بالی ووڈ کے معروف فلم پروڈیوسر پہلاج نہلانی کا 76 سال کی عمر میں انتقال، طویل مدت سے تھے بیمار

پہلاج نہلانی کے انتقال کی خبر ملتے ہی پوری فلم انڈسٹری اور ان کے قریبی ساتھیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ پہلاج کی آخری رسومات 4 جون کی دوپہر 3 بجے سانتاکروز واقع شمشان گھاٹ میں ادا ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>پہلاج نہلانی، سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

بالی ووڈ کے معروف فلم پروڈیوسر اور سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے سابق چیئرمین پہلاج نہلانی کا انتقال ہو گیا ہے۔ 76 سال کی عمر میں انہوں نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے۔ انہیں ممبئی کے ویلے پارلے میں واقع ناناوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری تھا۔ چند روز قبل انہیں اسپتال سے گھر واپس لایا گیا تھا۔ اب انہوں نے اپنے گھر میں ہی آخری سانس لی۔

پہلاج نہلانی کے انتقال کی خبر ملتے ہی پوری فلم انڈسٹری اور ان کے قریبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ دراصل وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ پہلاج کی آخری رسومات 4 جون یعنی آج دوپہر 3 بجے سانتا کروز ہندو شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔


قابل ذکر ہے کہ ہندی کمرشیل فلموں میں پہلاج نہلانی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ خاص طور پر 1980 اور 1990 کی دہائی میں انہوں نے باکس آفس کی نبض کو بخوبی سمجھا اور ایک سے بڑھ کر ایک کامیاب فلمیں پیش دیں۔ انہوں نے ’الزام‘، ’آگ ہی آگ‘ اور ’شعلہ اور شبنم‘ جیسی سپرہٹ فلمیں پروڈیوس کیں۔ 1993 میں ریلیز ہونے والی گووندا اور چنکی پانڈے کی فلم ’آنکھیں‘ نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ یہ فلم اپنے دور کی سب سے بڑی بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔

گووندا سے پہلاج نہلانی کی خاص انسیت رہی۔ گووندا کی پہلی فلم ’لو 86‘ تھی، جو 1986 میں ریلیز ہوئی تھی۔ تاہم بطور مرکزی اداکار وہ ’الزام‘ میں نظر آئے تھے، جسے پہلاج نہلانی نے ہی پروڈیوس کیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر زبردست کامیاب ثابت ہوئی تھی۔


بہرحال، فلم سازی کے علاوہ پہلاج نہلانی کو ان کے اس دور کے لیے بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب وہ جنوری 2015 سے 2017 تک سینسر بورڈ (سی بی ایف سی) کے چیئرمین رہے۔ ان کا یہ دور تنازعات سے گھرا رہا۔ فلموں پر سخت سنسرشپ نافذ کرنے اور مناظر حذف کرنے پر ان کے اصرار نے قومی سطح پر سرخیاں بنائی تھیں۔ شاہد کپور کی فلم ’اڑتا پنجاب‘، ’لِپ اسٹک انڈر مائی برقعہ‘ اور ہالی ووڈ کی جیمز بانڈ سیریز کی فلم اسپیکٹر میں کٹ لگانے کے معاملے پر ان کا فلم سازوں کے ساتھ شدید اختلاف رہا تھا۔ وہ تقریباً تین دہائیوں (30 برس) تک ایسوسی ایشن آف موشن پکچر اینڈ ٹی وی پروگرام پروڈیوسرز کے صدر بھی رہے۔ انہوں نے فلم اور ٹیلی ویژن صنعت سے وابستہ پروڈیوسروں کے حقوق کے لیے طویل عرصے تک کام کیا۔ پہلاج نہلانی کا انتقال ہندی سنیما کے ایک اہم دور کے اختتام کے مترادف ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔