تیل قیمتوں میں پانچویں روز اضافہ، دہلی میں پٹرول کی 25 جولائی کے بعد بلند ترین سطح

پٹرول کی قیمت میں ہفتہ کے روز دہلی اور ممبئی میں 29 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ کولکاتا میں 28 پیسے اور چنئی میں 30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں ہفتہ کے روز لگاتار پانچویں روز اضافہ کا سلسلہ جاری رہا۔ ان پانچ دنوں کے دوران ملک کی راجدھانی دہلی میں پٹرول 1.30 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا جبکہ ڈیزل کے داموں میں 1.10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

ملک کے دیگر شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اسی طرح ایک روپے سے زیادہ کا اضافہ ہو چکا ہے۔ ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوا یہ اضافہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں آئی تیزی کی وجہ سے ہوا ہے۔


پٹرول کی قیمت میں ہفتہ کے روز دہلی اور ممبئی میں 29 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ کولکاتا میں 28 پیسے اور چنئی میں 30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈیزل کے داموں میں بھی دہلی اور کولکاتا میں 24 پیسے جبکہ ممبئی میں 25 اور چنئی میں 26 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔

انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کے دام بڑھ کر بالترتیب 73.35 روپے، 76.05 روپے، 79.02 روپے اور 76.24 روپے فی لیٹر ہو گئے ہیں۔ چاروں اہم شہروں میں ڈیزل کے دام بھی بڑھ کر 66.53 روپے، 68.94 روپے، 69.79 روپے اور 70.33 روپے فی لیٹر ہو گئے ہیں۔


گزشتہ ہفتہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ڈرون حملہ کے بعد بین الاقوامی بازار میں خام تیل کے داموں میں اس ہفتہ کے پہلے کاروباری سیزن کے دوران پیر کے روز اچانک تقریباً 20 فیصد کا اضافہ ہوا جوکہ 28 سال بعد آئی ایک دن کی سب سے بڑی تیزی تھی۔ مبینہ طور پر حملہ کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔