مشہور کمیڈین بھارتی سنگھ کی رہائش پر این سی بی کا چھاپہ

این سی بی ذرائع کے مطابق بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا پر ممنوعہ منشیات کے استعمال کا الزام ہے۔ اسٹیج پر کمیڈین کے طور پر سب کو لطف اندوز کرنے والی بھارتی سنگھ کپل شرما کے شو کا حصہ ہیں۔

کمیڈین بھارتی سنگھ / تصویر آئی اے این ایس
کمیڈین بھارتی سنگھ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: انسداد منشیات ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے مشہور کمیڈین اور اسٹیج اداکارہ بھارتی سنگھ اور ہرش لنباچیا کی ممبئی واقع رہائش پر ہفتہ کی صبح چھاپہ ماری کی ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا پر ممنوعہ منشیات کے استعمال کا الزام ہے۔ اسٹیج پر کمیڈین کے طور پر سب کو لطف اندوز کرنے والی بھارتی سنگھ کپل شرما کے شو کا حصہ ہیں۔

این سی بی نے یہ چھاپہ ماری ایسے وقت میں کی ہے جب این سی بی میں فلم اور انٹرٹینمنٹ کی صنعت میں منشیات کے مبینہ استعمال کے حولہ سے تفتیش کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے۔ یہ تفتیش معروف بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد شروع ہوئی تھی۔ این سی بی نے حال ہی میں ارجن رامپال کی رہائش پر بھی چھاپہ ماری کی تھی اور منشیات کے سلسلہ میں ان سے طویل پوچھ گچھ کی گئی تھی۔


سوشانت سنگھ راجپوت کے مبینہ طور پر خود کشی کرلینے کے بعد اس معاملہ میں این سی بی کی آمد ہوئی تھی اور متعدد بالی ووڈ کے اداکار و اداکارہ تفتیش کی زد میں آ گئے۔ سب سے پہلے ریاچکرورتی اور ان کے بھائی شووک چکرورتی کو این سی بی نے حراست میں لیا تھا۔ ریا اس کے بعد جیل چلی گئی تھیں اور تقریباً ایک مہینے بعد انہیں ضمانت ملی۔ اس کے علاوہ دیپیکا پادوکون، رکول پریت سنگھ اور سارہ علی خان سمیت متعدد مشہور اداکاراؤں کو بھی این سی بی نے سمن بھیجا تھا اور ان سے پوچھ گچھ بھی کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اداکار سوشانت سنگھ رجپوت 14 جون کو باندرا میں واقع اپنے فلیٹ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کے مداحوں میں ان کی موت کی وجہ سے کافی غم و غصہ پایا گیا جس کے بعد اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے ہاتھ میں سونپ دی گئی۔ دریں اثنا، این سی بی کی طرف سے بھی منشیات کے زاویہ سے اس معاملہ میں تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔