‘سنجو’ پر سلمان خان اور رنبیر کپور آمنے سامنے

ایک طرف فلم’سنجو‘ کے ٹیزر، پوسٹرس اور ٹریلر کو چاروں طرف واہ واہی مل رہی ہے اور دوسری طرف سلمان خان نے اپنی فلم ‘ریس 3’ کے پرموشن کے دوران کچھ ایسا کہہ دیا جو رنبیر کپور کو اچھا نہیں لگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پرگتی سکسینہ

سنجے دَت کی زندگی پر مبنی فلم 'سنجو' ریلیز کے لیے تیار ہے لیکن اس فلم کے تعلق سے رنبیر کپور اور سلمان خان آمنے سامنے نظر آ رہے ہیں۔ دراصل رنبیر کپور اسٹارفلم 'سنجو' سنجے دَت کی زندگی اور اس کے نشیب و فراز کو ناظرین کے سامنے لانے کے مقصد سے بنائی گئی ہے اور اس کے پرموشن میں رنبیر کپور جی جان سے مصروف ہیں۔ اسی مقصد کے تحت انھوں نے 'فادَرس ڈے' پر ٹوئٹر لائیو میں اپنے شیدائیوں سے بات چیت بھی کی تھی۔

ایک طرف اس فلم کے ٹیزر، پوسٹرس اور ٹریلر کو چاروں طرف واہ واہی مل رہی ہے اور دوسری طرف سلمان خان نے اپنی فلم 'ریس 3' کے پرموشن کے دوران کچھ ایسا کہہ دیا جو رنبیر کپور کو اچھا نہیں لگا۔ سلمان خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا "میں سوچ رہا تھا کہ آخر کار سنجے دَت کی اداکاری کوئی دوسرا اداکار کیوں کر رہا ہے۔ آخری حصے کے 10-8 سال... کوئی دوسرا اداکار اس دور کے سنجے دَت کے کردار سے انصاف نہیں کر سکتا۔ سنجے دَت کو خود فلم کے آخری حصے میں ایکٹنگ کرنی چاہیے تھی۔" حالانکہ سلمان بھائی نے فلم ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی تعریف کرتے ہوئے انھیں 'حساس' ڈائریکٹر بتایا لیکن بھائی کی یہ صلاح رنبیر کپور کو اچھی نہیں لگی۔

جب اس سلسلے میں رنبیر سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا "ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اپنی ہی زندگی پر بنی فلم میں کسی شخص نے خود کام کیا ہو۔ ایسا کرنے سے اس کردار کا اثر ہی ختم ہو جاتا ہے۔ میں جانتا تھا کہ میرا موازنہ سنجے دَت سے کیا جائے گا اس لیے میں نے اس کردار پر بہت محنت کی ہے، چاہے وہ 20 سال کے سنجے ہوں یا 40 سال کے، ناظرین کو لگنا چاہیے کہ وہ سنجے دَت کا کردار نبھاتے ہوئے ایک اداکار کو دیکھ رہے ہیں۔ یہ بھی بات مناسب ہے کہ میں دوسرا سنجے دَت نہیں بن سکتا۔"

سلمان-رنبیر کی اس نوک جھونک کے درمیان عید کے موقع پر آئی سلمان کی فلم 'ریس 3' نے باکس آفس پر تو کافی بزنس کیا لیکن فلم کو اتنے خراب ریویوز ملے کہ سوشل میڈیا پر بھی فلم کا اچھا خاصا مذاق بن گیا۔ کچھ بھی ہو، بھائی کے فینس نے آخر کار بھائی کو مایوس نہیں کیا اور بھائی نے بے کار فلم سے بھی کمائی کر لی۔

اُدھر 'سنجو' کے ٹریلر، پوسٹر اور ٹیزر کو سوشل میڈیا پر ہی نہیں بلکہ فلم پنڈتوں سے بھی تعریف مل رہی ہے۔ یہاں تک کہ سنجے دَت کی بہن پریہ دَت نے 'مڈ ڈے' کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ "حالانکہ کوئی بھی 100 فیصد سنجے دَت کی نقل نہیں کر سکتا لیکن رنبیر کپور نے جس طرح سے یہ کردار نبھایا ہے وہ بہت اچھا لگا۔"

حالانکہ رنبیر کپورکی گزشتہ کچھ فلموں نے اچھا کاروبار نہیں کیا، لیکن بطور اداکار انھوں نے اپنی پہچان بنائی ہوئی ہے اور انھیں 'سنجیو' سے بہت امیدیں بھی وابستہ ہیں۔ جب کہ سلمان خان گزشتہ فلموں میں اپنے فینس کے دَم پر ہی کمائی کر پائے ہیں ورنہ ان کی فلموں میں نہ تو اچھی اسکرپٹ دیکھنے کو ملی نہ ہی ان کی اداکاری۔ راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بنی 'سنجو' 29 جون کو ریلیز ہونے والی ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ اس کی پرواز آسمان میں کتنی اونچائی تک ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔