اداکار مشتاق خان کی آخری رسومات میں بڑے اداکاروں کی غیر موجودگی پر رضا مراد برہم
رضا مراد نے کہا کہ مشتاق خان نے کبھی کسی کی خوشامد نہیں کی، وہ صرف اپنے کام کی بنیاد پر یہاں تک پہنچے۔ اپنی بات ختم کرتے ہوئے رضا مراد نے سب کو یاد دلایا کہ پیسہ اور شہرت ہمیشہ ساتھ نہیں رہتے۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار مشتاق خان اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ 24 ستمبر کو ان کا انتقال ہو گیا تھا، اور 25 ستمبر کو ممبئی میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اب اداکار رضا مراد نے آخری رسومات میں بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کی شرکت نہ ہونے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ رضا مراد نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے مشتاق خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آخری رسومات میں بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کے شریک نہ ہونے پر سوال اٹھائے۔
رضا مراد نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی اسٹار انہیں آخری سلام پیش کرنے نہیں آیا۔ حالانکہ ان کے بہت سے ساتھی اور اداکار آئے، لیکن کوئی بڑا چہرہ نظر نہیں آیا۔ ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی صنعت کار کے بیٹے کی شادی ہوتی تو یہ اسٹار نہ صرف وہاں شرکت کرتے، بلکہ ویٹرز کی طرح مہمانوں کو کھانا بھی پیش کرتے، لیکن اس شخص کے جنازے میں کسی نے شرکت نہیں کی، جس نے اپنی زندگی کے 50 برس اس فلم انڈسٹری کو دیے ہیں۔ رضا مراد نے کسی خاص سلیبریٹی کا نام نہیں لیا، لیکن انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ کچھ اداکار مشتاق خان کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کے لیے 50 منٹ کا وقت بھی نہیں نکال سکے۔
رضا مراد نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کی خوشامد نہیں کی، وہ صرف اپنے کام کی بنیاد پر یہاں تک پہنچے ہیں۔ اپنی بات ختم کرتے ہوئے رضا مراد نے سب کو یاد دلایا کہ پیسہ اور شہرت ہمیشہ ساتھ نہیں رہتے۔ واضح رہے کہ مشتاق خان کا 24 ستمبر کو انتقال ہوا تھا۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے اسپتال میں داخل تھے اور جمعرات کے روز انہوں نے آخری سانس لی۔ وہ کینسر سے جوجھ رہے تھے۔ 25 ستمبر کو ان کے جنازے میں انو کپور، گجیندر چوہان اور رجت بیدی، جیا بھٹا چاریہ اور راج پال یادو سمیت کچھ اداکار نظر آئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
