دہلی حکومت کی طرف سے 23.90 روپے فی کلو کی شرح سے پیاز کی فروخت شروع

دہلی حکومت نے جمعہ کے روز یہ اعلان کیا تھا کہ ہفتہ سے شہر میں موبائل وین اور راشن کی دکانوں کے ذریعے پیان کی فروخت 23.90 روپے فی کلو کی شرح سے کی جائے گی۔

تصویر اے آئی این ایس
i

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز 23 .90 روپے فی کلو گرام کی شرح سے پیاز کی فروخت کے لئے موبائل وین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کر دیا۔ دراصل، دہلی حکومت نے جمعہ کے روز یہ اعلان کیا تھا کہ ہفتہ سے شہر میں موبائل وین اور راشن کی دکانوں کے ذریعے پیان کی فروخت 23.90 روپے فی کلو کی شرح سے کی جائے گی۔

کیجروال نے کہا کہ ملک بھر میں خورد ہ بازار میں پیاز کی قیمتیں 60 سے لے کر 80 روپے فی کلو تک ہیں ۔ انہوں نے کہا، ’’دہلی حکومت 70 موبائل وینوں اور راشن کی 400 دکانوں کی معرفت تمام 70 اسمبلی حلقوں میں 23.90 روپے فی کلو کی شرح سے پیاز دستیاب کرائے گی۔‘‘


حکومت کی طرف سے چلائی گئی اس اسکیم کے تحت ایک شخص 5 کلو تک پیاز خرید سکتا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ پیاز کی یہ قیمت اگلے پانچ دنوں کے لئے ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ جمع خوری اور کالا بازاری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک لاکھ کلو پیاز لوگوں تک پہنچانے کا بندوبست کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہم اگلے پانچ دنوں میں فروخت اور کھپت کی بنیاد پر آگے کی مانگ کے حوالہ سے فیصلہ کریں گے۔ ہم اس فیصلے کو پیاز کی قیمتوں کے مستحکم ہو جانے تک جاری رکھیں گے۔ ‘‘


انہوں نے کہا ، ’’پیاز کی فروختگی مقررہ مقامات پر صبح 10 بجے سے شامل 5 بجے کے دمیان ہوگی۔ ان مقامات سے خریداری کرنے کے لئے کسی شناختی کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ لوگ ایماندار رہیں گے اور صرف اور صرف گھریلو استعمال کے لئے ہی پیاز خریدیں گے۔ ‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Sep 2019, 7:10 PM