زینت امان کے ساتھ بدسلوکی، ایف آئی آر درج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اپنے دور کی مشہور و معروف اداکارہ زینت امان نے ممبئی کے ایک 38 سالہ بزنس مین کے خلاف استحصال اور ان کا پیچھا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس شخص نے فحش واٹس ایپ ویڈیو بھی بھیجا اور گھر آ کر دھمکی بھی دی۔ ممبئی پولس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ فی الحال نامزد بزنس مین فرار ہے اور پولس اس کی تلاش کر رہی ہے۔ ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق بزنس مین کا نام محمد سرفراز عرف امر کھنہ ہے۔

ممبئی پولس نے اس سلسلے میں بتایا کہ زینت امان کی شکایت تعزیراتِ ہند کی دفعہ 304 ڈی (پیچھا کرنے) اور 509 (عورت کی بے عزتی کرنے) کے تحت درج کی گئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ زینت بزنس مین کو جانتی ہیں لیکن جان پہچان بہت پرانی نہیں ہے۔ ان دونوں کے درمیان رشتہ اس وقت خراب ہو گیا جب کسی وجہ سے زینت نے ان سے بات چیت کرنا بند کر دی۔ اس کے باوجود بزنس مین انھیں فون کرتا رہا اور ان کا پیچھا کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق بزنس مین نے زینت امان کو یہ دھمکی دی کہ اگر وہ ان سے بات نہیں کریں گی تو اس کا نتیجہ ان کے بیٹے کو جھیلنا پڑ سکتا ہے۔ حالت اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب بزنس مین نے زینت امان کے گھر کے احاطہ میں پہنچ کر سیکوریٹی گارڈ سے بھی بدتمیزی کی اور اس کے ساتھ مار پیٹ کی۔ جب زینت امان کے لیے برداشت کرنا مشکل ہو گیا تو انھوں نے پولس سے رابطہ کیا اور جوہو پولس اسٹیشن میں ان کے خلاف شکایت درج کرائی۔ پولس کے مطابق فی الحال معاملے کی چھان بین جاری ہے اور ملزم کے فرار ہونے کی وجہ سے اب تک انھیں گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔