گراونڈ بریکنگ تقریب: لکھنؤ میں رکھی جائے گی 65 ہزار کروڑ سرمایہ کاری کی بنیاد

اس کے تحت ساتھ 292 پروجکٹوں کی بنیاد رکھی جائے گی۔ جس سے 2.5 لاکھ نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ جس میں ملک کے معروف صنعت کار شرکت کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں 65 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے لئےدوسری گروانڈ بریکنگ تقریب کا افتتاح بی جے پی صدر و وزیر داخلہ امت شاہ کے ہاتھوں اتوار کو نوابوں کے شہر لکھنو میں ہوگا۔ اس کے تحت ساتھ 292 پروجکٹوں کی بنیاد رکھی جائے گی۔ جس سے 2.5 لاکھ نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ جس میں ملک کے معروف صنعت کار شرکت کریں گے۔

ان پروجکٹوں کا اعلان گذشتہ سال فروری کے مہینے میں منعقد ’پہلے انوسٹر سمٹ‘ میں کیا گیا تھا۔ اس وقت یوگی حکومت نے سرمایہ کاری کے لئے تقریباً 1047 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے تھے۔ جو کہ تقریبا 4.68 لاکھ کروڑ روپئے تک تھی۔


انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کے ریاستی وزیر ستیش مہانہ نے یو این آئی کو بتایا کہ اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقد ہونے والی دوسری گروانڈ بریکنگ تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔مہمانوں کے استقبال کے لئے راجدھانی کو سجایا گیا ہے۔پروگرام منعقد ہونے والےمقام تک جانے والی تمام سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے۔سڑکوں کے کنارے کے تمام قبضہ جات کو ہٹا دیا گیا ہے ۔مہمانوں کی سیکورٹی کے لئے جامع انتظام کیا گیا ہے۔

مہانہ نے کہا کہ پورا پروگرام چھ اجلاس پر مشتمل ہوگا جس میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔اجلاس کے بعد ’بزنس ٹو گورنمنٹ (بی 2 جی) میٹنگ منعقد ہوگی جس کے بعد تقسیم ایوارڈ کا بھی پروگرام ہوگا۔ پروگرام کا آغاز11:00 بجے ہوگا جبکہ اجلاس 14:00 بجے سے 17:00 کے درمیان ہوگا۔


انہوں نے بتایا کہ پہلا اجلاس فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری،دوسرا دفاع و ائیر واسپیس مینوفیکچرنگ،تیسرا الکٹرانک مینو فیکچرنگ،چوتھا سیاحت اور فلم، پانچواں الکٹرک موبیلیٹی اور چھٹا و آخری اجلاس بجلی و قابل تجدید توانائی پر مبنی ہوگا۔ وہیں ریاستی حکومت نے آنے والے مہمانوں کی دیکھ بھال اور انہیں ہر قسم کی سہولیات دستیاب کرانے کی ذمہ داری 9 محکموں کو سونپی ہے۔ مجموعی طور پر 200 خصوصی مہمانوں کے آنے کی امید ہے جن میں سے 11 انتہائی خاص ہیں۔

ریاست کے خصوصی مہمانوں میں آدتیہ برلا گروپ کے چیئر مین کمار منگلم برلا، مہندرا اینڈ مہندرا لمیٹیڈ کے چیئرمین آنند سی مہندرا، آئی ٹی سی سی ای او سنجیو پوری، میدانتا گروپ کے چیئر مین نریش تریہان،ایچ سی ایل گروپ کے فاونڈر ۔چیئر مین شیو نادر،پپسی۔کوکاکولا انڈیا کے صدر و سی ای او احمد شیخ،ٹاٹا سنس چیئر مین چندر شیکھرن، سیمسنگ انڈیا کے صدر و سی ای او ایچ ہونگ،اڈانی گروپ کے چیئر مین اور منیجنگ ڈائرکٹر گوتم اڈانی اور ٹورنٹ گروپ کے چیئر مین سدھیر مہتا شامل ہیں۔


گذشتہ سال 29 جولائی کو پہلی گراونڈ بریکنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 60 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کے پروجکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔اس وقت انہوں نے اترپردیش اور مہاراشٹرا سے ہندوستان کی پہلی ایک ٹرین ڈالر معیشت والی ریاست بننے کی دوڑ میں شامل ہونے کی تلقین کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔