ٹی-20 ورلڈ کپ جیت: شاہ رخ خان سمیت فلمی ستاروں نے ٹیم انڈیا کو دی مبارکباد
ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں تاریخی کامیابی کے بعد شاہ رخ خان نے ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے جامع اور قابلِ فخر فتح قرار دیا۔ فلمی دنیا کے کئی دیگر ستاروں نے بھی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا
ممبئی: ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں ہندوستان کی شاندار کامیابی کے بعد ملک بھر میں جشن کا ماحول ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں 96 رن کی بڑی جیت کے بعد جہاں شائقینِ کرکٹ نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں فلمی دنیا کے نامور ستاروں نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستانی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔ اس سلسلے میں اداکار شاہ رخ خان کا پیغام خاص طور پر نمایاں رہا جسے مداحوں نے بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔
شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ ایک مکمل اور شاندار فتح ہے۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں ان کی کارکردگی نے پورے ملک کو فخر محسوس کرایا ہے۔ انہوں نے ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب حقیقی معنوں میں چیمپئن ہیں اور پورا ملک آپ کی اس کامیابی پر نازاں ہے۔
ٹی-20 ورلڈ کپ کے فائنل میں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے تیسری بار ٹی-20 ورلڈ کپ جیت کر ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
میچ کے اختتام کے بعد جیسے ہی ہندوستانی کھلاڑیوں نے میدان میں جشن منانا شروع کیا، ویسے ہی سوشل میڈیا پر مبارک بادی پیغامات کی بھرمار ہو گئی۔ اداکار اجے دیوگن نے لکھا کہ اتنی زور سے خوشی میں چیخنے سے ان کا گلا بیٹھ گیا ہے مگر ان کی مسکراہٹ پورا ہفتہ برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے آج اربوں دلوں کو فخر سے بھر دیا ہے۔
اکشے کمار نے بھی اپنے پیغام میں ٹیم انڈیا کو ورلڈ کپ گھر لانے پر مبارک باد دی اور کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا۔ اداکار انوپم کھیر نے مختصر مگر پرجوش پیغام میں لکھا کہ ہندوستان چیمپئن بن گیا ہے اور یہ لمحہ پورے ملک کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
اداکارہ اننیا پانڈے نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم چیمپئن ہیں، جب کہ پرینیتی چوپڑا نے ٹیم کے جشن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کو یادگار قرار دیا۔
جنوبی ہندوستانی فلمی صنعت کے معروف اداکار جونیئر این ٹی آر نے بھی ہندوستانی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں پرسکون، متوازن اور بااعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ہندوستانی ٹیم عالمی کرکٹ میں اپنی مضبوط حیثیت رکھتی ہے۔
اداکار مہیش بابو نے اپنے پیغام میں ٹیم کے مختلف کھلاڑیوں کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جیت نے ایک ارب چالیس کروڑ ہندوستانیوں کے دلوں کو خوشی سے بھر دیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر سنجو سیمسن، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، شیوم دوبے، جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
اس کے علاوہ چیرنجیوی، ابھیشیک بچن، انل کپور، سنی دیول، سنیل شیٹی اور رتیش دیشمکھ سمیت کئی دیگر فنکاروں نے بھی ہندوستانی ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ سوشل میڈیا پر آنے والے ان پیغامات سے واضح ہے کہ کرکٹ میں ہندوستان کی یہ فتح صرف کھیل تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے ملک کے لیے فخر اور خوشی کا باعث بن گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔