ملک میں آج سے کئی اہم تبدیلیاں، سونا، ایل پی جی سلنڈر سے لے کر ٹول ٹیکس تک، جانیں کیا سستا ہوا اور کیا مہنگا؟

نئے ٹیکس نظام کے سلیب آج سے نافذ ہو گئے ہیں اور عام لوگوں کے لیے ٹیکس میں رعایت کے دائرے میں اضافہ ہو گیا۔ ملک میں سونے کی فروخت کے حوالہ سے بھی آج سے نیا اصول نافذ کر دیا گیا، جانیں دیگر اہم تبدیلیاں

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>

علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آج یکم اپریل سے نئے مالی سال 2023-24 کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسی کے ساتھ آج سے آپ کو روزمرہ کی زندگی سے متعلق بہت سی چیزوں اور اصولوں میں تبدیلی نظر آئے گی۔ نئے انکم ٹیکس نظام کے نئے سلیب آج سے نافذ ہو گئے ہیں۔ ملک میں سونے کی فروخت کے حوالے سے نئے اصول بھی آج سے نافذ ہو گئے ہیں۔ ان کے علاوہ بھی بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ایل پی جی کمرشل سلنڈر کے داموں میں تخفیف

ملک میں آج سے کمرشل ایل پی جی سلنڈر سستے ہو گئے ہیں۔ 19 کلو کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 91 روپے 50 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ قیمت میں کمی کے بعد اب دہلی میں اس سلنڈر کی قیمت 2028 روپے ہو گئی۔ تاہم گھریلو کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ خیال رہے کہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو پٹرولیم کمپنیاں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں ردوبدل کرتی ہیں۔


ہائی وے-ایکسپریس وے پر سفر آج سے مہنگا

آج سے ملک میں ہائی ویز اور ایکسپریس ویز پر سفر کرنا مہنگا ہو گیا ہے۔ دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے اور این ایچ-9 پر آج سے ٹول ٹیکس میں تقریباً 10 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر بھی ٹول کی شرح بڑھا دی گئی ہے۔ اب آپ کو ایکسپریس وے پر سفر کرنے کے لیے 18 فیصد زیادہ ٹول ادا کرنا پڑے گا۔

ٹیکس کا نیا نظام آج سے لاگو

ملک میں انکم ٹیکس کے نئے نظام کے نئے سلیب آج سے نافذ ہو گئے ہیں۔ عام بجٹ 2023 میں حکومت نے نئے سلیب کا اعلان کیا تھا۔ اس میں سلیبوں کی تعداد 6 سے کم کر کے 5 کر دی گئی۔ حکومت کے اعلان کے مطابق ٹیکس کا نیا نظام ڈیفالٹ ہوگا اور اگر کوئی پرانے سلیب کا انتخاب کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے اسے فارم بھرنا ہوگا۔


7 لاکھ روپے تک کی آمدنی ٹیکس فری

انکم ٹیکس چھوٹ کی حد آج سے 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 7 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ تاہم یہ فائدہ صرف ان لوگوں کو ملے گا جو نئے ٹیکس نظام کا انتخاب کرتے ہیں۔ نئے ٹیکس نظام میں انکم ٹیکس ایکٹ کے تحت ٹیکس چھوٹ 12500 روپے سے بڑھا کر 25000 روپے کر دی گئی ہے۔ تاہم، 7 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر صفر ٹیکس کا فائدہ حاصل کرنے والوں کو اس رعایت کا فائدہ نہیں ملے گا۔

سونے کے زیورات کی فروخت

سونے کے زیورات کی فروخت سے متعلق نیا اصول بھی آج سے نافذ ہو گیا ہے۔ صارفین کی وزارت کے مطابق نئے اصول کے تحت اب 4 ہندسوں والے ہال مارک یونیک آئیڈنٹیفکیشن (ایچ یو آئی ڈی) والے زیورات کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور صرف 6 ہندسوں والے ہال مارک ایچ یو آئی ڈی زیورات ہی فروخت ہو سکیں گے۔ تاہم، صارفین اپنے پرانے بغیر ہال مارکنگ والے زیورات بھی فروخت کر سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔