کورونا وائرس: دنیا سنگین بحران کی طرف گامزن، آئی ایم ایف سربراہ کا انتباہ

کرسٹینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پالیسی اقدامات پر توجہ دے رہا ہے تاکہ بحران کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور جنہیں مالی ضرورت ہے ان کی مدد کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی صدر کرسٹینا جارجیوا نے متنبہ کیا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے دنیا بحران کی جانب جا رہی ہے۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وبا کے پھیلاؤ سے اب تک 80 ممالک اس کے نتائج سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے رابطہ کر چکے ہیں۔ یہ بیان جی 20 وزرا خارجہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے درمیان کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے آن لائن اجلاس کے بعد سامنے آیا۔

خیال رہے کہ جی 20 میں دنیا کے با اثر ممالک شامل ہیں۔ ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ جی20 وزرا خارجہ اور مرکزی بینک کے گورنرز نے بتایا ہے کہ عالمی معیشت بحران کی جانب جا رہی ہے اور مشترکہ ’مالی اقدام‘ اس بحران سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے۔ کرسٹینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پالیسی اقدامات پر توجہ دے رہا ہے تاکہ بحران کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور جنہیں مالی ضرورت ہے ان کی مدد کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم ہنگامی فنانسنگ کو مزید بڑھائیں گے، تقریباً 80 ممالک ہم سے مدد مانگ رہے ہیں اور ہم دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر اس پر کام کر رہے ہیں تاکہ مضبوط مشترکہ رد عمل دیا جاسکے۔ انہوں نے دنیا کے امیر ترین ممالک کو یاد دلایا کہ یہی وقت ہے یکجہتی کا اور جی 20 اجلاس کی مرکزی موضوع بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020 میں عالمی نمو منفی ہے اور بدترین بحران کا خدشہ ہے اور عالمی مالیاتی بحران کے وقت ہم 2021 میں بحالی کی امید کرتے ہیں۔

آئی ایم ایف کی سربراہ نے جی 20 اجلاس میں بھی اس نقطے کو نمایاں کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وبا کو روکنے کے لیے اقدامات حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے جنہیں اپنے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے وسائل لگانے ہوں گے۔ تاہم آئی ایم ایف کے سربراہ نے خبردار کیا کہ وبا کے معاشی اثرات شدید ہوں گے اور اگر کورونا وائرس کو فوری روک دیا گیا تو بحالی تیز اور مضبوط ہوسکے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔