LIVE: سلمان خان ممبئی پہنچے

جودھپور سیشن عدالت سے سلمان خان کی درخواست کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ ضمانت منظور ہونے کے بعد سلمان کے پرستاروں میں جشن کا ماحول ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 Apr 2018, 7:59 PM

جودھپور عدالت سے ضمانت کے بعد سلمان ممبئی پہنچ گئے

سلمان خان جودھپور عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد بالآخر ممبئی پہنچ گئے۔ یہاں سلمان خان کو ان کے شیدائیوں نے گھیر لیا جن کا انھوں نے ہاتھ لہرا کر شکریہ ادا کیا۔

07 Apr 2018, 7:03 PM

سلمان خان ممبئی کے لیے روانہ

جودھپور ہوائی اڈے سے اداکار سلمان خان نے ایک خصوصی طیارے سے ممبئی کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ شام میں 7.15 بجے ممبئی پہنچ جائیں گے۔

07 Apr 2018, 5:52 PM

سلمان خان جودھپور ایئرپورٹ پہنچے

جودھپور سنٹرل جیل سے رہا ہونے کے بعد اداکار سلمان خان جودھپور ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ سے چارٹیڈ طیارے سے براہ راست وہ ممبئی کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔


07 Apr 2018, 5:44 PM

جودھپور سنٹرل جیل سے رہا ہوئے سلمان خان

جودھپور سنٹرل جیل سے اداکار سلمان خان رہا ہو گئے ہیں۔ وہ جیل سے براہ راست جودھپور ایئر پورٹ کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ سلمان خان چارٹیڈ طیارے سے براہ راست ممبئی روانہ ہو ہوں گے۔ چارٹیڈ طیارہ ایئر پورٹ پہنچ چکا ہے۔ سلمان کی دونوں بہنیں بھی ایئرپورٹ پہنچ چکی ہیں۔

07 Apr 2018, 5:04 PM

سلمان کے اہلخانہ جودھپور جیل میں پہنچے

سلمان خان کی ضمانت جودھ پور سیشن عدالت سے منظور ہو چکی ہے۔ عدالت نے رہائی کا پروانہ جاری کر دیا ہے جسے جیل میں پہنچا دیا گیا ہے۔ سلمان کو لینے کے لئے ان کے اہلخانہ جیل میں پہنچ گئے ہیں۔ سلمان خان کے پرستاروں نے ان کے اعزاز میں جیل کے باہر گلاب کے پھول بھچا دئے ہیں۔


07 Apr 2018, 4:31 PM

وہ دلائل جن سے سلمان خان کا موقف مضبوط ہوا

سلمان خان کی وہ 5 دلائل جن سے ان کا بیل کا دعویٰ مضبوط ہوا:

  • سلمان خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان 20 سالوں میں سلمان نے ہمیشہ عدالت کا احترام کیا۔ کبھی ضمانت کے ضوابط کی خلاف ورزی نہیں کی اور ہمہشہ سماعت کے دوران عدالت میں موجود رہے۔ انہوں نے تحقیقات میں بھی پورا تعاون دیا۔
  • وکیل مہیش بورا نے کہا، سلمان خان بے قصور ہیں۔ انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا ہے۔
  • سلمان کے وکیل اپنی دلیل میں کالا ہرن شکار سے متعلق آرمس ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ سلمان کی بندوق جائے وقوعہ پر موجود تھی۔ انہیں اس مقدمہ میں ہائی کورٹ سے بری کیا جا چکا ہے۔
  • وکیل نے دلیل دی کہ سلمان کو ضمانت دی جانی چاہئے۔ ضمانت نہ دیا جانا ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔
  • بورا نے کہا کہ اگر سلمان کو ضمانت نہیں دی جاتی ہے تو انہیں بلا وجہ جیل میں مزید وقت گزارنا ہوگا۔ مہیش بورا نے سوال کیا کہ اگر سلمان خان نے جیل میں بغیر وجہ وقت گزارا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ انہوں نے سلمان کی طرف سے کئے گئے سماجی کاموں کا بھی حوالہ دیا۔
07 Apr 2018, 3:04 PM

سلمان خان کی درخواست ضمانت منظور

کالا ہرن شکار معاملہ میں جودھپور سیشن عدالت سے سلمان خان کی درخواست کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ سیشن جج رویندر جوشی نے 3 بجے اپنا فیصلہ سنایا اور سلمان خان کو 50 ہزار کے مچلکہ پر ضمانت دی گئی ہے۔ تاہم عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ سلمان خان بغیر اجازت بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران سلمان خان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا موجود تھیں۔ جیسے ہی ضمانت منظور ہوئی دنوں بہنیں خوشی سے ایک دوسرے سے لپٹ گئیں۔ دنوں کی آنکھوں میں کوشی کے آنسو جھلک پڑے۔ سلمان کی دونوں بہنیں اور باڈی گارڈ شیرا جمعرات سے ہی جودھپور میں موجود ہیں۔ ضمانت منظور ہونے کے بعد سلمان کے پرستاروں میں جشن کا ماحول ہے۔

سرکاری وکیل بھوانی سنگھ بھاٹی کی طرف سے سلمان خان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی گئی۔ سماعت کے دوران انہوں نے کہا کہ فلم اداکار سلمان خان کو ضمانت نہ دی جائے کیوںکہ یہ کوئی معمولی معاملہ نہیں ہے بلکہ سزا کی معطلی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبادلہ ہو جانے کے باوجود جج رویندر جوشی کا ضمانت پر فیصلہ سنانا غلط ہے۔ تمام دلائل سننے کے بعد جج نے سلمان خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

قبل ازیں سی جے ایم عدالت نے سلمان خان کو 5 سال کی سزا سنائی تھی اور 10 ہزار کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ اس کے بعد سلمان کو جودھپور سنٹرل جیل میں بھیج دیا گیا تھا۔ جمعہ کو سلمان خان کی ضمانت پر سماعت شروع ہوئی تھی لیکن جج نے معاملہ آج تک کے لئے ملتوی کر دیا تھا۔ آج جج نے دونوں فریقین کی دلائل سنیں اور لنچ کے بعد فیصلہ سنانے کو کہا تھا۔

سلمان خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران کانکنی کے جنگلوں میں دو ہرنوں کا شکار کیا۔ اس معاملہ میں سی جے ایم عدالت نے 5 اپریل کو اداکار سلمان خان کو مجرم قرار دیا تھا۔

 LIVE: سلمان خان ممبئی پہنچے

سلمان خان کی ایک ننہی پرستار نے اعلان کر دیا تھا کہ جب تک ان کو ضمانت نہیں ملے گی وہ کھانا نہیں کھائے گی اور پانی بھی نہیں پئے گی۔

بشنوئی طبقہ کی طرف سے پیش ہوئے وکیل نے سلمان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ انہوں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’’سلمان کو 25-25 ہزار کے دو مچلکہ بھرنے ہوں گے اور وہ عدالت کی مرضی کے بغیر بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ انہیں 7 مئی کو عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔‘‘

سلمان خان کے گھر کے باہر جشن کا ماحول

بہار کے پٹنہ شہر میں سلمان خان کی منہ بولی بہنوں فرح اور صبا نے ان کو ضمانت ملنے کی خوشی منائی


07 Apr 2018, 3:44 PM

سنٹرل جیل سے آج ہی رہا ہو سکتے ہیں سلمان

کالا ہرن شکار معاملہ میں 5 سال کی سزا پائے سلمان خان جودھپور سنٹرل جیل میں قید ہیں۔ جودھپور سیشن عدالت سے ان کی درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ سیشن عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد آج ہی جیل سے رہا ہو سکتے ہیں۔ جج کے دستخط کے بعد پروانہ جودھ پور سنٹرل جیل بھیجا جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ضمانت کے کاغذات پہنچنے کے ساتھ ہی سلمان کو رہا کر دیا جائے گا۔

07 Apr 2018, 1:57 PM

درخواست ضمانت پر سماعت مکمل، فیصلہ تھوڑی دیر بعد

سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل ہو چکی ہے اور کچھ ہی دیر میں اس بات کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے کہ انہیں ضمانت ملے گی یا نہیں۔ سماعت پوری ہونے کے بعد لنچ تک کے لئے عدالت کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔

فیصلہ کے پیش نظر جودھپور سیشن کورٹ کے باہر کافی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے ہیں۔ سلمان خان کے پرستار ان کی ضمانت کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ عدالت کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔


07 Apr 2018, 11:25 AM

سلمان کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل

سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ سلمان کو ضمانت ملے گی یا نہیں اس پر فیصلہ 2 بجے کے بعد آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ سلمان خان کی طرف سے پیش ہوئے وکلاء مہیش بورا اور ہستی مل سارست نے عدالت سے ضمانت دینے کی اپیل کی وہیں سرکاری وکیل نے اس کی مخالفت کی۔

مہیش بورا نے کہا کہ سلمان کو جھوٹے معاملہ میں پھنسایا گیا ہے جبکہ ہستی مل سارسوت نے کہا کہ ان 20 سالوں میں سلمان خان نے ہمیشہ عدالت کا حترام کیا ہے۔ ہستی مل سارسوت نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی دلائل پیش کر دی ہیں اور فیصلہ لنچ کے بعد آنے کی توقع ہے۔

سیشن عدالت سے ضمانت نہ ملنے کی صورت میں سلمان خان کو مزید دو راتیں جیل میں ہی گزارنی پڑ سکتی ہیں۔ سلمان خان کے وکیل کہہ چکے ہیں کہ ضمانت نہ دی گئی تو وہ ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے لیکن کل اتوار ہے۔ اگر پیر کے روز ضمانت کی عرضی داخل کی گئی تو سلمان خان کا دو اور راتیں جیل میں رہنا یقینی ہو جائے گا۔

تاہم، معاملہ کی سماعت مکمل ہو چکی ہے، سلمان کو راحت ملے گی یا پھر انہیں ضمانت کے لئے عدالت اعلیٰ کا رخ کرنا پڑے گا یہ فیصلہ آنے کے بعد ہی معلوم چل سکے گا۔

07 Apr 2018, 11:37 AM

سلمان خان کی بہن بے عدالت میں ہوش

سلمان خان کی درخواست ضمانت پر جس وقت سماعت چل رہی تھی اچانت ان کی بہن الویرا بے ہوش ہو گئیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا نے انہیں سہارا دے کر عدالتی کمرے سے باہر نکالا۔ قبل ازیں سلمان خان کی بہنوں نے سنٹرل جیل میں جاکر سلمان خان سے ملاقات بھی کی تھی۔


07 Apr 2018, 11:11 AM

عدالت کے باہر سلمان خان کے پرستار کا ہجوم

کالا ہرن شکار معاملہ میں 5 سال کی سزا پائے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر جودھپور سیشن عدالت میں سماعت جاری ہے۔ عدالت میں ان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا موجود ہیں اور عدالت کے باہر سلمان کے پرستار بڑی تعداد میں موجود ہیں، جو سلمان خان کی شان میں کشیدے پڑھ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
07 Apr 2018, 10:38 AM

درخواست ضمانت پر سماعت شروع

تمام طرح کی خبریں سامنے آنے کے بعد جودھپور سیشن کورٹ میں آخر کار سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت شروع ہو چکی ہے۔ دراصل ضمانت عرضی پر سماعت جمعہ کے روز پوری نہیں ہوئی تھی، حالانکہ میڈیا رپورٹوں میں کہا جا رہا تھا کہ جج نے فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ جب تک ضمانت پر فیصلہ نہیں آ جائے گا سلمان خان کو جیل میں ہی رہنا ہوگا۔

سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کر رہے جج رویندر جوشی کے حوالہ سے اطلاع تھی کہ ان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم درخواست ضمانت کی سماعت وہ ہی کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران سلمان خان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا، ان کے باڈی گارڈ شیرا، ان کے وکیل مہیش بورا، سرکاری وکیل بھوانی سنگھ بھاٹی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو جودھپور کی سی جے ایم عدالت نے سلمان خان کو 20 سال پرانے کالا ہرن شکار معاملہ میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 سال قید کی سزا سنائی تھی اور 10 ہزار کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں سنٹرل جیل بھیج دیا گیا تھا۔


07 Apr 2018, 10:02 AM

کوشش کریں گے کہ آج ہی سماعت ہو: سلمان کے وکیل

کالا ہرن شکار معاملہ میں جیل میں قید سلمان خان کے وکیل مہیش بورا کا کہنا ہے کہ وہ آج ہی جج صاحب سے فیصلہ سنانے کی اپیل کریں گے اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو وہ متعلقہ عدالت میں جاکر عرضی داخل کریں گے لیکن سماعت آج ہی کرائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کا طویل انتظار نہیں کر سکتے۔

ادھر سرکاری وکیل بھوانی سنگھ بھاٹی کا کہنا ہے کہ عدالت نے پورا معاملہ سن لیا ہے۔ اب یہ جج پر منحصر ہے کہ وہ سماعت کریں یا نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سزا میں چھوٹ دینے کا معاملہ ہے کوئی معمولی ضمانت کا معاملہ نہیں۔ اس معاملہ میں چاہے تو تبادلہ کے باوجود دونوں جج سماعت کر کے فیصلہ دے سکتے ہیں۔

اس معاملہ میں ماہرین کی رائے ہے کہ چونکہ جج جوشی نے کل فیصلہ محفوظ رکھا تھا اس لئے اس بات کے امکانات زیادہ ہیں کہ وہی آج سلمان خان کی ضمانت کے سلسلہ میں فیصلہ سنائیں۔

07 Apr 2018, 8:51 AM

سلمان خان کی ضمانت پر سسپینس برقرار

راجستھان میں اچانک جمعہ کی رات 87 ججوں کا تبادلہ کردیا گیا ۔ ان ججوں میں وہ جج شامل ہیں جنہوں نے جمعہ کو سلمان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی اور فیصلہ ہفتہ کے لئے محفوظ رکھا تھا۔ سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت جج رویندر کمار جوشی کی تھی۔ ان کا تبادلہ سروہی میں کر دیا گیا ہے۔ ان کے مقام پر نئے سیشن جج چندر کمار سونگرا ہوں گے۔ ان تبادلوں سے سلمان کی درخواست ضمانت کی سماعت پر کیا اثر پڑے گا، یہ ابھی صاف نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کالا ہرن شکار معاملہ میں سلمان خان کو 5 سال کی سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ دو راتیں جودھپور سنٹرل جیل میں کاٹ چکے ہیں۔ جمعہ کے روز سماعت کے بعد سیشن جج نے آج کے لئے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ لیکن اب تبادلہ ہونے کے بعد نئے جج وہی فیصلہ سنا دیں گے یا نئے سرے سے سماعت کریں گے یہ کسی کو نہیں معلوم۔ بہرحال سلمان کی ضمانت پر سسپینس ابھی برقرار ہے۔

وہیں، عدالتی نظام کے ان تبادلوں میں ان جج کی ترقی ہوئی ہے جنہوں نے سلمان خان کو کالا ہرن شکار کے معاملے میں 5 سال کی سزا سنائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */