معروف گلوکار کے کے کی آخری رسومات ادا، مداحوں نے نمناک آنکھوں سے کہا الوداع

کولکاتا میں ایک لائیو کنسرٹ کے دوران اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد کے کے انتقال کر گئے تھے، ان کا جسد خاکی ممبئی لایا گیا جہاں آج ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: اپنے سیکڑوں گانوں سے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہنے والے مشہور گلوکار کے کے کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ کولکاتا میں انتقال کے بعد آج ورسووا کے شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ کرشن کمار کناتھ یعنی کے کے کی چتا کو ان کے بیٹے نکول نے نذر آتش کیا۔

کے کے کی آخری رسومات ادا کرنے کے موقع پر بیٹے نکول کرشنا کناتھ کے علاوہ بیٹی تمارا، اہلیہ جیوتی کرشنا اور بڑی تعداد میں میوزک انڈسٹری سے وابستہ ہستیاں موجود رہیں اور کے کے کو نمناک آنکھوں سے الوداع کہا۔ اس دوران کئی بالی ووڈ ستارے انہیں یاد کرتے نظر آئے۔


اس دوران اپنے چہیتے گلوکار کے آخری دیدار کے لئے لوگوں کا جم غفیر امنڈ پڑا۔ ہزاروں مداح نے کے کے کو آخری سلام پیش کرنے کے لئے پہنچے۔ اس دوران مداحوں نے ’کے کے امر رہیں‘ کے نعرے بھی بلند کئے۔ اس کے علاوہ وہاں موجود دنیائے موسیقی سے وابستہ تمام ہستیاں بھی جذباتی نظر آئیں۔

قبل ازیں، کے کے کا جسد خاکی بدھ کی شام کولکاتا سے ممبئی پہنچا تھا۔ ان کے جسد خاکی کو آج ان کی رہائش پر رکھا گیا جہاں متعدد اہم شخصیات نے ان کے آخری دیدار کئے۔ آخری دیدار کرنے والوں میں دنیائے موسیقی سے وابستہ گلوکار وشال بھاردواج، شرییا گھوشال اور الکا یاگنک شامل تھے۔


یاد رہے کہ منگل کے روز کولکاتا کے نذرل منچ آڈیٹوریم میں کنسرٹ کے بعد کے کے کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ اس کے بعد کولکاتا میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایم آر آئی) لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ ان کے انتقال کے بعد کئی طرح کی کہانیاں منظر عام پر آئیں اور پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ بھی درج کیا لیکن پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹروں نے یہ تصدیق کر دی کہ کے کے کی موت دورہ قلب کی وجہ سے ہی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔