موسمیاتی مذاکرات: غریب ممالک کو مالی بحران سے نجات کی ضرورت...مدیحہ فصیح

ترکیہ میں جاری کاپ 31 کانفرنس میں موسمیاتی فنڈز کی کمی، ترقی پذیر ممالک کے قرضوں اور زرعی مشکلات پر تشویش ظاہر کی گئی، جبکہ مالیاتی اصلاحات، قابلِ تجدید توانائی اور فوری امداد پر زور دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>
i

اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں کانفرنس (کاپ 31) 6 تا 19 نومبر 2026 ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری ہے، جس میں عالمی رہنما، ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ حل پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں ۔ ایک حالیہ اجلاس میں ماحولیاتی فنڈز کی شدید کمی اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش مالیاتی مشکلات کا مرکزی موضوع کے طور پر احاطہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے موجودہ عالمی مالیاتی نظام کو ناکام قرار دیتے ہوئے امیر ممالک اور بڑے آلودگی پھیلانے والوں پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کا بوجھ کم کریں۔

اجلاس کے دوران زرعی شعبے کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیرامیٹرک انشورنس جیسے جدید طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ، کناڈا، برطانیہ اور ناروے نے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے لیے دس ارب ڈالر کے نئے منصوبے کا اعلان کیا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔ ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روایتی ایندھن سے چھٹکارا حاصل کرکے قابلِ تجدید توانائی نہ صرف ماحول کے لیے بلکہ معاشی طور پر بھی انتہائی فائدہ مند رہے گی۔

موسمیاتی مذاکرات محض اعداد و شمار نہیں

ترکی کے شہر انطالیہ کے عالی شان ہالوں، کشادہ راہداریوں اور دلکش آبی گزرگاہوں کے گرد جاری موسمیاتی مذاکرات صرف خشک اعداد و شمار یا تکنیکی باریکیوں کی جنگ نہیں ، بلکہ یہ ایک کرب ناک سچائی ہے۔ کانفرنس کے احاطے میں دنیا کے کونے کونے سے آئے ہوئے مظاہرین میں سے متعدد افراد موسمیاتی تبدیلی کے ہاتھوں اپنے گھر بار اجڑنے اور روزگار ختم ہونے کی دردناک داستانیں سناتے ہوئے آنسو نہ روک سکے۔ کچھ مظاہرین کے ہاتھوں میں "آلودگی پھیلانے والے قیمت ادا کریں" کے بینرز تھے، جبکہ باورچیوں کے لباس میں ملبوس کارکنان موسمیاتی انصاف کا ایک علامتی نسخہ پیش کر رہے تھے، جس کا سب سے اہم جزو تھا: "غریب ممالک کے قرضوں کی فوری منسوخی"۔

اس عالمی اجلاس میں نائجیریا سے آئے ایک ماحولیاتی کارکن نے چاڈ جھیل کی دلخراش صورتحال کا ذکر کیا، جہاں مسلسل خشک سالی اور پانی کی سطح میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں نے لاکھوں انسانوں کو بے گھر اور معاشی طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ انہوں نے دنیا سے ایک اخلاقی سوال کیا کہ ان کے ملک نے عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نہ ہونے کے برابر حصہ ہے، لیکن اسے موسمیاتی آفات کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے امیر اور آلودگی پھیلانے والے ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ شرح سود پر قرضے کیوں لینا پڑتے ہیں؟


یہ سوال صرف نائجیریا کا نہیں بلکہ ان تمام ترسیلات پر منحصر اور موسمیاتی طور پر حساس ایشیائی و افریقی ممالک کا ہے۔ کاپ 31 نے ایک طرف جہاں دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے قائم استحصالی عالمی مالیاتی نظام کے نقائص اور امیر ممالک کے منافقانہ رویوں کو بے نقاب کیا، وہاں دوسری طرف اس نے زمینی سطح پر ابھرتے ہوئے اختراعی اور عملی حل کی روشن کرنیں بھی دکھائیں۔ ذیل میں اس اجلاس کے اہم نکات کا تجزیہ پیش ہے جو عالمی ماحولیاتی منظرنامے کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں۔

کلائمیٹ فنانس: 840 ارب ڈالر کا خسارہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اور کلائمیٹ چیف سائمن اسٹیل نےاجلاس کے دوران بین الاقوامی مالیاتی بحران کا پردہ چاک کیا۔ موجودہ مالیاتی رجحانات اور تخمینوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ سالانہ کلائمیٹ فنانس اپنے 1.3کھرب ڈالر کے عالمی ہدف سے 840ارب ڈالر کم رہنے کا خدشہ ہے (اگرچہ موجودہ معاہدوں کے تحت ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 2035 تک سالانہ کم از کم 300 ارب ڈالر متحرک کریں)۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ متاثرہ ممالک کے لیے موافقت (اڈپٹیشن)کی فنڈنگ کو اگر تین گنا بھی کر دیا جائے، تب بھی یہ ان کی ضروریات کے 30فیصد سے کم حصے کو ہی پورا کر سکے گی۔

کلائمیٹ چیف سائمن اسٹیل نے اس صورتحال کا احاطہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ترقی پذیر ممالک اس وقت قرضوں، آفات اور تباہ کن سرمائے کی لاگت کے ایک لامتناہی گرداب میں جکڑے جا چکے ہیں۔ گوٹیرس نے اس بات پر زور دیا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد بنایا گیا مالیاتی نظام ترقی پذیر دنیا کو لاچار بنا رہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کثیر القومی ترقیاتی بینکوں کے سرمائے کی ری اسٹرکچرنگ کی جائے، اور نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ریاستی ضمانتیں فراہم کی جائیں۔ اسی سلسلے میں، برطانیہ، ناروے اور کناڈا کے ترقیاتی مالیاتی اداروں نے 2030 تک ابھرتی ہوئی منڈیوں میں موسمیاتی منصوبوں کے لیے 10ارب ڈالر متحرک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

زراعت کے لیے ناکافی فنڈز

عالمی کلائمیٹ فنانس کی تقسیم میں ایک انتہا درجے کا سنگین تضاد یہ ہے کہ فنڈز کی زیادہ تر رقم تکنیکی اور صنعتی منصوبوں کی نذر ہو جاتی ہے، جبکہ انسانی بقا کا ضامن شعبہ زراعت پسِ پشت ڈال دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے کاوہ زاہدی نے ایک تشویشناک حقیقت سے پردہ اٹھایا کہ موسمیاتی ترقیاتی فنڈز کا صرف پانچ فیصد حصہ زراعت اور غذائی نظام کے لیے مختص کیا جاتا ہے، اور یہ شرح بھی وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنے کے بجائے کم ہو رہی ہے۔


یہ تشویشناک کمی ایک ایسے دور میں ہو رہی ہے جب “ایل نینو”کے اثرات، طوفانی بارشیں اور مسلسل خشک سالی ایشیا اور افریقہ میں زراعت کی کمر توڑ رہے ہیں۔ کسانوں کے لیے موسمیاتی موافقت میں سرمایہ کاری — یعنی بنجر زمینوں کی بحالی، ڈرپ اور جدید آبپاشی کے نظام، اور سخت موسم کا مقابلہ کرنے والے بیجوں کی فراہمی — محض ایک انتخاب نہیں بلکہ بقا کا مسئلہ ہے۔ زراعت کو نظرانداز کرنے کا سیدھا اور خوفناک مطلب عالمی سطح پر بھوک، قحط اور غذائی عدم تحفظ کے بحران کو خود دعوت دینا ہے۔

پیرامیٹرک انشورنس کے ذریعے فوری امداد

موسمیاتی آفات کے فوری بعد روایتی سرکاری امداد میں سستی اکثر تباہی کو دوچند کر دیتی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے طور پر ایک جدید مالیاتی ٹول ’پیرامیٹرک انشورنس‘ (معیار پر مبنی پیشگی بیمہ) ابھر کر سامنے آیا ہے۔ یو این یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ فار انوائرمنٹ اینڈ ہیومن سیکورٹی کی ماہر سنجا بوری کے مطابق، یہ نظام نقصان کے طویل اور پیچیدہ سروے کا انتظار کرنے کے بجائے، پہلے سے طے شدہ سائنسی معیارات (مثلاً ہوا کی رفتار یا بارش کی ملی میٹر میں مقدار) کے چھوتے ہی خودکار طریقے سے متاثرین کو رقم منتقل کر دیتا ہے۔

مثال کے طور پر، بحرالکاہل میں جزیرہ نما ملک فجی کے کسان، جن کی فصلیں سمندری طوفان سے تباہ ہو جاتی ہیں، انہیں بحالی کے لیے مہینوں کا انتظار نہیں کرنا پڑتا بلکہ کچھ ہی دنوں میں امداد مل جاتی ہے۔ یہ پروگرام اس وقت بحرالکاہل کے 8 ممالک میں کامیابی سے چل رہا ہے ۔سنجا بوری نے اس حکمت عملی کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "متاثرہ شخص کو مدد ملنے میں جتنی تاخیر ہوگی، بحالی میں اتنا ہی زیادہ وقت لگے گا۔ اور اس کے اخراجات مزید بڑھ جائیں گے۔"

مقامی سطح پر اقدام کی ضرورت

کاپ 31 نے دنیا پر یہ سچائی واضح کر دی ہے کہ اگرچہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی ساخت میں بنیادی اصلاحات اور امیر آلودگی پھیلانے والے ممالک سے فنڈز کا حصول ہماری اخلاقی اور قانونی جنگ ہے، لیکن 840ارب ڈالر کی کمی (شارٹ فال) اور عالمی سیاست کی تاخیر اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہ بیٹھے رہیں۔ ہمیں مقامی سطح پر موسمیاتی مزاحمت اور لچک کو خود فروغ دینا ہوگا۔عالمی کانفرنسوں، سرکاری اعلانات اور غیر ملکی امداد کا انتظار کیے بغیر، ہم بحیثیتِ افراد، مقامی بزنس اور برادریاں اپنے علاقے میں شمسی توانائی، پانی کی بچت اور پائیدار زراعت جیسے عملی اقدامات کے ذریعے خود کو موسمیاتی آفات سے محفوظ بنانے کے لیے موثر قدم اٹھا سکتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔