تھیٹر کے زمانہ میں ایسے نظر آتے تھے شاہ رخ خان! سپر اسٹار کی ’ان دیکھی تصویر‘ وائرل

ٹوئٹر کے ایک صارف نے شاہ رخ خان کی ایک ایسی بلیک اینڈ وائٹ تصویر کو مشترک کیا ہے جس میں وہ کافی پتلے نظر آ رہے ہیں اور ساتھیوں کے ساتھ کسی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں

سپر اسٹار شاہ رخ خان / Getty Images
سپر اسٹار شاہ رخ خان / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے تعلق سے سرخیاں بٹور رہے ہیں اور حال ہی میں ان کی ایک تصویر کافی مقبول ہوئی تھی جس میں سپر اسٹار نے کام پر لوٹنے کی بات کی تھی۔ دریں اثنا، کنگ خان کی ایک اور تصویر وائرل ہو رہی ہے، جو کافی پرانی ہے اور اس زمانہ کی ہے جب شاہ رخ خان ٹھیٹر میں دلچسپی رکھتے تھے۔

ٹوئٹر کے ایک صارف نے ہفتہ کے روز شاہ رخ خان کی اس بلیک اینڈ وائٹ تصویر کو مشترک کیا، جس میں وہ کافی پتلے نظر آ رہے ہیں اور ساتھیوں کے ساتھ کسی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں۔ اس تصویر میں شاہ رخ خان کے ساتھ سنجے رائے بھی نظر آ رہے ہیں جو اب ایک ایونٹ منیجمنٹ کمپنی میں منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سنجے رائے نے تصویر سے جڑی پرانی یادوں کو تازہ کیا ہے۔


سنجے نے بتایا کہ یہ تصویر اس وقت کی ہے جب وہ ہدایتکار بیری جان کے ڈرامے ’رف کراسنگ‘ کے لئے کلکتہ جانے والے تھے۔ برسوں پرانی شاہ رخ کی اس تصویر کو شاید ہی کسی نے دیکھا ہو۔ اداکار کے لئے یہ تصویر خاص ہے لیکن ان کے مداحوں کے لئے بھی یہ کسی تحفہ سے کم نہیں ہے۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان نے کچھ سال تھیٹر میں کام کرنے کے بعد ٹی وی کا رخ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 1989 میں ’فوجی‘ سیریل سے کیا تھا۔ پھر کچھ اور سیریلز میں نمودار ہونے کے بعد فلم ’دیوانہ‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ شاہ رخ کو آخری بار 2018 میں فلم ’زیرو‘ میں دیکھا گیا تھا۔ اب ایک طویل وقفے کے بعد ’کنگ خان‘ آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے ساتھ واپسی کرنے کے لئے تیار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔