگ ورکرز بھی متحد ہو کر اپنی آواز اٹھانے لگے ہیں۔ نئی لیبر کوڈز میں سماجی تحفظ کے مقصد سے گگ اور پلیٹ فارم کارکنوں کو تسلیم کیا گیا ہے، لیکن ضروری ہے کہ اس شناخت کو زمینی سطح پر مؤثر تحفظ میں تبدیل کیا جائے۔ بنیادی بات وہی ہے کہ مزدوروں کو ایسے ادارہ جاتی پلیٹ فارم درکار ہیں، جہاں وہ اس قدر میں سے اپنا جائز حصہ طے کر سکیں، جس کے بنانے میں ان کا پسینہ شامل ہے۔

اس پورے عمل میں سرکاری پالیسیوں کا اہم کردار ہے۔ زیادہ خرچ، ضابطوں سے متعلق غیر یقینی صورت حال، ہنرمندی کی کمی اور برآمدات میں حائل رکاوٹیں محنت پر مبنی صنعتوں کی توسیع کو روک سکتی ہیں۔ کم از کم اجرت، سماجی تحفظ اور اجتماعی سودے بازی کا قانونی ڈھانچہ بھی عوامی پالیسیوں کے ذریعے ہی طے ہوتا ہے۔ حکومت ان بنیادی رکاوٹوں کو جوں کا توں برقرار رکھ کر کمپنیوں کو محض یہ نصیحت نہیں کر سکتی کہ وہ زیادہ لوگوں کو روزگار فراہم کریں اور بہتر تنخواہیں دیں۔ پیداواری روزگار اور بڑھتی ہوئی آمدنی کی بنیاد تیار کرنے کی ذمہ داری صرف کارپوریٹ بورڈ رومز تک محدود نہیں ہے۔


اس کے باوجود وزیر اعظم کی تنقید پوری طرح معقول ہے۔ مسلسل بھاری منافع کمانے والی کمپنیوں کے پاس تنخواہوں اور کام کے حالات کو بہتر بنانے کی پوری گنجائش موجود ہے۔ زیادہ پیداواری صلاحیت کا فائدہ بہتر تنخواہ کی صورت میں نظر آنا چاہیے اور مزدور اس خوشحالی میں منصفانہ حصے کے حق دار ہیں، جس کی تشکیل میں وہ خود شریک ہیں۔ محنت اور سرمایہ کے درمیان بڑھتا ہوا یہ عدم توازن اقتصادی کارکردگی کا بھی سوال ہے اور سماجی انصاف کا بھی۔ مزدور باوقار زندگی اور تحفظ کے حق دار ہیں اور یہ حق اس بات سے بالکل الگ ہے کہ وہ صارفین کی طلب بڑھانے میں کتنا تعاون کرتے ہیں۔

امریکہ کے ایک موٹر گاڑیوں کے کارخانے میں روبوٹ نصب کیے جانے سے متعلق ایک پرانا قصہ ہے۔ جب کمپنی کے ایک افسر نے یونین لیڈر والٹر روتھر سے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ وہ ان روبوٹوں سے یونین کا چندہ کیسے وصول کریں گے، تو روتھر نے فوراً جواب دیا کہ کمپنی ان روبوٹوں کو اپنی تیار کردہ گاڑیاں خریدنے کے لیے کیسے تیار کرے گی؟ یہ قصہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے، حالانکہ ہندوستانی صنعتوں میں روبوٹ کا استعمال ابھی محدود پیمانے پر ہے۔ اس کا بڑا سبق پیداوار، روزگار اور قوت خرید کے باہمی تعلق سے متعلق ہے۔ ہندوستان کی اقتصادی ترقی ہمیشہ کارپوریٹ منافع کی پرواز اور عام مزدوروں کے معیار زندگی میں ٹھہراؤ کے سہارے آگے نہیں بڑھ سکتی۔ اقتصادی فوائد کی منصفانہ تقسیم ہی لوگوں کی روزی روٹی کو سہارا دے گی، گھریلو طلب کو وسعت دے گی اور اس پرائیویٹ سرمایہ کاری کو عملی شکل دے گی، جس کی ملک کو آج سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

(اجیت راناڈے معروف ماہر اقتصادیات ہیں۔ بشکریہ: دی بلین پریس)

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔