پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں پھر لگی آگ، چار دنوں میں چوتھی مرتبہ اضافہ

ملک میں ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کیا گیا ہے، قومی راجدھانی میں 80 پیسے کے اضافہ کے بعد ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 97.81 روپے ہو گئی، جبکہ ڈیزل کے دام 89.07 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے

پٹرول ڈیزل / یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

نئی دہلی: پانچ ریاستوں میں انتخابات کے بعد پٹرولیم مصنوعات کے داموں میں اضافہ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے اور چار دنوں میں تیسری مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ قومی راجدھانی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 97.81 روپے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 89.07 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر کے مہینے سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا۔ دریں اثنا، پانچ ریاستوں میں انتخابات ہوئے اور 10 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔ اس کے بعد گزشتہ منگل سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دو روز تک قیمت بڑھانے کے بعد تیل کمپنیوں نے تیسرے روز قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، تاہم اب چوتھے روز پھر تیل کی قیمت میں تیسری بار پھر 80 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔


رپورٹ کے مطابق ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت 112.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 96.70 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کولکاتا میں پٹرول 107.18 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ڈیزل 92.22 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ملک کے چوتھے اہم شہر چنئی میں آج پٹرول 103.67 روپے اور ڈیزل 93.71 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

کانگریس سمیت حزب اختلاف کی مختلف جماعتیں ایندھن قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنا رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں دہلی سے لے کر جموں تک کانگریس کارکنان سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ میں بھی احتجاج درج کرایا جا رہا ہے۔ کانگریس سمیت حزب اختلاف کی کئی جماعتیں تیل قیمتوں کے حوالہ سے پارلیمنٹ میں تحریک التوا کا نوٹس پیش کر کے اس پر بحث کرانے کا بھی مطالبہ کر رہی ہیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Mar 2022, 8:32 AM