سالگرہ: بہت یادگار رہا سری یمّا ینگر سے شری دیوی اور پھر اداکاری کی ملکہ بننے کا سفر

1977 میں ریلیز تمل فلم ’16 بھیانتھنلے‘ کی کامیابی کے بعد شری دیوی ایک اسٹار اداکارہ تصور کی جانے لگی۔ ہندی فلموں میں ان کے کیریئر کی پہلی فلم سال 1979 میں ریلیز ہونے والی ’سولہواں ساون‘ تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بالی وڈ کی سپراسٹار اداکارہ شری دیوی کا اصل نام شری یمّا ینگر تھا۔ ان کی پیدائش 13 اگست 1963 کو تامل ناڈو کے ضلع شیوکاشی میں چھوٹے سے گاؤں مینم پٹی میں ہوا تھا۔ ان کے والد تمل اور والدہ تیلگو تھیں جن کے نام ائیپن اور راجیشوری تھے۔ ان کے والد پیشے سے ایک وکیل تھے۔ شری دیوی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز محض چار برس کی عمرمیں تامل فلم سے کیا تھا۔ سال 1976 تک انہوں نے جنوبی ہند کی کئی فلموں میں بچوں کے کردار ادا کئے۔ بطور اداکارہ ان کی پہلی تامل فلم مندرو مودیچی تھی۔

سال 1977 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم’ 16 بھیانتھنلے‘ کی کامیابی کے بعد شری دیوی کی ایک اسٹار اداکارہ کے طور پر شناخت قائم ہوئی۔ہندی فلموں میں ان کے کیریئر کی پہلی فلم سال 1979 میں ریلیز ہونے والی ’سولہواں ساون‘ تھی۔ لیکن یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔اس کے بعد شری دیوی نے بالی وڈ فلمی صنعت چھوڑکر دوبارہ جنوبی ہند کی فلموں کا رخ کیا۔ اس کے بعد سال 1983 میں انہوں نے ایک بار پھر بالی وڈ کا رخ کیا اور وہ فلم ہمت والا میں جتیندر کے ساتھ نظر آئیں۔ ہمت والا کی کامیابی کے بعد وہ ہندی فلموں میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔ سال 1983 میں شری دیوی کے فلمی کیریئر کی ایک اور فلم ریلیز ہوئی جو ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی لیکن فلمی نقاد مانتے ہیں کہ وہ فلم شری دیوی کے فلمی سفر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔

شری دیوی  کی فائل تصویر
شری دیوی  کی فائل تصویر
سوشل میڈیا

سال 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم نگینہ ان کے فلمی کیریئر کی بڑی ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ناگن کا رول ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان پر عکس بند کیا گیا نغمہ ’میں تیری دشمن، دشمن تو میرا‘ کافی مقبول ہوا تھا۔اس نغمے میں اپنے بہترین رقص سے انہوں نے ناظرین کو کافی محظوظ کیا۔سال 1987 کی ان کی فلم مسٹر انڈیا نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ یہ فلم بچے بڑوں سبھی نے کافی مقبول ہوئی۔ سال 1989 میں شری دیوی کے فلمی کیریئر کی ایک اور بڑی فلم چال باز ریلیز ہوئی۔اس فلم میں وہ ڈبل رول میں نظر آئیں۔ شری دیوی کے لئے یہ کردار ادا کرنا کافی چیلنجنگ تھا لیکن انہوں نے اپنے بہترین اداکاری سے اس کردار کو زندہ جاوید بنادیا بلکہ نئی نسل کے لئے ایک مثال پیش کی۔ اسی برس ان کی ایک اور سپرہٹ فلم چاندنی ریلیز ہوئی۔ یش چوپڑا کی ہدایت کاری والی اس فلم میں شری دیوی نے چاندنی کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔اس میں ان کی اداکاری کا نئے رنگ دیکھنے کو ملے۔کہیں وہ چلبلے انداز میں نظر آئیں تو کہیں سنجیدہ دکھائی دیں۔اس فلم کے لئے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
شری دیوی

سال 1991 میں ان کے کیریئر کی ایک اور بڑی ہٹ فلم ل’لمحے‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں انہیں ایک بار پھر فلمساز و ہدایت کار یش چوپڑا کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔اس فلم میں بھی انہوں نے ماں اور بیٹی کے دوہرے کردار ادا کرکے فلم بینوں کے دل جیت لئے۔ سال 1992 میں پردہ سمیں کی زینت بننے والی فلم ’خدا گواہ‘ریلیز ہوئی۔ یوں تو اس فلم کی کہانی امیتابھ کے گھومتی ہےلیکن ماں بیٹی کے دوہرے کردار والی اس فلم میں وپ ناظرین کے دلوں پر اپنی بہتری ادکاری کے نقوش چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔


سال 1996 میں انہوں نے فلمساز و ہدایت کار بونی کپور سے شادی کے بعد فلموں میں کام کرنا کافی حد تک کم کردیا۔ سال 1997 میں ریلیز ہوئی فلم جدائی شری دیوی کی بطور ہیروئن آخری فلم تھی۔ اس فلم میں ان کے ہیرو انل کپور تھے۔ یہ فلم بھی ایک بڑی ہٹ ثابت ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
بونی کپور اور شری دیوی

بالی وڈ میں شری دیوی نے یوں تو ہر بڑے اداکار جیسے کمل ہاسن، رجنی کانت، امیتابھ، دھرمیندر، سنی دیول، راجیش کھنہ، شاہ رخ خان،سلمان خان، اکشے کمار وغیرہ کے ساتھ کام کیا لیکن ہندی فلموں میں شری دیوی کی جوڑی سدا بہار اداکار جتیندر کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔وہ ہمت والا،گھر سنسار،موالی، تحفہ،سہاگن، مقصد،اولاد، عقل مند، آگ اور شعلہ، جسٹس چودھری،بلیدان، دھرم ادھیکاری میں نظر آئیں ۔آگے چل کر ان کی جوڑی انل کپور کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ انل کپور کے ساتھ انہوں نے لاڈلا ، لمحے ، مسٹر انڈیا،گرو،کرما،سونے پے سہاگہ، روپ کی رانی چوروں کا راجا،ہیر رانجھا، مسٹر بیچارہ اور جدائی جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ شری دیوی کی دیگر فلموں میں صدمہ، گمراہ، چاند کا ٹکڑا، چندر مکھی، آخری راستہ، نذرانہ، انقلاب، غیر قانونی، جاگ اٹھا انسان جیسی فلمیں شامل ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
شری دیوی

شری دیوی نے اپنے فلمی سفر کے دوران تقریباً 200 فلموں میں کام کیا۔ہمہ جہت صلاحیت کی مالک شری دیوی نے ہندی فلموں کے علاوہ تیلگو، تامل، اور ملیالم فلموں میں بھی کافی نام کمایا۔ سال 2012 میں انہوں نے بالی وڈ میں ’انگلش ونگلش‘ سے اپنے کیریئر کا دوبارہ آغاز کیا۔یہ فلم بھی سپرہٹ رہی۔ سال 2013 میں بھارتی حکومت نے انہیں پدم شری کے ایوارڈ سے نوازا۔ شری دیوی اب تک پانچ فلم فیئر ایوارڈز حاصل کیے۔ سال 2017 میں شری دیوی کی فلم 'مام' ریلیز ہوئی تھی جو ان کی 300 ویں فلم تھی۔ اپنی لاجواب اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے والی اس اداکارہ نے 24 فروری 2018 کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔