مشرق وسطیٰ جنگ کے اثرات: اسٹاک مارکیٹ کریش، سینسیکس کھلتے ہی 1900 پوائنٹس ٹوٹا
مشرق وسطیٰ جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں تیزی نے عالمی منڈیوں کو ہلا دیا۔ ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ بھی دباؤ میں آ گئی اور سینسیکس کھلتے ہی 1900 پوائنٹس گر گیا جبکہ نفٹی میں بھی بڑی کمی دیکھی گئی

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات اب عالمی مالیاتی منڈیوں پر صاف نظر آنے لگے ہیں اور اسی سلسلے میں ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو زبردست گراوٹ دیکھی گئی۔ کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی سینسیکس اپنے پچھلے بند 76,704 کے مقابلے میں 74,750 پر کھلا اور چند ہی منٹوں میں مزید گر کر 74,685 تک پہنچ گیا، جس کے ساتھ اوپننگ میں ہی تقریباً 1900 پوائنٹس کی بڑی گراوٹ درج کی گئی۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی اس دباؤ سے محفوظ نہیں رہ سکا اور اپنے پچھلے بند 23,777 کے مقابلے میں کمزور آغاز کے ساتھ 23,197 پر کھلا، جہاں 550 پوائنٹس سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ میں اس تیزی سے آئی گراوٹ کی بڑی وجہ خام تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہے، جو عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے سبب برینٹ کروڈ کو 113 ڈالر فی بیرل تک لے گیا ہے۔
سرمایہ کاروں میں بڑھتی بے یقینی کے باعث فروخت کا دباؤ واضح طور پر دیکھا گیا، خاص طور پر بینکنگ اور آٹو سیکٹر میں زیادہ نقصان ہوا۔ ایچ ڈی ایف سی بینک کے شیئرز میں بھی تقریباً 5 فیصد کی کمی درج کی گئی، جس کی ایک وجہ اس کے پارٹ ٹائم چیئرمین اتنو چکرورتی کا استعفیٰ ہے، جس نے مارکیٹ کے اعتماد کو متاثر کیا۔
عالمی بازاروں کا رجحان بھی منفی رہا، ایشیائی منڈیوں میں جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ اور چین کے اہم انڈیکسز گراوٹ کے ساتھ ٹریڈ کرتے نظر آئے، جبکہ امریکی بازار بھی گزشتہ سیشن میں نقصان کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ اس عالمی دباؤ نے ہندوستانی مارکیٹ کی کمزوری کو مزید بڑھا دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایک دن پہلے بازار میں تیزی دیکھی گئی تھی، لیکن تازہ جغرافیائی حالات اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اس تیزی کو برقرار نہ رکھ سکا۔ ماہرین کے مطابق جب تک صورتحال میں استحکام نہیں آتا، مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔