سلاخوں کے پیچھے سے: جامعہ، طلبہ یونین اور تہاڑ جیل کی کہانی
جامعہ طلبہ یونین کے لیے اٹھنے والی تحریک، انتظامیہ کی سختی، طلبہ کی گرفتاری اور تہاڑ جیل کے تجربات کی روداد۔ ذیشان احمد خان نے اسے جمہوری حقوق، آزادی اظہار اور طلبہ کی سیاسی بیداری کی جدوجہد قرار دیا

کسی یونیورسٹی کا تصور ایک ایسے گلشن کے طور پر کیا جاتا ہے جہاں ہر طالب علم آزادی سے سوچ سکے، کھل کر سوال پوچھ سکے اور اپنی بات کہنے سے خوف زدہ نہ ہو۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ میرے لیے بھی ایسا ہی ایک گلشن ہے۔ یہاں میں پانچ سال سے زیادہ وقت گزار چکا ہوں، لیکن آج اسی گلشن کے لیے آواز اٹھانے پر مجھے تہاڑ کی بیرک میں راتیں گزارنی پڑیں۔ جس یونیورسٹی کو مجاہدین آزادی نے قائم کیا، اسی یونیورسٹی کے طلبہ کو طلبہ یونین کا مطالبہ کرنے پر جیل جانا پڑے، یہ تضاد آج بھی مجھے تکلیف پہنچاتا ہے۔ یہ مضمون اسی گلشن اور اسی بیرک کی کہانی ہے۔
جامعہ کی بنیاد میں تحریک آزادی کی روح
جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کسی سرکاری فائل کی پیداوار نہیں بلکہ تحریک آزادی کی کوکھ سے جنم لینے والا ادارہ ہے۔ 1920 میں جب مہاتما گاندھی نے تحریک عدم تعاون کا بگل بجایا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ان اداروں سے اپنا رشتہ توڑ لیں جو برطانوی حکومت کے زیر سایہ پروان چڑھ رہے ہیں، تو سوال یہ تھا کہ جو تعلیم ہمیں غلام بنائے رکھنے کے لیے تیار کی گئی ہے، اسے ہم کیوں اختیار کریں؟ اسی اپیل کے جواب میں جامعہ کی صورت میں ایک ادارہ تاریخ کے صفحات پر ابھرا۔ اس کا سفر علی گڑھ سے شروع ہوا، دہلی تک پہنچا اور بالآخر اوکھلا کی سرزمین پر آکر ٹھہرا۔
مولانا محمد علی جوہر اس ادارے کی بنیاد کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ایک تھے۔ 1930 کی گول میز کانفرنس میں انہوں نے انگریزوں کے سامنے صاف کہہ دیا تھا کہ وہ غلام ملک میں واپس نہیں جائیں گے۔ یا تو آزادی حاصل کرکے جائیں گے یا انہیں بیرون ملک کی سرزمین پر ہی دفن ہونا قبول ہے۔ بیماری کی حالت میں انہوں نے وہیں آخری سانس لی۔
حکیم اجمل خان، جو اپنے زمانے کے نامور حکیم اور کانگریس کے بڑے رہنما تھے، انہوں نے اپنی دولت، محنت اور ساکھ جامعہ کو بچانے اور سنبھالنے میں لگا دی۔ ڈاکٹر ذاکر حسین، جو آگے چل کر ملک کے صدر بنے، نوجوانی ہی میں اس ادارے سے وابستہ ہوگئے تھے اور انہوں نے اسے ایک ایسے تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کا خواب دیکھا تھا جو اعلیٰ تعلیمی اقدار کا حامل ہو۔ مولانا محمود حسن اور ڈاکٹر مختار احمد انصاری جیسے رہنما بھی اسی قافلے میں شامل تھے۔ اس دور کی فضا میں حسرت موہانی جیسے انقلابی کی روح بھی موجود تھی، جنہوں نے وہ نعرہ دیا جو آگے چل کر بھگت سنگھ اور ان کے ساتھیوں کی پہچان بنا۔
جس ادارے کی بنیاد غلامی کے سامنے نہ جھکنے والوں نے رکھی ہو، اسی کے آنگن میں اگر آج طلبہ کی زبان پر پہرہ بٹھایا جائے تو اسے محض انتظامی سختی کہہ کر نظرانداز کرنا درست نہیں ہوگا۔ بلکہ یہ اس پوری وراثت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
بیس سال کی خاموشی
اب ذرا سوچیے کہ بیس سال کتنا طویل عرصہ ہوتا ہے۔ جامعہ میں طلبہ یونین کو 2006 میں ختم کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد طلبہ کی کئی نسلیں یہاں آئیں اور ڈگریاں لے کر رخصت ہوگئیں، لیکن کسی کو اپنے کیمپس کی جمہوریت میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملا۔ کیمپس میں پابندیاں اس حد تک تھیں کہ کسی مسئلے پر طلبہ بغیر اجازت اجتماعی طور پر بیٹھ کر گفتگو بھی نہیں کر سکتے تھے۔ آج ملک جس دور سے گزر رہا ہے، اس میں طلبہ یونین کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اس بات کو جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شاید سب سے گہرائی سے محسوس کیا ہے۔
طلبہ یونین محض کسی یونیورسٹی کی ایک تنظیم نہیں بلکہ یہ پورے ملک کے مستقبل کی نرسری ہے۔ یہ اس قیادت کی درس گاہ ہے جس سے کل کی پارلیمنٹ، کل کی عدالتیں، کل کے اخبارات اور کل کی سڑکیں چلیں گی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور دہلی یونیورسٹی جیسے ادارے اس کی مثال ہیں۔ یہاں کی طلبہ یونینوں نے ملک کو بہترین سیاست داں، قانون داں، سفارت کار اور سماجی کارکن دیے ہیں، جنہوں نے ہندوستانی جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ طلبہ یونین کے انتخابات بند کرکے کھلی بحث، اپنی بات کہنے کی آزادی اور آزادانہ سوچ کی جڑوں کو کس قدر چالاکی سے کمزور کیا جا رہا ہے۔ طلبہ یونین کے انتخابات کو سیاست کا نام دے کر نوجوانوں کو ڈرایا جاتا ہے کہ کیمپس سیاسی اکھاڑا بن جائے گا۔ لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کہ یہی انتخابات قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں اور ایسے نوجوان تیار کرتے ہیں جو آگے چل کر ملک کی نمائندگی کریں گے۔
شہید بھگت سنگھ نے 1929 میں پنجاب کے طلبہ کنونشن کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ جو لوگ طلبہ کو سیاست سے دور رہ کر صرف پڑھائی کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، وہ دراصل نوجوانوں سے ان کی سوچ چھیننا چاہتے ہیں۔ ان کا استدلال تھا کہ تعلیم کا مقصد ہی یہ سمجھنا ہے کہ ملک اور معاشرے کے حالات کیا ہیں اور انہیں کیسے بدلا جا سکتا ہے۔ جامعہ میں گزشتہ بیس برس کے دوران جو کچھ ہوا، وہ اسی سوچ کو چھیننے کی کہانی ہے۔ طلبہ کو پڑھنے دیا گیا، لیکن انہیں سمجھنے اور بولنے کی جگہ نہیں دی گئی۔
لیکن جب سوچنے اور بولنے پر پہرہ لگایا جاتا ہے تو خاموشی ہمیشہ برقرار نہیں رہتی۔ وہ اندر ہی اندر جمع ہوتی رہتی ہے اور ایک دن آواز بن کر پھوٹ پڑتی ہے۔ اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ طلبہ نے تحریک شروع کر دی۔
مطالبات سننے کے بجائے تحریک کو تھکانے کی تیاری
جامعہ انتظامیہ کی کوشش ان مطالبات کو سننے سے زیادہ اس بات پر مرکوز رہی کہ طلبہ کی آواز کو کیسے ختم کیا جائے یا اسے دبا کر جمہوری اقدار کا گلا کیسے گھونٹا جائے۔ جس طلبہ یونین کے لیے بیس سال کی گھٹن ایک بار پھر سطح پر آئی تھی، اس کے سامنے انتظامیہ کا رویہ وہی پرانا اور سخت تھا۔ بات چیت کے دروازے ایک ایک کرکے بند ہوتے گئے۔ ایسا محسوس ہوا جیسے وائس چانسلر کے دفتر سے لے کر پراکٹر کے دفتر تک پوری انتظامی طاقت طلبہ کے وجود کو تسلیم نہ کرنے میں لگی ہوئی ہو۔ دلیل کا جواب دلیل سے دینے کے بجائے حفاظتی گارڈوں، بیریکیڈز اور پولیس کے انتظامات کو ڈھال بنا لیا گیا۔
اس کے بعد قدم بہ قدم سختی بڑھتی گئی۔ لائبریری بند کردی گئی، کلاسیں آن لائن کردی گئیں۔ احتجاج کے مقام پر جان بوجھ کر روشنی بند کردی گئی اور راتوں رات ایسی تاریکی چھا گئی کہ خوف کا ماحول پیدا ہو جائے۔ پانی کی ٹنکیاں اور بیت الخلا بند کر دیئے گئے۔ ذرا سوچیے، جو نوجوان اپنے مطالبے کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے، انہیں پانی اور بیت الخلا جیسی بنیادی انسانی ضروریات کے لیے بھی پریشان ہونا پڑا۔ اس کا مقصد واضح تھا کہ طلبہ ان بنیادی ضرورتوں سے تنگ آکر پیچھے ہٹ جائیں۔
ملک کی ایک ممتاز یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ملک کے ہر کونے اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ اسی یونیورسٹی میں جب طلبہ کیمپس کے اندر پُرامن طریقے سے احتجاج کر رہے تھے تو کیمپس کے باہر دہلی پولیس کے جوانوں کے ساتھ آئی ٹی بی پی، آر اے ایف اور دیگر نیم فوجی دستوں کی بٹالینیں تعینات کردی گئیں۔
تصور کیجیے اس طالب علم کا جو کسی گاؤں یا دیہات کی پگڈنڈی سے نکل کر پہلی مرتبہ جامعہ میں تعلیم حاصل کرنے آیا ہو۔ اس نے یونیورسٹی کا دروازہ دیکھنے کا خواب دیکھا تھا، لیکن دروازے پر اسے بیریکیڈز اور وردی پوش اہلکاروں کی قطاریں نظر آئیں۔ اسے یونیورسٹی کے بجائے سرحد جیسا احساس ہوا ہوگا۔
تحریک کی اخلاقی بنیاد کو کمزور کرنے کے لیے ایک اور طریقہ اختیار کیا گیا۔ راتوں رات کیمپس کی دیواروں پر ایسے نعرے لکھ دیے گئے جن کا طلبہ کی تحریک کے بنیادی مطالبات سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا۔ متنازع اور حساس نوعیت کے نعرے دیواروں پر لکھے گئے تاکہ طلبہ کی جائز آئینی جدوجہد کو غیر سماجی رنگ دیا جا سکے۔
اس کے بعد میڈیا ٹرائل شروع ہوگیا۔ جو میڈیا طلبہ کی تحریک پر کوئی خبر نہیں دے رہا تھا، اسے اچانک اپنے ایجنڈے کے مطابق خبر مل گئی۔ اس معاملے پر جامعہ کے طلبہ نے بھرپور احتجاج کیا اور اس پورے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
جامعہ سے تہاڑ تک، بس ایک سوال
اس تحریک کا ایک اور پہلو انتہائی اہم ہے اور وہ آج بھی مجھے بے چین کرتا ہے۔ کیمپس کے اندر طلبہ اپنی لڑائی لڑ رہے تھے اور پولیس کیمپس کے باہر سے طلبہ کو حراست میں لے کر تہاڑ جیل بھیج رہی تھی۔ آخر کیوں؟ جو طلبہ اپنے کیمپس کی جمہوریت کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، انہیں جیل کیوں بھیجا جائے؟
یہی میری کہانی بھی ہے۔ جب ہم سب کیمپس کی جمہوری اقدار کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے تھے تو دہلی پولیس نے مجھے اور میرے جیسے کئی طلبہ کو حراست میں لے لیا۔ پورے دن ہم سے کہا جاتا رہا کہ شام تک رہا کردیا جائے گا۔ ہم اسی امید میں بیٹھے رہے کہ بس چند گھنٹوں کی بات ہے۔ لیکن شام آئی اور گزر گئی، ہمیں جانے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ اس دوران ہم سے مسلسل پوچھ گچھ ہوتی رہی اور رات پولیس حراست میں گزری۔ اگلے دن عدالت نے ہمیں تین دن کی عدالتی حراست میں تہاڑ جیل بھیج دیا۔
اس موقع پر ہم نے ایک فیصلہ کیا۔ ہم کوئی معافی نامہ نہیں لکھیں گے اور نہ ہی کوئی بانڈ بھریں گے، کیونکہ ہم غلط نہیں تھے۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ معافی نامہ لکھ دینے سے شاید جلد رہائی مل جاتی۔ لیکن اس دن ہمارے لیے آزادی سے زیادہ اہم اپنی خودداری تھی۔
امریکی مفکر ہنری ڈیوڈ تھورو نے اپنے مضمون ’’سول ڈس اوبیڈینس‘‘ میں یہ دلیل دی تھی کہ جب کوئی حکومت ناانصافی پر مبنی پالیسیاں اختیار کرے تو ایک ایماندار شہری کا کام اس کا معاون بننا نہیں ہے۔ ایسے وقت میں انصاف پسند انسان کی صحیح جگہ جیل بھی ہو سکتی ہے۔ تھورو نے خود ٹیکس ادا کرنے سے انکار کیا تھا اور اس کے نتیجے میں ایک رات جیل میں گزاری تھی۔ ان کے خیالات گاندھی تک پہنچے، جن کے راستے کا تعلق جامعہ کی اسی بنیاد سے ہے جس کا ذکر میں اوپر کر چکا ہوں۔ ہمارا انکار اسی طویل روایت کی ایک چھوٹی سی کڑی تھا۔
تہاڑ کا دروازہ اور اجنبی لوگ
جیل کا یہ میری زندگی کا پہلا تجربہ تھا۔ تہاڑ کے بارے میں برسوں سے جو کہانیاں سنتا آیا تھا، وہ سب اس وقت میرے ذہن میں ایک ساتھ گردش کرنے لگیں۔ ذہن میں سوال اٹھ رہے تھے کہ اندر کیا ہوگا، کیسے لوگ ہوں گے اور وہاں زندگی کیسے گزرے گی؟ جب ہم ایشیا کے سب سے بڑے جیل کمپلیکس میں سے ایک تہاڑ کے بھاری لوہے کے دروازے کے سامنے پہنچے اور وہ دروازہ ہمارے پیچھے بند ہوا تو اس کی آواز کافی دیر تک میرے کانوں میں گونجتی رہی۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے باہر کی پوری دنیا، میرا گھر، میرے دوست اور میرا کیمپس، سب اسی دروازے کے اس پار چھوٹ گئے ہوں۔
تہاڑ پہنچنے اور تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہمیں جیل نمبر 2 کے وارڈ نمبر 2 میں رکھا گیا، جہاں پہلے سے کئی قیدی موجود تھے۔ میرے ساتھ فیضان احمد تھے، جو جامعہ کے طالب علم اور این ایس یو آئی کی جامعہ یونٹ کے صدر ہیں۔ اس اجنبی جگہ پر ایک جانا پہچانا چہرہ ساتھ ہونا بہت بڑا سہارا تھا۔ ہم سے پہلے جامعہ سے وابستہ تین طلبہ وہاں بھیجے جا چکے تھے اور ان میں سے ایک سے ہماری ملاقات اسی وقت ہوگئی جب ہم نے تہاڑ میں قدم رکھا۔
بیرک میں پہنچتے ہی ہمیں کھانا دیا گیا۔ وہ مشین سے بنی موٹی روٹی اور پتلی دال تھی۔ بھوک کے باوجود ہر نوالہ حلق سے اتارنا مشکل تھا، لیکن ہم نے کھانا کھایا کیونکہ ہمیں اپنی طاقت بچانی تھی۔ اندر قدم رکھتے ہی دوسرے قیدی ہمارے پاس آنے لگے۔ سب کا پہلا سوال یہی تھا کہ بھائی، کیا کرکے آئے ہو؟ تمہارا جرم کیا ہے؟ جب ہم نے بتایا کہ ہم جامعہ کے طالب علم ہیں اور تحریک کی وجہ سے جیل آئے ہیں تو کچھ لوگ خاموش ہوگئے۔ لیکن ان میں سے بعض کا ردعمل عجیب تھا، کیونکہ ہمارا تعلق ملک کے اقلیتی ادارے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے تھا۔
مجھے ان سے کوئی شکایت نہیں ہوئی بلکہ ان پر ترس آیا۔ ان کی سمجھ بھی اتنی ہی تھی جتنی باتیں ان تک پہنچائی گئی تھیں۔ میڈیا میں جو کچھ گھڑا گیا اور برسوں تک جس بیانیے کو دہرایا گیا، وہی ان کے ذہنوں میں بیٹھ گیا تھا۔ میری نظر میں اس کی سب سے بڑی ذمہ داری ملک کے ان میڈیا اداروں پر عائد ہوتی ہے جو طویل عرصے سے اقتدار کے حق میں رہ کر اپنے ایجنڈے کے مطابق خبریں اور بیانیے تشکیل دیتے آئے ہیں۔ جیل کی اس بیرک میں مجھے پہلی مرتبہ اس بیانیے کی طاقت کا اتنا قریب سے اندازہ ہوا کہ کس طرح کسی ادارے کا نام سنتے ہی لوگ اس کے طلبہ کے بارے میں اپنی رائے قائم کرلیتے ہیں۔
یہی وہ بات ہے جو جامعہ کے طلبہ کی جدوجہد کو مزید مشکل بنا دیتی ہے کہ انہیں صرف انتظامیہ سے نہیں بلکہ ایک بنائی گئی تصویر سے بھی لڑنا پڑتا ہے۔
گھٹن اور ٹھہرا ہوا وقت
جیل میں وقت جیسے ٹھہر جاتا ہے۔ ایک گھنٹہ ایک دن کے برابر محسوس ہوتا ہے اور دن ایسا لگتا ہے جیسے کبھی ختم ہی نہیں ہوگا۔ باہر ہم ہر لمحہ کسی نہ کسی کام میں مصروف رہتے تھے، لیکن یہاں ہمارے پاس صرف خالی وقت تھا اور اس وقت میں ہمارے اپنے خیالات بھرے ہوئے تھے۔ رات کو جب بیرک میں خاموشی چھا جاتی تو اس وقت مجھے اپنا کیمپس، خاندان، دوست اور خاص طور پر امی یاد آتی تھیں۔
جیل کے تجربے نے مجھے یہ بھی سکھایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جمہوری مخالفت کو شہری حق کے بجائے جرم کے طور پر دیکھتے ہیں، جس کی سزا جیل کی سلاخیں ہیں۔ لیکن یہ نظام ایک بات بھول جاتا ہے کہ سلاخوں سے گزر کر باہر آنے والا تحریک کار پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر نکلتا ہے۔
جیل کی بیرک میں ملی وہ خبر
جیل میں اگلے دن ایک چھوٹی سی بات نے سب کچھ بدل دیا۔ ایک ساتھی قیدی کے پاس موجود اخبار میں خبر تھی کہ جامعہ میں طلبہ یونین کی بحالی کا راستہ کھل گیا ہے۔ رجسٹرار نے احتجاج کرنے والے طلبہ سے ملاقات کرکے طلبہ یونین کا آئین تیار کرنے اور انتخابات کرانے کے لیے ایک مقررہ مدت کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اسی یقین دہانی پر طلبہ نے اپنی ہڑتال ختم کی تھی۔ خبر پڑھتے ہی میں نے اور فیضان نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔ ہم نے ایک گہری اور طویل سانس لی، جیسے برسوں کا بوجھ اتر گیا ہو۔
باہر ہمارے ساتھی ایبن باسل سمیت کئی طلبہ تقریباً 18 دن سے بھوک ہڑتال پر تھے۔ اٹھارہ دن تک بھوکے رہ کر اپنے حق کے لیے ڈٹے رہنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ یہ انہی کی قربانی تھی جس کے سامنے سخت رویہ اختیار کرنے والی انتظامیہ کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ اس لمحے مجھے محسوس ہوا کہ ہماری جیل بے کار نہیں گئی اور بیرک کی گھٹن میں بھی روشنی کی ایک کرن داخل ہوگئی ہے۔
اسی دوران یہ پیغام ملا کہ ہمارے گھر والے ہم سے ملاقات کے لیے آئے ہیں۔ ان سے مل کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ ہم نے ان سے کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں، ہم ٹھیک ہیں۔ ہم اپنی یونیورسٹی کو بچانے کے لیے جیل آئے ہیں اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ جیل سے باہر آنے کے بعد ایک سوال میرے ذہن میں سب سے زیادہ گردش کرتا رہا کہ آخر مودی حکومت طلبہ یونین سے اتنا خوف زدہ کیوں ہے؟ اس کا جواب میں اپنی رائے کی صورت میں پیش کر رہا ہوں۔
مجھے لگتا ہے کہ حکومت اچھی طرح جانتی ہے کہ یہ طلبہ اس کے خلاف ہونے والی ہر ناانصافی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور طلبہ یونین سے اٹھنے والی آواز بہت جلد کیمپس کی چار دیواری عبور کرکے سڑک، پارلیمنٹ اور اقتدار کے ایوانوں تک پہنچ جاتی ہے۔ اسی وجہ سے کیمپس میں پولیس کی بھاری موجودگی، تادیبی کارروائیوں اور مقدمات کے ذریعے اس آواز کو ابتدا ہی میں کمزور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
جیل کی ان دو راتوں اور تقریباً تین دنوں نے میرے اس یقین کو مزید مضبوط کردیا کہ جب تک ملک کی یونیورسٹیوں کے طلبہ اور باشعور شہری اقتدار کے سامنے مضبوطی سے کھڑے رہیں گے، اس وقت تک اس ملک کی جمہوریت کو مکمل طور پر قید نہیں کیا جا سکتا۔
مجھے یقین ہے کہ جب اس ملک کے نوجوانوں، خصوصاً جین-زی، کے درمیان ایک بڑا مکالمہ شروع ہوگا تو ہر حراست، ہر مقدمے اور ہر لاٹھی کا حقیقی نتیجہ سامنے آئے گا۔ ہم جیل میں تھے، لیکن ہمیں اس بات کا یقین تھا کہ جس لڑائی کو ہم لڑ رہے ہیں، وہ باہر مزید مضبوطی سے لڑی جا رہی ہوگی، اور ایسا ہی ہوا۔
(مضمون نگار ذیشان احمد خان جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طالب علم اور این ایس یو آئی کے نیشنل سوشل میڈیا چیئرپرسن رہ چکے ہیں)
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
